ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی کیلئے ”ستارہ امتیاز“ کا اعزاز


کراچی ( 23 مارچ 2024 ) سی ای او ہم نیٹ ورک درید قریشی کو ان کی پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز ایوارڈ سے نوازا گیا ’جو درید قریشی کے کیریئر کے لئے ایک انتہائی یادگار موقع ہے۔

پاکستانی میڈیا کے منظر نامے کی تشکیل میں درید قریشی کا بہت بڑا کردار ہے۔ اپنے کئی دہائیوں پر محیط اس سفر کے دوران انہوں نے ایک محرک کے طور پر ہر قدم پر انفرادیت اور جدت طرازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے پلیٹ فارم سے نہ صرف پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری بلکہ فلم انڈسٹری اور فیشن انڈسٹری میں بھی انقلاب برپا کیا۔ انہوں نے ہمیشہ اپنے پلیٹ فارم سے متنوع مواد کی تخلیق کی۔ گرتی ہوئی پاکستانی فلم انڈسٹری کی حمایت اور بحالی کے لئے سی ای وی ہم نیٹ ورک نے ڈسٹری بیوشن کمپنی ہم فلمز کی بنیاد رکھی جو دنیا بھر میں پاکستانی فلموں کی مارکیٹنگ کرتی ہے۔ ہم فلمز نے یورپ ’امریکہ‘ کینیڈا اور دیگر بین الاقوامی علاقوں میں کامیابی کے ساتھ فلموں کی تقسیم کا عمل شروع کیا جس کے نتیجے میں پاکستانی فلموں کے لئے نئی راہیں استوار ہوئیں۔

درید قریشی کی دور اندیش قیادت میں فروری 2004 ءمیں قائم کیا جانے والا آئی ٹی وی نیٹ ورک چند ہی سالوں میں ہم نیٹ ورک پاکستان میں تبدیل ہوتے ہوئے پاکستان کا سب سے بڑا اور منفرد تفریحی چینل بن گیا۔ ان کے اسٹریٹجک وژن اور معیار کے لئے غیر متزلزل عزم نے نیٹ ورک کو بے مثال کامیابی کی طرف راغب کیا اور اس نیٹ ورک نے نہ صرف مقامی بلکہ عالمی دونوں سطحوں پر پذیرائی اور پہچان حاصل کی۔ یہ نیٹ ورک ”من مائل ’ہمسفر‘ زندگی گلزار ہے ’اڈاری‘ داستان ’شہر ذات اور ڈر سی جاتی ہے صلہ‘ سنو چندا اور عشق مرشد“ جیسے بے مثال کامیابی حاصل کرنے والے ڈراموں کے ذریعے ممنوع موضوعات کو عمدگی سے پردے پر لاتا ہے۔ یہ وہ چینل ہے جس نے ہمیشہ پاکستانی معاشرے کے مسائل اور فکر انگیز موضوعات کو انتہائی موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ ہم نیٹ ورک نے پاکستانی تفریحی صنعت میں بہترین اور معیاری مواد پیش کرنے میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

درید قریشی نے 2006 میں جنوبی ایشیاء کے پہلے اور دنیا کے تیسرے 24 گھنٹے کے فوڈ ٹی وی چینل ”ہم مصالحہ“ کی بنیاد رکھی جو آج تک ملک کے پسندیدہ فوڈ چینلوں میں سے ایک ہے۔ ہم مصالحہ کے بعد ہم نیٹ ورک کے تحت اسٹائل 360 کے نام سے ایک تیسرا چینل متعارف کرایا گیا جسے بعد میں پاکستان کے متنوع فیشن کلچر کو اجاگر کرنے اور مقامی فیشن انڈسٹری کو فروغ دیتے ہوئے ہم ستارے کا نام دیا گیا۔

11 مئی 2018 میں ہم نیوز کا آغاز کرتے ہوئے صرف پانچ سال میں اس چینل نے ملک کے پانچ نمایاں ترین نیوز چینلوں میں سے ایک کا اعزاز حاصل کیا۔ درید قریشی نے عالمی منظر نامے میں پاکستانی میڈیا کی موجودگی کو نمایاں طور پر بلند کیا جس کی نشاندہی متنوع بین الاقوامی مقامات پر ہائی پروفائل ایونٹس کے ذریعے کی گئی۔ ان کی قیادت میں ہم نیٹ ورک فخر یہ انداز میں پاکستان کے ممتاز فیشن ایکسٹرواگنزابرائیڈل کٹیور ویک کا انعقاد کرتا ہے جس کے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح تک چرچے ہیں۔

یہ نیٹ ورک ہم ویمن لیڈر ایوارڈ کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیاب خواتین اور خواتین کو کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کرنے والے مرد حضرات کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے جس میں صدر پاکستان سمیت عمائدین کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔ اس چینل کے پلیٹ فارم سے ہم اسٹائل ایوارڈز کا اجراء کیا گیا جس نے انڈسٹری کے اہم ترین ایوارڈز کی حیثیت اختیار کرلی جب کہ ہم ایوارڈز جس نے پہلے پاکستان میں اس کے بعد بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ قائم کی اور آج دنیا بھر میں ان ایوارڈز کے شائقین موجود ہیں۔

ہم پشتو ون ’علاقائی زبان کا سب سے مقبول ترین چینل ہے جبکہ حال ہی میں ”ہم“ کے گلدستے ہونے والا اضافہ ”ٹین اسپورٹس“ ہے۔ اس چینل نے ڈیجیٹل کی دنیا میں بھی دیگر کو بہت پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیے۔

پیشہ ورانہ کامیابیوں کے علاوہ درید قریشی اپنے رفاہی کاموں کے لئے بھی مشہور ہیں۔ وہ نہ صرف تعلیم کے شعبے میں مختلف این جی اوز کی فعال طور پر حمایت کرتے ہیں بلکہ انہوں نے مومنہ اینڈ درید (ایم اینڈ ڈی) فاونڈیشن بھی قائم کی تاکہ ان لوگوں کی مدد کی جا سکے جن کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ضروریات کو پورا کرنا بھی ایک مستقل چیلنج رہا ہے۔ فاونڈیشن نے سندھ میں 28 نیم فعال اسکولوں کو اپنایا ’یہ سینکڑوں بچوں کو مفت‘ معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے فعال طور پر کام کر رہی ہے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔

درید قریشی کی معاشرے کی بہتری اور میڈیا کے شعبے میں ان کی سرشار اور شاندار خدمات کے اعتراف میں کے ایس ای (دی کراچی اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ) اور ماس ہیومن ریسورس سروسز نے انہیں 2012 ’2013 اور 2014 میں ”میڈیا سیکٹر میں بہترین سی ای او ایوارڈز“ سے نوازا‘ انہیں 2014 میں ”پرائڈ آف لمز“ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

23 مارچ کے یادگار موقع پر درید قریشی کو ان کے جذبہ حب الوطنی ’تخلیقی صلاحیتوں‘ انتھک جستجو اور ان کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دیا گیا جو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک ہے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے بانی اور سی ای او درید قریشی کو ایوارڈ پیش کیا۔

Facebook Comments HS