پاکستان کا خبرنامہ 2050
ناظرین آپ دیکھ رہے ہیں آکسیجن نیوز، سب سے پہلے ہیڈلائنز!
(1)
الیکشن کے میدان سے بڑی خبر! آرمڈ روبوٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ
روبوٹکس کی کسی ایک مشینری پر پابندی لگا کے حالیہ الیکشن کو متنازعہ نہیں بنا سکتے۔ تحقیقات کر رہے کہ الیکشن کمیشن کو ایسے روبوٹ پر پابندی لگانے کے حوالے سے کی جانے والی میل کا تعلق کہیں امریکی ٹرانسفارمرز سے تو نہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان
روبوٹکس الائنس پاکستان کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔
کہا فیصلے سے غیر یقینی کی صورتحال ختم ہوگی اور آرمڈ روبوٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔ مصطفٰی کمال
(2)
نواز شریف کے ”کلون“ کی جانب سے الیکشن لڑنے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر
نا اہل شخص کے کلون کا کسی بھی صورت بھروسا نہیں کیا جا سکتا۔ قوم کو صرف صادق اور امین کی ضرورت ہے بھلے وہ روبوٹ ہی کیوں نہ ہو۔ درخواست گزار کا موقف
یاد رہے مسلم لیگ (م) نے حالیہ الیکشن میں نواز شریف کے بی گیٹری کلون کو لاہور سے الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کیا تھا۔
مریم نواز کا درخواست گزار پر ہتک عزت کا دعوٰی، 90 ارب شٹ کوائن ادا کرے یا معافی مانگے۔ مریم نواز
عدالت میں پیش کی جانے والی درخواست کے متن سے کلون کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مریم نواز
(3)
قوم کو تازہ آکسیجن فراہم کرنے کی باتیں کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، کیا وہ تاریخ بھول گئے ہیں۔
ٹری سونامی معاہدہ آج بھی ایسے لیڈروں کی تاریخ پر ایک دھبہ ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا بیان
تبدیلی کی باتیں کرنے والے کہاں گئے، شٹ کوائن کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ قائم سلی شاہ
حکومت نے کہا تھا کہ دو سالوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو گا لیکن آج فوراً مارکیٹ کھڑی ہے اور ہم بیٹھے ہیں۔ وینٹی لیٹر لگائے قائم سلی شاہ کی ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس۔ کہا کہ اس سے بہتر حالات تو 100 سال پہلے تھے جب روپے کی قدر مستحکم تھی اور لوگ خوشحال تھے۔ قائم سلی شاہ
(4)
سندھ پیپلز پارٹی کا روبوٹ بھٹو (آر، ٹی، کے یعنی ”روٹی، کپڑا اور مکان“ ) 7.1 کو حلقہ میر پور سے الیکشن لڑوانے کا فیصلہ
رہنما پارٹی آصف زرداری روبوٹ بھٹو کا ہاتھ اٹھا کر جیالوں کے نعروں کا جواب۔
” کل بھی بھٹو زندہ تھا۔ آج بھی بھٹو زندہ ہے۔“
اسٹیج پر کھڑے بھٹو روبو کی چمکتی آنکھوں کو دیکھ کر بلاول زرداری آبدیدہ۔
کہا بھٹو 7.1 کے منہ سے روٹی، کپڑا اور مکان کی باتیں سن کر نانا یاد آ گئے۔ بلاول زرداری
(5)
مریخ پر موجود فلیٹ کی رسیدیں کسی کے پاس نہیں ہیں، مریم کہتی ہے فلیٹ ابو نے 2018 ء میں بطور تحفہ دیے تھے۔
ایمپائر صاحب یہ کیسا خاندان ہے جنہوں نے کمایا کچھ نہیں، صرف تحفوں سے بنایا ہے۔ عمران خان
(6)
لاہور میں اڑتی گاڑیوں کے لیے بنائے جانے والے فلائی اوورز میں کرپشن کے ثبوت جلد عدالت کو فراہم کیے جائیں گے جتنا ملک کو لوٹا گیا ہے سب واپس لایا جائے گا۔ تحریک جناب عمران خان
عدالت مریخ بنکوں کی تحقیقات کروائے، سب ہوا کی ہوا اور آکسیجن کی آکسیجن ہو جائے گی۔ عمران خان
(7)
جس مرضی میگاٹرز کا روبوٹ آ جائے الیکشن میں جیت مسلم لیگ شہباز کی ہی ہوگی۔ صدر شہباز شریف
ان روبوٹوں کو ایک ایک کر کے سڑکوں پر نہ گھسیٹا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔
الیکشن جیت کر عوام کو زمین سے مریخ تک ہائی وے تعمیر کر کے دیں گے جس سے دوریاں ختم ہو گی۔ شہباز شریف
(8)
کالا باغ ڈیم ہماری لاشوں پر بنے گا۔ روبوٹ مار ولی
یہاں پینے کو پانی نہیں ہے اور یہ باقی ماندہ پانی بھی ذخیرہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے لوگ کسی دوسرے سیارے پر دفع ہو جائیں۔ مار ولی
(9)
مادام تساؤ میوزیم سے مجسمے مریخ پر شفٹ کرنے کے دوران امریکی صدر کے مجسمے کو نقصان
دایاں کان ٹوٹ کر گر گیا۔ میوزیم ذرائع
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا کان لگوانے کے لیے مجسمہ کو شمالی کوریا کے ریسرچ سنٹر بھیجا جائے گا جہاں ہو سکتا ہے کان کو یورینیم جیسی مضبوط دھات سے بھرا جا سکے۔
اب خبر کچھ کرکٹ ورلڈ کپ کی:
پاکستان کو پہلے سیمی فائنل میں روایتی حریف افغانستان کا سامنا۔
ہیڈ کوچ زیمی بھائی کہتے ہیں کہ لڑکے فٹ ہیں، امید ہے اچھا کھیل پیش کریں گے۔
دوسرے مقابلے میں انڈیا اور چائنہ کی ٹیمیں آمنے سامنے۔
پہلا سیمی فائنل دن تین بجے جبکہ دوسرا شام چھے بجے ہولو گرام لنک کے ذریعے مریخ کے لالا اسٹیڈیم سے لائیو دکھایا جائے گا۔
مزید خبروں کے لیے اپنا انٹرنیٹ کنکشن آن رکھیں۔ ملتے ہیں ایک چھوٹی سی بریک کے بعد ۔


