سونے کی مسلسل بڑھتی قیمت: کیا متوسط طبقے کو اس میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے؟
شادی بیاہ ہو یا پیسے محفوظ کرنے کا ارداہ، پاکستان میں اکثر خاندان سونا خریدتے دکھائی دیتے ہیں لیکن گذشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے اسے جہاں عام لوگوں کی پہنچ سے باہر کر دیا ہے وہیں جو لوگ پیسہ محفوظ کر کے اسے دوگنا کرنے کے خواہش مند ہیں وہ اس میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
ویسے تو عالمی سطح پر ہی سونے میں سرمایہ کاری کے رجحان میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا۔ سٹاک مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ اور معیشت میں غیر یقینی صورتحال کے خدشات کی وجہ سے، سرمایہ کار بعض اوقات سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ سمجھتے ہیں۔
لیکن حالیہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی ہو۔
پاکستان میں سونے کی قیمت رواں ہفتے فی تولہ دو لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیاں ہیں۔
قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں؟
انڈیا میں مدراس گولڈ اینڈ ڈائمنڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری شانتا کمار کا کہنا ہے کہ ’دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں کا تعین لندن بلین مارکیٹ سے کیا جاتا ہے۔ یہ دنیا میں سونے کے لین دین کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔ دنیا میں سونے کی کان کنی کے بڑے کاروباری اور صنعت کار لندن بلین مارکیٹ سے جڑے ہوئے ہیں۔ اب اس مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، جس کا اثر بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں پر نظر آرہا ہے۔‘
بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں اور مادوں کا وزن ٹرائے اونس سسٹم کے تحت کیا جاتا ہے۔ ایک اونس میں 31.1 گرام ہوتے ہیں۔
اس وقت پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 278 سے زائد پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی بھی سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کے علاوہ اور بھی کئی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے سونے کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
عالمی سطح پر درآمدی ڈیوٹی اور جنگی حالات نے بھی سونے کی قیمتوں کو متاثر کیا۔
اس وقت سونے میں سرمایہ کاری کرنا کتنا درست ہے؟
ماہرین امریکی معیشت کے بحران کو بھی سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ مانتے ہیں۔
شانتا کمار کہتے ہیں کہ ’امریکہ میں بے روزگاری کا انڈیکس بہت نیچے چلا گیا۔ رئیل اسٹیٹ کا شعبہ بھی گر رہا ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں بھی ترقی کی رفتار نظر نہیں آ رہی۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ اس سب کا اثر معیشت پر پڑ رہا ہے اور اس کا اثر سونے کی قیمتوں پر بھی پڑ رہا ہے۔‘
لیکن اگر سونے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تو کیا متوسط طبقے کو سونے میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے؟
عام طور پر کہا جاتا ہے کہ جب آپ کے پاس پیسہ ہو تو آپ سونا خرید لیں تاہم یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اگر سرمایہ کاری مختصر مدت کے لیے ہے تو پھر سونا خریدنا اچھا فیصلہ نہیں۔
شانتا کمار کہتے ہیں کہ ’لیکن اس وقت شادی یا طویل مدتی کے لیے سونا خریدنا صحیح سرمایہ کاری ہے۔‘
’جب آپ بینک میں رقم جمع کرتے ہیں تو منافع کی شرح کم ہوتی ہے۔ اس لیے بہت سے لوگ سونے میں سرمایہ کاری کرتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ محفوظ ہے۔ اس کی وجہ سے سونے کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ مارکیٹ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
- کیا پاکستان میں سونے کی قیمت میں بے تحاشا اضافے کی وجہ اس میں ہونے والی سرمایہ کاری ہے؟
- سونے کی ’عالمی ذخیرہ اندوزی‘ اس کی قیمتوں میں اضافے کا باعث ہے
اس وقت سونا بیچنا کتنا درست ہے؟
انڈیا میں سرمایہ کاری کے مشیر ستیش کمار بھی امریکی معیشت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ مانتے ہیں۔
ستیش کمار کا کہنا ہے کہ ’جنوری میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں افراط زر کی شرح 3.1 فیصد ہے جو امریکی فیڈرل ریزرو کے 2 فیصد کے ہدف سے بہت زیادہ ہے۔ یہ بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔‘
لیکن قیمتیں بڑھنے کے باوجود لوگ سونے میں سرمایہ کاری کرنے کو کیوں تیار ہیں؟
ستیش کمار کہتے ہیں، ’لوگ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے آپشن کی تلاش میں ہیں۔ تاریخی طور پر سونے کو ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ انڈیا سمیت ایشیائی ممالک میں سونے کو سرمائے کے طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن دیگر ممالک میں سونے کو سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔‘
کیا قیمتیں بڑھنے پر سونا بیچنا درست ہے؟
اگر سونے کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو بہت سے لوگ اپنا سونا بیچنے کا سوچ سکتے ہیں تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ ایسا کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ستیش کمار کہتے ہیں کہ ’جہاں تک سٹاک مارکیٹ کا تعلق ہے، ہم حصص اس وقت فروخت کر سکتے ہیں جب ان کی قیمتیں زیادہ ہوں لیکن سونے کو اس طرح نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ آپ کو کچھ وقت انتظار کرنا چاہیے، ایسا کرنا ہی عقلمندی ہے۔‘
کیا سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہے گا؟
اگر ہم گذشتہ 20 سال پر نظر ڈالیں تو سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بازار میں سونے کی مانگ میں اضافہ ہوا۔
امریکی فیڈرل ریزرو نے کہا ہے کہ وہ شرح سود میں اضافہ کرے گا۔
ستیش کمار کا کہنا ہے کہ ’فیڈرل ریزرو کے سود کی شرح سے متعلق فیصلے کا جون میں انتظار ہے۔ یہ امریکہ میں انتخابات کا وقت ہے۔ امریکی انتخابات کے نتائج پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ عالمی سطح پر ہونے والی جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں کا اثر ہو گا۔ سونے کی قیمت پر اثر پڑتا ہے۔ اگر مہنگائی بڑھی تو سونے کی قیمت مزید بڑھے گی۔‘
بین الاقوامی مالیاتی فرم جے پی مورگن کے اندازوں کے مطابق سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ سنہ 2025 تک سونے کی قیمت میں اضافہ جاری رہے گا۔
- دنیا کے بڑے بینک تیز رفتاری سے سونا کیوں خرید رہے ہیں اور اس سے ڈالر کو کیا خطرہ ہے؟
- دنیا میں سونا ملکی ذخائر کا حصہ کیوں ہوتا ہے؟
- پاکستان میں قرض کے لیے بینک میں گروی رکھا سونا کتنا محفوظ ہے؟

