چھوٹے چھوٹے کاموں سے کیسے بڑے نتائج حاصل کریں؟
اکثر ہماری توجہ بڑے بڑے کام کرنے پر ہوتی ہے، اور ہم اس سارے عمل میں بظاہر چھوٹے نظر آنے والے کاموں کی اہمیت کو بھول جاتے ہیں، حالاں کہ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ حقیقی کامیابی بڑے کام کرنے سے نہیں بلکہ مسلسل اور ٹھیک طریقے سے چھوٹے کام کرنے سے ملتی ہے۔ بظاہر چھوٹے اور معمولی نظر آنے والے یہ کام اپنے آپ میں انتہائی بڑے ہوتے ہیں اور ان کے نتائج انسان کو ششدر کر دیتے ہیں۔
آئیے آپ کو بھی اسے سات بظاہر چھوٹے اور معمولی نظر آنے والے کاموں کے بارے میں بتاتے ہیں جنھیں اگر آپ سوچ سمجھ کر اور بہتر انداز میں کرنا شروع کر دیں تو نہ صرف آپ کی شخصیت میں نکھار آ جائے بلکہ آپ کی کامیابی کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔
وقت کی پابندی کرنا ضروری ہے
یہ ایسی بات ہے جس کے بارے میں ہم کثر سنتے رہتے ہیں بلکہ بچپن سے پڑھتے آ رہے ہیں، مگر اس کے باوجود بہت ہی کم لوگ ہیں جو اس نصیحت پر عمل کرتے نظر آتے ہیں۔ درحقیقت وقت کی پابندی کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے وقت کو اہمیت دیتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جس بندے یا کام کے ساتھ آپ نے کمٹمنٹ کی ہوئی ہے اس کی بھی آپ کی نظر میں اہمیت ہے۔ دنیا میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو اپنے وقت کو اہمیت نہ دیتا ہو اور وہ کامیاب بھی ہو،
اس کے علاوہ جب آپ میٹنگز میں، لوگوں سے ملنے ملانے میں اور اپنے کاموں کی تکمیل میں وقت کی پابندی کا خیال رکھتے ہیں تو اس چیز کا براہ راست اثر آپ کی شخصیت پر بھی پڑتا ہے۔
اپنے کام کو اہمیت دینا:
بہت سے لوگوں کو اپنے کام سے کوئی خاص رغبت نہیں ہوتی۔ وہ اپنے کام کو کام کم اور بوجھ زیادہ سمجھ کر کرتے ہیں، یہ کام کے حوالے سے انتہائی منفی رویہ ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ کام میں دلچسپی نہ ہونے کی وجہ سے آپ کی کارکردگی کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ یوں آپ اپنے ادارے میں ایک کاہل سست اور ایسے شخص کے طور پر مشہور ہو جاتے ہیں جو کسی بھی کام کو ٹھیک طریقے سے سرانجام دینے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا۔ اور یہ بات تو آپ بھی جانتے ہیں کہ ایسے لوگوں کو اپنے اداروں میں کوئی بھی رکھنا پسند نہیں کرتا۔
اس کے برعکس جب آپ اپنے کام کو اہمیت دیں گے اسے پسند کریں اور شوق کے ساتھ کریں گے تو وہی کام جو کبھی آپ کے لئے بوجھ تھا ابھی کھیل بن جائے گا۔ آپ سے لطف بھی اٹھائیں گے، آپ کی کارکردگی بھی بہتر ہو گی، آپ کی عزت میں بھی اضافہ ہو گا اور آپ کی ترقی کے امکانات بھی روشن ہو جائیں گے۔ اس لئے اس بات کو اپنی زندگی کا سنہری اصول بنا لیں کہ آپ جو بھی کام کریں اسے مکمل اہمیت دیں، اور اس انداز میں کرنے کی کوشش کریں کہ آپ سے بہتر وہ کام کوئی اور نہ کر سکے۔
بہتر باڈی لینگوئج:
ایک تحقیق بناتی ہے کہ ہماری گفتگو میں ہمارے الفاظ کا کردار صرف سات فیصد ہوتا ہے۔ باقی نوے فیصد سے زیادہ حصہ ہماری باڈی لینگوئج کا ہے۔ اگر آپ نے اس سے پہلے اپنی باڈی لینگوئج پر کبھی خاص توجہ نہیں دی تو ابھی دیں، کیوں یہ ایسی چیز ہے جو آپ کی پرسنیلٹی کو چار چاند لگا سکتی ہے۔ اور آپ کے لئے مواقعوں کے کئی ایسے دروازے بھی کھول سکتی ہے جو اس سے پہلے بند تھے۔
