نئے سال کی خوشیاں 2024

پچھلے دنوں ایک دلچسپ خاکہ دیکھنے کوملا جس میں ایک طرف کچھ لوگ پر جوش طریقے سے جشن منا رہے ہیں اور ہلہ گلہ کرتے نظر آرہے ہیں اور دوسری طرف دو ایلیین (خلائی مخلوق ) ایک دوسرے سے مکالمہ کر رہے ہیں۔ ایک پوچھتا ہے کہ اس سیارے کی یہ مخلوق کس بات کی خوشی منا رہی ہے، دوسرا ایلیین جواب میں کہتا ہے کہ میری معلومات کے مطابق ان کے سیارے نے سورج کے گرد ایک چکر مکمل کیا ہے جس کا یہ جشن منا رہے ہیں۔
نئے سال کے آغاز پر پاکستان میں ملے جلے رجحانات پائے جاتے ہیں۔ جہاں زیادہ تر افراد ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتے ہیں وہیں کچھ لوگ اس موقع پر خاموشی اختیار کرنا ہی مناسب سمجھتے ہیں۔ آج صبح ایک دوست کی پوسٹ پڑھی جس میں لکھا تھا، خوشی کس بات کی عمر کا ایک سال کم ہو گیا۔ ایک اور پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ مسلمان کو اس موقع پر نئے سال کی مبارکباد نہیں دینی چاہیے یہ اسلامی سال نہیں ہے۔
نئے سال کے موقع مبارکباد دینا یہ نہ دینا ضروری نہیں لیکن کچھ تحقیق کرنا اور بنیادی معلومات ہونا ضروری ہیں۔
ستاروں و سیاروں کی گردش اور اس کی مدد سے وقت کا تعین کرنے کا عمل صدیوں سے جاری ہے اور اس عمل کو سائنس اور تحقیق کے تحت ہی پرکھا جانا چاہیے۔ کائنات کا یہ نظام اربوں سالوں سے منفرد قاعدے و قوانین کے تحت چلا آ رہا ہے اور انسان نے وقت کی تعین کے لئے مختلف ادوار میں مختلف طریقے وضع کیے اور اپنی سہولت کے لئے کیلنڈر بنا لیے۔ ہر کیلنڈر خلا میں موجود مخصوص سیاروں اور ستاروں کی گردش کے سلسلے اور سائیکلز کے مطابق وقت کا تعین کرتا ہے۔
بنیادی طور پر دنیا میں استعمال ہونے والے کیلنڈروں میں ایک زمین کی سورج کے گرد گردش کو ریکارڈ کرتے ہوئے وقت کا تعین کرتا ہے (شمسی سال) اور دوسرا چاند کی زمین کے گرد گردش اور اس دوران چاند کے مختلف مراحل کو ریکارڈ کرتا ہے (قمری سال) ۔
دنیا میں رائج مختلف کیلنڈر یا تو شمسی گردش کی کیلکولیشن پر بنے ہیں یا پھر قمری گردش کی بنیاد پر۔
ہمارا اسلامی کیلنڈر کہلوانے والا ہجری کیلنڈر قمری گردش پر انحصار کرتا ہے جبکہ دیگر مغربی ممالک اور عیسائی مذہب کے ماننے والوں کی اکثریت ہے، شمسی گردش کی بنا پر رائج کیلنڈر استعمال کرتے ہیں جن میں کثیر تعداد گریگورین کیلنڈر پر انحصار کرتی ہے۔
عمومی طور پر شمسی کیلنڈر بارہ ماہ پر اور 365 دنوں پر محیط ہوتا ہے جبکہ قمری کیلنڈر بارہ ماہ اور 354 دنوں پر محیط ہوتا ہے دونوں کیلنڈروں کے مطابق شمسی سال اور قمری سال میں گیارہ دن کا فرق ہے۔ ہر تینتیس سال کے بعد یہ فرق ایک سال کے برابر ہوجاتا ہے اس وقت ہم شمسی سال کے مطابق ہم 2024 اور قمری سال کے مطابق 1445 میں زندہ ہیں۔
یہ تحریر صرف اور صرف نوجوانوں خصوصی طور پر طلباء میں سائنسی علوم میں دلچسپی اور تحقیق کے رجحان کو فروغ دینے کے مقصد کے لئے لکھی گئی ہے۔
نیا سال شمسی سال مبارک


Very well narrated. Good read!