ولیم ہرشل، جان مِچل اور بلیک ہول: کائنات (4)


دیکھنا ایمان لانا نہیں ہوتا۔ ہمارے حواس ہمیں دھوکہ دے سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ ستارے بھی وہ نہیں ہیں جو وہ نظر آتے ہیں۔ سائنس نے ہمیں بتایا ہے کہ کائنات ہمارے تصور سے بھی زیادہ عجیب ہے۔ روشنی، زمان و مکاں اور کشش ثقل ایسی حقیقتیں پیدا کرنے کی سازش کرتے ہیں جو انسانی تجربے سے ماورا ہیں۔ ہم وہیں جا رہے ہیں۔ میرے ساتھ آئے۔

1802 میں، ایک رات، ماہر فلکیات ولیم ہرشل (William Herschel) اپنے بیٹے جان (John) کے ساتھ انگلستان کے ساحل سمندر پر ٹہل رہا تھا۔ ہرشل کائناتی سمندر کے گہرے پانیوں میں دیکھنے والا پہلا شخص تھا۔ وہاں اس نے جادوئی چال کی جھلک دیکھی جو روشنی وقت کے ساتھ چلتی ہے۔

والد، کیا آپ بھوتوں پر یقین رکھتے ہیں؟
کیوں؟ ہاں، میرے بیٹے!
آپ یقین رکھتے ہیں؟ میں نے ایسا نہیں سوچا تھا۔
اوہ، نہیں، انسانی قسم کے بھوتوں پر نہیں۔ بالکل نہیں۔
لیکن دیکھو، میرے بیٹے، اور اُن سے بھرا ہوا آسمان دیکھو۔
ستارے، والد؟ میں سمجھا نہیں۔

ہر ستارہ اتنا بڑا سورج ہے جتنا ہمارا اپنا۔ ذرا تصور کرو کہ تمہیں سورج کو کتنا دور دھکیلنا پڑے گا کہ وہ ایک کمزور اور چھوٹا ستارہ نظر آئے۔ ستاروں کی روشنی کسی بھی چیز سے زیادہ تیزی سے سفر کرتی ہے لیکن لامحدود تیز نہیں۔ ان کی روشنی کو ہم تک پہنچنے میں وقت لگتا ہے۔ قریب ترین لوگوں کے لیے، اس میں سالوں لگتے ہیں۔ دوسروں کے لیے، صدیاں۔ کچھ ستارے اتنے دور ہیں کہ ان کی روشنی کو زمین تک پہنچنے میں زمانے لگ جاتے ہیں۔ جب تک کچھ ستاروں کی روشنی ہم تک پہنچتی ہے، وہ پہلے ہی مر چکے ہوتے ہیں۔ ان ستاروں کے لیے ہم صرف ان کے بھوت دیکھتے ہیں۔ ہم ان کی روشنی دیکھتے ہیں، لیکن ان کے اجسام بہت پہلے بکھر چکے ہوتے ہیں۔ جان، میں نے اپنے سے پہلے کے کسی بھی انسان سے زیادہ دور تک وقت میں دیکھا ہے۔ ماضی میں لاکھوں سال پہلے۔

ولیم ہرشل وہ پہلا شخص تھا جس نے یہ سمجھ لیا کہ ٹیل سکوپ ایک ٹائم مشین ہے۔ ہم وقت میں ماضی دیکھے بغیر خلا میں نہیں دیکھ سکتے۔ روشنی ایک سیکنڈ میں، تین لاکھ کلومیٹر، یا ایک لاکھ چھیاسی میل کا سفر کرتی ہے۔ تقریباً یہی زمین سے چاند کا فاصلہ ہے۔ تو، چاند تقریباً ایک نوری سیکنڈ کے فاصلے پر ہے۔ اگلی بار جب آپ چاند کو دیکھیں گے تو آپ ایک سیکنڈ ماضی میں دیکھیں گے۔ وہ سورج واقعی وہاں نہیں ہے۔ یہ اصل میں مزید دو منٹ تک افق سے اوپر نہیں ہو گا۔

طلوع آفتاب ایک التباس ہے۔ زمین کا ماحول سورج کی روشنی کی آنے والی کرنوں کو موڑ دیتا ہے جیسے لینس یا پانی کا گلاس۔ لہذا ہم دیکھتے ہیں کہ سورج کی تصویر افق پر نظر آتی ہے اس سے پہلے کہ جسمانی سورج حقیقت میں موجود ہو۔ میرے پیچھے جو سورج آپ کو نظر آ رہا ہے، ایک سراب ہے۔ گرم دن میں صحرائی سڑک پر فاصلے پر منڈلانے والی چمکتی ہوئی پانی کی تصویر سے زیادہ حقیقی نہیں۔ سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے میں تقریباً آٹھ منٹ لگتے ہیں، اس لیے سورج آٹھ نوری منٹ کے فاصلے پر ہے۔

