چائنیز ریسٹورنٹ کی نئی ڈیکوریشن


میرے گھر کے پاس ایک چھوٹا سا چائنیز ریسٹورنٹ ہے، جو بنیادی طور پر ٹیک اوے کے طور پر چلتا ہے، کبھی کبھار میں وہاں سے کھانا آرڈر کر کے پک کرتا ہوں، اکثر ریسٹورنٹ کے اندر کھانا اٹھانے کے لیے پانچ سے 10 منٹ انتظار کرنا پڑتا ہے، یہ سلسلہ گزشتہ آٹھ سال سے چل رہا ہے۔

کل میں نے کھانا آرڈر کیا، جب وہاں پہنچا تو چائنیز اونر نے ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں 10 منٹ انتظار کرنے کو کہا، میں نے اوکے کہہ کر جب اس کے ریسٹورنٹ کو دیکھا تو مجھے یوں محسوس ہوا کہ یہ کوئی اور ہی ریسٹورنٹ ہے۔

کیا میں اسی ریسٹورنٹ پہ گزشتہ کئی سالوں سے آ رہا تھا؟ ہر طرف خوبصورت تازہ پودے سجے تھے، ٹیبلوں کے بیچ لمبی لمبی پتلی کیاریاں بنا کر خوبصورت ہری ہری بیلیں عجیب سی تازگی کا احساس دے رہی تھیں، دیواروں پر چین کے خوبصورت ہرے بھرے کھیتوں کے پورٹریٹ سجے تھے، میں نے ایک ایک پورٹریٹ کو غور سے دیکھا، چینی کسان عورتیں اور مرد گول گول ہیٹ پہن کر بیج بو رہے تھے یا کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔

چین کے یہ خوبصورت پہاڑی فارمز چند لمحوں کے لیے مجھے کسی اور ہی دنیا میں لے گئے، بیک گراؤنڈ میں ہلکا ہلکا چائنیز فوک میوزک بجنے لگا، چینی کسانوں کی کہاوتیں ذہن پر اترنا شروع ہو گئیں، مثلاً

۔ کنواں کھودنا شروع کرو اس سے پہلے کہ تمہیں پیاس لگے،

۔ اگر تم ایک سال کی پلاننگ کر رہے ہو تو چاول اگاؤ، اگر 10 سال کی پلاننگ کر رہے ہو تو درخت اگاؤ اور اگر زندگی بھر کی منصوبہ بندی کر رہے ہو تو اپنے لوگوں کو تعلیم دو۔

اس دوران اونر (جو خود شیف بھی ہے ) نے چولہے پر رکھی کڑھائی میں کچھ ڈالا تو سرڑ کی آواز سے میں اس کی طرف متوجہ ہوا، کاؤنٹر کے پیچھے آدھا ریسٹورنٹ اس کے کچن پر مشتمل تھا جو مکمل طور پر دیکھا جا سکتا تھا، جہاں دونوں باپ بیٹا متعدد چولہوں پر رکھے برتنوں میں کچھ نہ کچھ ڈال کر تیزی سے چمچ ہلا رہے تھے، باپ (اونر) بیچ بیچ میں بیٹے کو انسٹرکشن بھی دے رہا تھا جیسے کہ اسے ٹرینڈ کر رہا ہو۔

میں نے غور سے اونر کو دیکھا، اس کے چہرے کی جھریاں، باڈی لینگویج اور کاؤنٹر سے لے کر کچن تک کے معاملات کو انتہائی آسانی سے نمٹانا، اس کے تجربے اور کام پر عبور کا عکاس تھا، وہ چینی پورٹریٹس میں کام کرتے کرداروں میں سے ایک محسوس ہو رہا تھا۔

کہیں اس نے اپنے بڑوں کی تصویریں ہی نہ لگا رکھی ہوں؟ شاید نہیں، ایک تو یہ تمام چینی ایک ہی طرح کے دکھائی دیتے ہیں۔

دس منٹ، سیکنڈز میں گزر گئے، کھانا وصول کرتے ہوئے میں نے چینی اونر کی ایستھیٹک سینس کی تعریف اور نئی ڈیکوریشن پر مبارکباد دی۔

وہ بولا، یہ ڈیکوریشن نئی نہیں ہے بلکہ ہمیشہ سے ایسے ہی ہے۔
تب مجھے احساس ہوا کہ میں ریسٹورنٹ میں گھستے وقت اپنا سیل فون گاڑی میں ہی بھولا آیا تھا۔

Facebook Comments HS