جناح سے معذرت کے ساتھ


سلام مسنون!
اے میرے عظیم قائد

سب سے پہلے تو میں آپ کو آپ کی سالگرہ کے دن مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ آپ کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں۔ برصغیر پاک و ہند کے غلام مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے اصول کے لیے آپ کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ نے اس کی آزادی کے لیے اپنی صحت کی بھی پرواہ نہ کی۔ اپنی وکالت کے پیشے کو بھی تحریک پاکستان کے لیے خیر آباد کہہ دیا۔ اپنی جمع پونجی اور تمام جائیداد اس کے لیے وقف کر دی۔

آپ واقعی اس وطن کے لیے انتہائی مخلص تھے۔ یہاں تک کہ اپنی نجی اور گھریلو زندگی کو بھی قربان کر دیا۔ ایک لمبی فہرست ہے آپ کی قربانیوں کی۔ کیا کیا گنوائیں؟ مختصراً آپ نے اپنا تن، من، دھن سب قربان کر دیا۔ آزادی کے مبہم خواب کو حقیقت کا روپ اور تعبیر کے حصول کے لیے آپ کا کلیدی کردار ناقابل فراموش ہے۔ اپنا سب کچھ کھو کر آپ اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئے اور جنگ و جدل کے بغیر دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت یعنی پاکستان دنیا کے نقشے پر معرض وجود میں لے آئے۔ یہ آپ کا ایک عظیم ترین کارنامہ ہے۔

اے قائد اعظم

کاش آپ چند سال مزید زندہ رہ جاتے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اس مملکت خداداد کو بہت آگے لے جاتے۔ خوشحال بناتے۔ معاشی طور پر مضبوط کرتے۔ یہاں قانون کی حکمرانی قائم کرتے۔ مذہبی آزادی کو یقینی بناتے اور میرا ایمان ہے کہ ان اقدامات کے بدلے میں یہ ملک دنیا میں عزت و احترام کا مقام حاصل کر جاتا

تاہم اے میرے قائد!

مجھے ندامت اور شرمندگی ہے کہ میں آج آپ سے مخاطب ہوں اور آپ کے افکار و خوابوں کے مطابق آپ کا یہ ملک وہاں نہیں ہے جہاں اسے ہونا چاہیے تھا۔ جو خواب آپ نے دیکھا تھا آج اس کی تعبیر کی تصویر دیکھ کر آپ یقیناً خوش نہ ہوتے بلکہ ناراضگی کا اظہار کرتے۔ مجھے افسوس ہے کہ میرے سمیت ہم سب اس جنت نظیر ملک کو اس منزل تک نہیں پہنچا سکے جس کا آپ نے سوچا تھا۔

اے میرے قائد!

پھر بھی آپ پریشان نہ ہوں۔ آپ نے اس ملک کی بنیاد لا الہ الا اللہ پر رکھی تھی اور وہی اللہ اسے قائم اور دائم رکھے گا۔ مجھے یقین ہے کہ وہی اسے تا ابد آباد رکھے گا۔ اس ملک کے نوجوان انتہائی ذہین اور محنتی ہیں۔ وہ نوجوان جن پر آپ بہت بھروسا کیا کرتے تھے۔ آپ ان نوجوانوں کو اس ملک کے مستقبل کا معمار کہتے تھے اور جو آپ کی جدوجہد آزادی کے قافلے کی ہراول دستے تھے۔

اے قائد!
وہی نوجوان اس ملک کو آگے لے کر جائیں گے اور آپ کے خوابوں کی تعبیر کا پاکستان ضرور بنائیں گے۔
آج آپ کا جنم دن ہے اس لیے میں ایک دفعہ پھر آپ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

آخر میں آپ کو یہ جان کر انتہائی خوشی ہوگی کہ آپ کے جنم دن کے موقع پر پوری قوم بہت خوش ہے۔ ہم نے بھی اپنے سکول میں تحریری، تقریری اور تصویریں مقابلہ جات کا انعقاد کر رکھا ہے۔

میں معذرت چاہتا ہوں کہ میں نے آپ کے آرام میں خلل ڈالا۔ آپ یقیناً اس وقت استراحت فرما رہے ہوں گے۔ مجھے بھی آپ کی سالگرہ کا کیک کاٹنا ہے۔ آپ کی خدمت میں ایک ادنیٰ سا ہدیہ پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہوں۔ قبول کیجئے گا۔

اچھا اللہ حافظ
والسلام
ایک عام پاکستانی
کچا راوی روڈ
آزادی چوک
نزد
مینار پاکستان لاہور
ہدیہ بخدمت
قائد اعظم محمد علی جناح
ہے میر کارواں، قائد اعظم
ہمارے ہیں پاسباں، قائد اعظم
ہیں عزم و ہمت کی داستاں
جرآت کا نشاں، قائد اعظم
عظمتوں کی کہکشاں، قائد اعظم
رفعتوں کا آسماں، قائد اعظم
یہ وطن ہے امانت تیری
تیرا ہے احساں، قائد اعظم
ھم اسے عظیم تر بنائیں گے
یہ ہے عہد و پیماں، قائد اعظم

Facebook Comments HS

اسلم بھٹی

اسلم بھٹی ایک کہنہ مشق صحافی اور مصنف ہیں۔ آپ کا سفر نامہ ’’دیار ِمحبت میں‘‘ چھپ چکا ہے۔ اس کے علاوہ کالم، مضامین، خاکے اور فیچر تواتر سے قومی اخبارات اور میگزین اور جرائد میں چھپتے رہتے ہیں۔ آپ بہت سی تنظیموں کے متحرک رکن اور فلاحی اور سماجی کاموں میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

aslam-bhatti has 45 posts and counting.See all posts by aslam-bhatti