زمین سے، ہم سورج کو صرف اسی طرح دیکھ سکتے ہیں جیسا کہ وہ آٹھ منٹ پہلے تھا۔ ایک اور چیز، سورج واقعی ”طلوع“ نہیں ہوتا۔ زمین گھومتی ہے اور ہم اس کے ساتھ گھوم جاتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ یہ آپ کو نظر نہ آئے، لیکن اس وقت، میں جیٹ طیارے سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہوں اور اسی طرح آپ اور زمین پر موجود ہر شخص بھی۔ جب میں اس پر ہوں، وہ افق، وہ واقعی وہاں بالکل نہیں ہے۔ کوئی کنارہ نہیں ہے۔ افق ایک اور التباس ہے۔

William Herschel

زمین اور سب سے بیرونی سیارے نیپچون کا درمیانی فاصلہ بدلتا رہتا ہے کیونکہ سیارے سورج کے گرد چکر لگاتے ہیں۔ اوسطاً، روشنی اس سفر کو چار گھنٹے میں مکمل کرتی ہے۔ تو جو زمین سے ہم جو نیپچون دیکھتے ہیں وہ ہمیشہ چار گھنٹے ماضی میں ہوتا ہے، چار نوری گھنٹے کی دوری پر۔ لیکن سیاروں کے فاصلے، یہاں تک کہ سب سے دور ستاروں اور کہکشاؤں کے بہت بڑے پیمانے پر فاصلے بھی محض بچے کے قدم ہیں۔ جیسے ہی ہم سورج کے قریبی پڑوس سے نکلتے ہیں، ہمیں روشنی کے فاصلے کو نوری گھنٹوں سے نوری سال تک کے غیر معمولی فاصلے میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

نوری سال کائنات کا پیمانہ ہے۔ ایک نوری سال تقریباً دس ٹریلین کلومیٹر، یا تقریباً چھ ٹریلین میل ہوتا ہے۔ یہ ایک میٹر یا ایک میل کی طرح ایک پیمانہ ہے۔ یہ وہ فاصلہ ہے جو روشنی ایک سال میں طے کرتی ہے۔ سورج سے قریب ترین ستارہ، پراکسیما سینٹوری (Proxima Centauri) ، زمین سے چار نوری سال سے کچھ زیادہ فاصلے پر ہے۔ چار نوری سال کتنا دور ہے؟ ناسا کا وائجر خلائی جہاز چھپن ہزار کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے حرکت کرتا ہے۔ اس حیران کن رفتار پر بھی، وائجر کو قریب ترین ستارے تک پہنچنے میں اَسی ہزار سال سے زیادہ کا وقت لگے گا۔ اور Pleiades کلسٹر کے ستارے، چار سو نوری سال کے فاصلے پر۔

ہمارے تخیل کا جہاز ایک انتہائی غیر معمولی صلاحیت سے لیس ہے۔ اصل میں اپنی قسم کا ایک ہی ہے۔ یہ ہمارے لیے یہ دیکھنا ممکن بناتا ہے کہ جب کسی دور دراز ستارے یا کہکشاں کی روشنی پہلی بار زمین کے لیے طویل سفر پر نکلتی ہے تو کیا ہو رہا ہوتا ہے۔ ، تقریباً چار سو سال پہلے، جب وہ روشنی Pleiades سے نکلی، گیلیلیو ایک دوربین کے ذریعے پہلی بار دیکھ رہا ہو گا۔ چند سال بعد اس نے روشنی کی رفتار کو ماپنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا۔ اس کے پاس بہت اچھا منصوبہ تھا، لیکن اس دور کی ٹیکنالوجی اتنی اچھی نہیں تھی کہ روشنی کی طرح تیزی سے حرکت کرنے والی کسی بھی چیز کی حرکت کی پیمائش کی جا سکے۔