مثبت رویہ:
کہتے ہیں کہ مثبت سوچ ایک ایسی چیز ہے جس میں دنیا کے ہر مسئلے کا حل پوشیدہ ہے۔ اس کے برعکس منفی سوچ اور رویہ انسان کو تاریکی گہری کھائیوں میں دھکیل دیتا ہے۔ یقین جانیے کہ مثبت رویے کا حامل ہونا اور مثبت سوچ رکھنا بھی خدا کی ایک بڑی نعمت ہے۔ حالات جس بھی طرح کے ہوں آپ کوشش کریں کہ آپ کی سوچ اور رویے کا دائرہ مثبت ہی رہے۔ صرف ایسا کر کے ہی آپ بے شمار مسائل سے بھی بچ سکیں گے اور لوگوں کی امید بھی بن جائیں گے۔
دوسروں کا احساس کرنا:
یہ بات انسانی نفسیات میں شامل ہے کہ اگر کسی شخص کا احساس کیا جائے اور اسے توجہ دی جائے تو اس کے لئے اس سے بڑھ کر خوشی کی اور کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ اگر آپ اپنے اندر دوسروں کا احساس کرنے کی خوبی پیدا کر لیں تو آپ کی زندگی کے تمام راستے ہموار ہوتے چلے جائیں گے۔ آپ محبت کا پیکر بن جائیں گے، اور لوگ آپ سے بات کرنا، ملنا اور آپ کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرنے لگیں گے۔ دوسروں کا احساس کیسے کیا جا سکتا ہے؟
کسی نے کوئی اچھا کام کیا ہے تو اس کے لئے دو بول تعریف کے کہہ دیں، کسی کی مشکل میں اس کا ہاتھ تھام لیں، کسی کے لئے چھوٹی بڑی آسانی پیدا کر لیں، راستے کا پتھر ہٹا دیں، دوستوں، بیوی اور دیگر گھر کے افراد کے لئے کبھی کبھار کوئی تحفہ لے جائیں، یہ ساری باتیں بظاہر انتہائی چھوٹی اور معمولی نظر آنے والی ہیں مگر آپ انھیں عمل میں لائیں اس کے بعد نتائج آپ کو بتائیں گے کہ بظاہر چھوٹی نظر آنے والی یہ باتیں کتنی بڑی اور پر اثر ہیں۔
تیار رہنا:
عموما لوگ اس بات کو اہمیت نہیں دیتے ہیں کہ وہ کیا پہن رہے ہیں، خاص کر جب وہ گھر میں ہوتے ہیں، مگر اس بات کا یقین کریں کہ آپ کا رویہ ویسا ہی ہوتا ہے جیسا آپ نے لباس زیب تن کیا ہوتا ہے۔ اگر آپ نے اچھا اور صاف ستھرا لباس پہنا ہوا ہے تو آپ خود کو پرجوش اور توانائی سے بھرپور محسوس کریں گے اس کے برعکس غیر مناسب لباس میں آپ کا رویہ بھی تھکا تھکا سا اور ڈھیلا ڈھالا سا ہو گا، کسی کام میں آپ کا صحیح طرح سے دل نہیں لگے گا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کسی بھی کامیاب شخص کو ہمیشہ بہترین لباس میں ہی دیکھیں گے۔ چاہے وہ گھر میں ہی دن کیوں نا گزار رہے ہوں۔
دو قدم آگے چلنا:
”دو قدم آگے چلنا“ کامیابی کا ایسا اصول ہے جو ہر جگہ اور ہر وقت کام کرتا ہے اور انتہائی تیزی کے ساتھ نتائج پیدا کرتا ہے۔ آپ کو کسی کام کی جتنی بھی انکم ملتی ہے اسے اس انکم کے تناسب سے تھوڑا سا زیادہ کریں۔
اگر آپ ایک کام کے دس ہزار مل رہے ہیں اور آپ اس کے بدلے بارہ یا پندرہ ہزار کا کام کر رہے ہیں تو کیا کوئی ادارہ یا شخص آپ کا ساتھ چھوڑنا چاہے گا؟
سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بلکہ آپ ان کا قیمتی اثاثہ بن جائیں گے۔ اور آپ کے احساس ذمہ داری اور کام کے جذبے کو دیکھتے ہوئے ترقی پر پہلا حق آپ ہی کا سمجھا جائے گا


