ایکسپوژر۔ شارجہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والا عکس بندی کا بین الاقوامی میلہ 2024
Sharjah Xposure International Photography Festival 2024)
تبصرہ : نبراس سہیل
انٹر نیشنل کارسپونڈنٹ: ہم سب (لاہور )
شارجہ میں بسنے والے اور اس شہر کی ادبی اور ثقافتی فضا کو سمجھنے والے جانتے ہیں کہ یہاں ہر آن کسی نہ کسی ایسی تقریب کا اہتمام رہتا ہے کہ جس سے ادب و فن سے تعلق رکھنے والے حساس دلوں کی تسکین کا سامان رہتا ہے۔ اس سال فوٹو گرافی اور سینماٹوگرافی کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز بھی شارجہ ایکسپو سینٹر میں 28 فروری 2024کو حسب روایت شاندار انداز میں کیا گیا۔
اس میلے کا افتتاح عزت مآب، ہز ہائنس جناب ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی، سپریم کونسل ممبر اور حکمران شارجہ کی زیر قیادت، شارجہ ایکسپو سینٹر شارجہ میں ہوا۔ یہ میلہ 5مارچ 2024تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے آئے 400 عکس بندی کے ماہرین 50 مختلف ممالک سے تشریف لائے ہیں۔ اس میلے میں 2500 تصاویر کی نمائش پیش کی جا رہی ہے جو متفرق موضوعات پر تخلیقی اعتبار سے انوکھے زاوئیے پیش کرتے شاہکار ہیں۔ ان تصاویر کی مجموعی قیمت دو کروڑ بیس لاکھ درہم سے زیادہ ہے۔
WhatsApp Video 2024-03-04 at 6.47.15 PM.mp4
WhatsApp Video 2024-03-04 at 6.47.48 PM.mp4
تصاویر کے علاوہ عکس بندی کے اس فن سے متعلق دو سو متفرق ورکشاپ اور سیمینار بھی شامل ہیں جہاں ستائس مختصر اور طویل دورانیے کی ڈاکیومنٹری فلمز بھی پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ چونتیس سیشن ہیں جہاں ماہرین فن کے درمیان مکالمہ ہو گا، پینتالیس فوکس گروپس میں مباحث اور پچاس پورٹفولیو ریویوز کے لئے پیش کیے جائیں گے۔ اس فیسٹیول میں دنیا بھر سے آئے معروف فوٹو گرافر اور فلم ڈائریکٹر شامل ہیں جو اپنے اپنے تجربات حاضرین سے نہ صرف شیئر کر رہے ہیں بلکہ ان کے سوالوں کے جواب دے کر ان کے تخلیقی تصورات کو اعتبار بھی عطا کر رہے ہیں۔
یہ میلہ اپنے اندر فنی، تعلیمی اور تفریحی تجربہ لئے ہوئے ہے۔ دنیا کی معروف کیمرہ کمپنیاں اپنے جدید کیمرے، ریکارڈنگ آلات، ہائی ڈیفینیشن کیمرے اور جدید سافٹ ویئرز کے مظاہر بھی لوگوں کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ فوٹو گرافی اور فلم سازی کے فن سے وابستہ افراد کے لئے یہ فیسٹیول اپنے اندر ایک وسیع جہان سمیٹے ہوئے ہیں۔