جب ہم زمین سے کیکڑے نیبولا (Crab Nebula) کو دیکھتے ہیں، تو ہم وقت میں بہت ہی زیادہ پیچھے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ کریب نیبولا کبھی ایک دیو ہیکل ستارہ تھا، جو سورج سے حجم میں دس گنا زیادہ تھا، یہاں تک کہ وہ ایک سپرنووا میں پھٹ گیا۔ اس کے دل میں ایک پُلسار ہے، ایک منہدم ستارہ جو ایک شہر کے حجم کے برابر ہے، ایک سیکنڈ میں تیس بار گھومتا ہے۔ یہ پُلسار کا گھومتا ہوا مقناطیسی میدان قریبی الیکٹرانوں کو ایک جنون میں ڈال دیتا ہے، انہیں تقریباً روشنی کی رفتار تک تیز کر دیتا ہے۔ وہ نیلے رنگ کی چمک کے ساتھ چمکتے ہیں جو سپرنووا سے نکلنے والی گیس کی شاخوں کو روشن کر دیتے ہیں۔ کریب نیبولا زمین سے تقریباً ساڑھے چھ ہزار نوری سال کے فاصلے پر ہے۔ بعض عقائد کے مطابق یہ پوری کائنات کی عمر ہے۔

لیکن اگر کائنات صرف چھ ہزار پانچ سو نوری سال پرانی ہوتی تو ہم کریب نیبولا سے زیادہ دور کسی بھی چیز سے روشنی کو کیسے دیکھ سکتے تھے؟ ہم نہیں دیکھ سکتے تھے۔ کسی بھی سمت سے ساڑھے چھ ہزار نوری سال سے کہیں زیادہ دور سے روشنی کے لیے زمین تک پہنچنے کے لیے کافی وقت نہیں ہوتا۔ یہ صرف اتنا وقت ہے کہ روشنی ہماری ملکی وے کہکشاں کے ایک چھوٹے سے حصے سے گزر سکے۔ اگر ہم ایک اتنی نوجوان کائنات جس کی عمر چھ ہزار سے سات ہزار سال ہے تصور میں لائیں تو ہمیں اپنی کہکشاں کی بھی بہت ساری روشنیاں بجھانی پڑیں گی، اور قابلِ مشاہدہ کائنات کی تمام ایک سو بلین دیگر کہکشاؤں کی روشنی کا ذکر بھولنا پڑے گا۔

ہماری اپنی کہکشاں کا مرکز زمین سے تقریباً تیس ہزار نوری سال کے فاصلے پر ہے۔ آج ہم جو روشنی اپنی ملکی وے کے مرکز سے آتے ہوئے دیکھتے ہیں وہ اس وقت وہاں سے نکلی تھی جب ہمارے آبا و اجداد فن کو موت کو شکست دینے کے لیے اور ان لوگوں کو متاثر کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے جو ان کے جانے کے کافی عرصے بعد آنے والے ہیں۔ سومبریرو کہکشاں (Sombrero Galaxy) سے جو روشنی ہم آتے دیکھتے ہیں وہ تیس ملین نوری سال پرانی ہے۔

جب وہ روشنی شروع ہوئی تو ہمارے آبا و اجداد درختوں میں رہ رہے تھے۔ ان کا وزن تقریباً پانچ کلو تھا اور ان کی دم لمبی تھی۔ یہاں تک کہ تیس ملین نوری سال کے فاصلے پر ہمارے اپنے کائناتی گھر کے پچھواڑے میں کہکشاں کوما کلسٹر (Coma Cluster) کا حصہ ہے، جو تین سو بیس ملین نوری سال کے فاصلے پر ہے۔ جب اس کی روشنی نے سفر شروع کیا تو آپ کی گھر، زمین پر کیا ہو رہا تھا؟ کوئی مانوس براعظم، سمندر یا دریا نہیں تھا۔ ہمارے دور کے آبا و اجداد خشکی کے لیے پانی کو چھوڑ رہے تھے۔ یہ بہت پرانی روشنی ہے، لیکن اتنی قدیم ترین روشنی نہیں جو ہم دیکھ پاتے ہیں۔

سب سے پرانی روشنی بہت مدھم اور کمزور ہے، رات میں ایک زرد بھوت۔ وہ سرخ دھبہ دیکھیں۔ یہ ان قدیم ترین کہکشاؤں میں سے ایک ہے جو ہم نے کبھی دیکھی ہیں۔ آپ تیرہ اعشاریہ چار بلین نوری سال پرانی روشنی کی تصویر دیکھ رہے ہیں جو ہبل ٹیلی سکوپ نے اتاری۔ یہ روشنی ستاروں کی پہلی نسل سے آ رہی ہے۔ اس وقت زمین پر کیا ہو رہا تھا؟ کچھ بھی نہیں۔ کوئی زمین نہیں تھی، سورج نہیں تھا، کوئی ملکی وے کہکشاں نہیں تھی۔ اور وہ اربوں سال تک نہیں آ پائیں گے۔ جب ہم کائنات میں اور بھی دور دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ہم اس پر آتے ہیں جو خلا کا خاتمہ معلوم ہوتا ہے لیکن درحقیقت یہ وقت کا آغاز ہے۔

