برونائی کے مقبول شہزادے عبد المتين کی شادی: پانچ ہزار مہمان اور رولز روئس میں بارات
برونائی کے ’ہینڈسم‘ شہزادہ عبد المتين اکثر اپنی تصاویر اور فوجی سروس کو لے کر انٹرنیٹ پر مقبول رہتے ہیں۔ حال ہی میں 10 دنوں پر محیط ایک تقریب میں ان کی شادی ایک ایسی خاتون سے ہوئی جن کا تعلق کسی شاہی خاندان سے نہیں۔
دسمبر میں شہزادے نے انیشا روسنا سے اپنے تعلقات اور منگنی کے بارے میں بتایا تھا۔
اس اعلان نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا۔ شہزادہ عبد المتين کو ایشیا کے سب سے پرکشش کنوارے مردوں کی فہرست میں شمار کیا جاتا تھا۔
ان کی دلہن برونائی کے سلطان حسن البلقیہ کے مشیر کی نواسی ہیں۔ اطلاعات یہ ہیں کہ انیشا روسنا کی اپنی فیشن اور سیاحت کی کمپنی ہے۔
32 سالہ شہزادہ عبد المتين رسمی یونیفارم میں ملبوس تھے اور ان کی 29 سالہ دلہن نے استانہ نورالایمان محل میں ہونے والی تقریب کے لیے لمبا سفید لباس اور زیورات پہن رکھے تھے۔
شادی کے 5000 مہمانوں میں سعودی عرب اور اردن کے شاہی خاندان کے علاوہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو اور فلپائن کے رہنما فرڈینینڈ مارکوس جونیئر شامل تھے۔
جب شاندار شاہی جلوس دارالحکومت بندر سیری بیگوان سے گزرا تو نئے شادی شدہ جوڑا رولز روئس گاڑی سے ہزاروں لوگوں کو ہاتھ ہلاتے ہوئے پہلی بار منظرعام پر آیا۔
ایک سکول ٹیچر نورلیہا محمد نے خبر ساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ زندگی میں ایسے مواقع نہیں ملتے جب آپ اپنی آنکھوں سے شاہی جوڑے کو دیکھ سکیں۔
شہزادہ عبدالمتین کے انسٹاگرام پر 2.5 ملین فالوورز اور ٹک ٹاک پر ہزاروں فالورز ہیں۔
جب نئے سال کے ابتدا پر شہزادے نے اپنی ہونے والی دلہن کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر لگائی تو ان کے کچھ مداح یہ دیکھ کر مایوس ہوئے۔
ایک فالوور نے لکھا ’2024 کا آغاز ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ ہوا۔‘ ایک اور فالور نے مزاح میں شہزادے کو ’عالمی سطح پر دلوں کو توڑنے والا‘ کہا۔ بہت ساروں نے ان کی شادی کی خبر پر خوشی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر ان کی دیگر پوسٹوں میں شہزادے کو خصوصی تقریبات یا باہر گھومتے پھرتے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے کمنٹس میں بہت سارے دل کے ایموجیز اور تعریفیں ملتی ہیں۔
بدھ کو مقامی ٹی وی سٹیشنز نے شاہی شادی کی کچھ تقریبات کے مناظر لوگوں تک پہنچائے۔
شہزادہ عبدالمتین برونائی کے سلطان کی 10ویں اولاد ہیں اور یہ شاہی خاندان دنیا کے سب سے امیر اور قدیم خاندانوں میں سے ایک ہے۔
شہزادہ عبدالمتین تخت پر فوری جانشینی کے دعوے دار نہیں ہیں لیکن ان کی شخصیت کو بہت مقبولیت حاصل ہے۔
انٹرنیٹ پر شہزادے کی شاہی تقریبات میں، پولو کھیلتے ہوئے اور اپنی وردی میں ایڈٹ کی گئی ویڈیوز بہت زیادہ ملتی ہیں۔
شادی کی ابتدا سات جنوری کو ہوئی اور اس کا عروج اتوار کو ہونے والی بڑی تقریب تھی۔
ان کا نکاح بدھ کو ہوا تھا۔ اس میں سلطان اور شہزادے سمیت صرف خاندانوں کے مرد افراد تھے۔
بدھ کے روز جب شاہی خاندان کا جلوس نکاح کی تقریب کے لیے عمر علی سیف الدین مسجد کی جانب نکلا تو لوگوں کو دارالحکومت کی سڑکوں پر قطار میں کھڑے دکھایا گیا۔
اس موقع ہر شہزادہ متین نے روایتی سفید لباس اور ہیڈ پیس پہنا تھا جس میں ہیرے کی شکل کا پرنٹ تھا۔ امام کے نکاح پڑھانے کے بعد شہزادہ احتراماً اپنے والد کے سامنے جھکا۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).