انسانی زندگی میں رابطہ کاری کی اہمیت
انسانی زندگی میں گفتگو اور رابطہ کاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ رابطہ کاری کی تاریخ انسانی تاریخ کے جتنی ہی پرانی ہے۔ کیوں کہ ہر دور میں انسان کو اپنے جذبات، خیالات، احساسات اور معلومات بانٹنے کے لیے اس کی ضرورت رہی ہے۔ اور اس کے لیے مختلف ادوار میں اس نے مختلف طریقے اختیار کیے۔ ماہرین کے مطابق تقریباً 30,000 قبل مسیح، انسان نے پہلی بار اظہار کے لیے ایک تصویر یا علامت کا سہارا لیا۔
جوں جوں انسانی معاشرہ ترقی کرتا گیا اس کے ساتھ ساتھ انسان نے ہر دور کے مطابق نئے علوم سیکھے اور ان کو بروئے کار لاتے ہوئے کئی نئی چیزیں ایجاد کیں۔ جس سے نہ صرف انسانی رہن سہن میں بہتری آئی بلکہ یہ چیزیں آنے والے دور میں ترقی کے ایک نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوئیں۔ اور پہلی بار ایک غار میں کی جانے والی مصوری سے شروع ہونے والا سلسلہ مختلف ادوار میں ترقی کی منازل طے کرتا ہوا، انسانی تاریخ کے پہلے حروف تہجی، کاغذ، پرنٹنگ پریس، تار، ریڈیو، ٹیلی ویژن سے ہوتا ہوا آج انٹرنیٹ اور سمارٹ فون جیسی ایجادات تک آ پہنچا ہے۔
آج کی مصروف اور تیز ترین دنیا میں کچھ عرصہ قبل ہونے والے روایتی ذرائع مواصلات کسی حد تک پس منظر میں چلے گئے ہیں اور ان کی جگہ مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے لے لی ہے۔ انہی ویب سائٹ میں سے ایک ایکس (پہلے ٹویٹر) بھی ہے۔ اس پلیٹ فارم کو آپ اپنی رائے، خبر، تشہیر یا دوسرے لوگوں سے رابطے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اپنے رجحان کے مطابق کسی بھی شخص، ادارے، تنظیم یا برانڈ کو فالو کر کے ان کی طرف سے کی گئی تازہ ترین پوسٹوں کو دیکھ سکتے ہیں اور ان سے باخبر رہ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مخصوص نشان # (ہیش ٹیگ) اور @ (مینشن) استعمال کر کے آپ کسی قومی یا بین الاقوامی مباحثے، بات چیت یا ایونٹ کا حصہ بن سکتے ہیں اور اس پلیٹ فارم پر موجود 45 کروڑ سے زائد صارفین تک اپنی بات پہنچا سکتے ہیں۔ ان دو نشانات کا تفصیلی استعمال درج ذیل طریقے سے ہوتا ہے۔
# Hashtag
اس نشان کا استعمال آپ کسی بھی موضوع پر بات چیت میں شامل ہونے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ جب آپ X پر کسی لفظ کے ساتھ # کا نشان استعمال کرتے ہیں تو وہ اس موضوع پر کی جانے والی تمام پوسٹوں کا حصہ بن جاتا ہے اور اگر کوئی صارف اس ہیش ٹیگ پر کلک کرتا ہے تو اس سے متعلق کی گئیں تمام پوسٹیں اس کے سامنے آ جاتی ہیں۔ جیسے مثال کے طور پر ملک میں عام انتخابات کی نسبت سے آج کل #PakistanElection 2024 کا ہیش ٹیگ استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ ہیش ٹیگ باقاعدہ جاری کیے جاتے ہیں اور ان کی ترتیب یا حروف کو بتائے گئے طریقے سے استعمال نہ کرنے کی صورت میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ اس نشان کو استعمال کرتے وقت الفاظ کو جدا کرنے کے لیے صرف Underscore (۔ ) کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
@ Mention
جب آپ X پر موجود کسی صارف کا تذکرہ کرنا چاہتے ہوں یا ان کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانا چاہتے ہوں تو اس کے لیے @ اس نشان کے بعد اس صارف کا درست Twitter handle لکھا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر میں بابر اعظم کو مینشن کرنا چاہتا ہوں تو مجھے @babarazam 258 اس طرح سے لکھنا ہو گا۔ جس شخص یا ادارے کو مینشن کیا جاتا اس تک نوٹیفیکیشن کے ذریعے پیغام پہنچ جاتا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں مینشن کی الگ سے کیٹیگری ہے جس کی وجہ سے وہ عمومی نوٹیفیکیشن سے الگ نظر آتے ہیں۔
بعض اوقات غلطی یا کسی # سے توجہ منتشر کرنے کی غرض سے اس سے ملتے جلتے کئی اور # جاری کر دیے جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں ہیش ٹیگ کو استعمال کرنے سے پہلے اس بات کی تسلی کر لینی چاہیے کہ ہم وہی ہیش ٹیگ استعمال کرنے جا رہے ہیں جو ادارے کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اس کے سپیلنگ اور ترتیب درست ہے۔



بہت اعلی ۔
Out stand Super
شکریہ
Onformative
شکریہ
Informative