الیکشن 2024

آج ووٹ ڈالنے گئی تو نجانے کیوں دل بھر سا آیا۔ پولنگ اسٹیشن پر لوگوں کو ہجوم، قطاروں میں کھڑے نوجوان، بزرگ، عورتیں اور معذور۔ ہر کوئی تو وہاں موجود تھا۔ ہر کوئی اپنا ووٹ دینے آیا تھا۔ ہم نے بھی اپنا ووٹ دیا۔ اور بسم اللہ پڑھ کر ٹھپا لگایا اور اللہ کا نام لے کر اسے باکس میں ڈالا۔
ووٹ۔ ایک ایسی طاقت جس سے آپ اپنا حکمران چنتے ہیں۔ ووٹ طے کرتا ہے کہ کسے اقتدار میں آنا چاہیے۔ دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کسے زیب دیتی ہے؟ کون ہے وہ جو پاکستان کے لیے بات کر سکتا ہے؟
کون ہے وہ جو پاکستان کے لیے سوچتا ہے؟ کون ہے وہ جسے مر کر اللہ کو جواب دینے کا خوف ہر وقت دامن گیر رہتا ہے۔ کون ہے وہ جسے ہم اپنے ملک کی باگ ڈور پکڑانا چاہتے ہیں۔ کون ہے وہ جو ہم پاکستانیوں کو دنیا بھر میں وہ مقام دلوائے جس کے ہم مستحق ہیں۔
یقیناً آپ سب نے ووٹ ڈالنے سے پہلے اچھی طرح جانچ پڑتال کرلی ہے۔ جب ملک کی سالمیت کی بات آئے تو ہر ایک کو سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانا چاہیے اور اپنے ذاتی مفادات یا ذاتی پسند نا پسند کو چھوڑ کر صرف ایسے انسان کو چننا ہے جسے آپ اپنے وطن کے لیے بہترین مانتے ہیں۔
ہم میں سے کوئی بھی اپنا لیڈر چننے میں غلط نہیں ہوتا۔ یہاں پر انگریزی ہندسے چھ اور نو والی مثال صادق آتی ہے کسی کو نو نظر آ رہا ہے تو اس کے سامنے کھڑے انسان کو وہی ہندسہ چھ نظر آ رہا ہے۔ دونوں بالکل ٹھیک ہیں بس ان کے دیکھنے کا نظریہ مختلف ہے۔
تو ایک دوسرے کے انتخاب کا احترام کیجیے۔ اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا کہ ہمارے لیے کیا اچھا ہے اور کیا برا۔ ہمیں بس وہیں تک نظر آتا ہے جہاں تک ہم دیکھ سکتے ہیں لیکن اللہ کا کینوس وسیع ترین ہے۔ وہی ہے جو ہر چیز پر قادر ہے اور وہی ہے جو غیب کا علم رکھتا ہے۔
اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے بعد آپ نے اپنا فرض پورا کیا۔ اللہ سے دعا ہے کہ ووٹ گننے والے اور اس کے بعد کے تمام مراحل جن کے ذمے ہیں وہ بھی ایمانداری سے اپنا کام کریں۔ آمین
جیسے اسکول میں اسپورٹس ڈے پر یا کسی بھی مقابلے کے اہتمام پر ہماری پرنسپل کہا کرتی تھیں کہ May the best person win اسی طرح اللہ سے دعا ہے کہ بہترین حکمران کو حکومت کرنے کا موقع ملے اور عوام جن حالات سے گزر رہی ہے کہ جس میں گیس، بجلی اور پانی جیسی بنیادی ضروریات بھی اب عیاشی کے زمرے میں آنے لگی ہیں، اس صورتحال میں بہتری آئے۔
یا اللہ! ہمارے ملک پر رحم فرما
ہمیں ایسے حکمران عطا فرما جو بالکل بھی ظالم نہ ہوں اور ہم پر رحم کریں۔ آمین