زمین ہمیں کھینچتی ہے۔ ہماری زندگی کشش ثقل کے ساتھ ایک مسلسل جدوجہد ہے۔ وہ چھوٹی لڑکی کشش ثقل کے کنویں سے باہر نکلنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ ہماری پہلی کوششوں سے لے کر اپنے آخری ہتھیار ڈالنے تک، ہم زمین کی کشش پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم ایک قوت کے میدان میں پیدا ہوتے ہیں، زندہ رہتے ہیں اور مرتے ہیں۔ جو تقریباً کائنات ہی کی طرح پرانا ہے۔ اور یہ کتنی پرانی ہے؟ کائنات کی تیرہ اعشاریہ آٹھ بلین سال کی عمر کا اندازہ کرنے کے لیے، ہم نے تمام کائناتی وقت کو ایک سال کے کیلنڈر تک چھوٹا کر دیا ہے۔ اس وقت 31 دسمبر کی آدھی رات کا یہی لمحہ ہے۔ اور یکم جنوری وقت کا آغاز ہے۔

وہاں چمکتی ہوئی دھند کو دیکھیں؟ یہ بگ بینگ سے بچ جانے والی تابکاری ہے، وہ دھماکہ جس نے کائنات کو اسی وقت بنا دیا تھا۔ ہم معلوم زماں و مکاں کے بالکل کنارے پر ہیں۔ تو، بگ بینگ سے پہلے کیا ہوا تھا؟ کوئی نہیں جانتا۔ اس لمحے سے پہلے کا کوئی ثبوت باقی نہیں بچ پایا۔ ہمارے پاس اس بارے میں کچھ بہت ہی بے راہ رو قسم کے خیالات ہیں کہ کائنات کہاں سے آئی ہے، جس تک ہم پہنچ پائیں گے، وقت کے سفر پر۔ ہم کائنات میں کہاں ہیں؟

کیا بالکل مرکز میں۔ اس قابلِ مشاہدہ کائنات میں، ہر کوئی خاص محسوس کرنا چاہتا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کس کہکشاں میں رہتے ہیں، جب آپ وہاں سے کائنات کی طرف دیکھیں گے، تو اپنے آپ کو کائناتی افق کے مرکز میں ہی پائیں گے۔ لیکن یہ صرف ایک وہم ہے۔ حقیقت میں، کوئی مرکز نہیں ہے، اور کائناتی افق سمندر میں افق سے زیادہ حقیقت نہیں رکھتا۔ یہ ہی آپ کو حاصل ہو پاتا ہے جب کائنات میں روشنی کی رفتار محدود ہوتی ہے اور جو وقت کا آغاز ہے۔

بگ بینگ کے چند سو ملین سال بعد ، ہائیڈروجن اور ہیلیم کے وسیع بادل گاڑھے ہو کر پہلے ستاروں اور کہکشاؤں کی شکل میں ڈھل گئے۔ روشنی کے ان نئے ذرائع کے پیدا ہو جانے سے کائنات کا طویل تاریک دور اختتام پذیر ہوا۔ جیسے جیسے خلا پھیلتا گیا، کائناتی ارتقاء بڑے پیمانے پر سامنے آنے لگا۔ جیسے ہی ستاروں کی پہلی نسل فنا ہوئی، انہوں نے بھاری عناصر کی تخم ریزی کی، جس سے سیاروں کی تشکیل ہوئی اور بالآخر زندگی ممکن ہوئی۔ بگ بینگ میں مادے اور توانائی کی تشکیل ہوئی۔

لیکن یہی سب کچھ نہیں ہوا۔ زماں و مکاں بھی پیدا ہوائے اور وہ تمام قوتیں بھی جو مادے کو ایک ساتھ جوڑتی ہیں، بشمول کشش ثقل۔ آئزک نیوٹن نے ایک ریاضیاتی قانون دریافت کیا جو بیان کرتا ہے کہ کشش ثقل کیسے کام کرتی ہے۔ اس قانون کی مدد سے وہ سیاروں کی حرکات کی وضاحت کر سکتا تھا۔ اس کے ایک سو سال بعد ولیم ہرشل نے محسوس کیا کہ کشش ثقل اور بھی بہت کچھ کر سکتی ہے۔

کیا تم ایک راز اپنے تک رکھ سکتے ہو جان؟
جی ہاں، ابا۔

میں نے ایک دریافت کی ہے اور ابھی تک میں نے کسی کو نہیں بتایا۔ وہ کشش ثقل جو ہمیں زمین پر باندھ کر رکھتی ہے۔ وہی کشش ثقل جو نیوٹن کے مطابق، سیاروں کو ان کے مدار میں رکھتی ہے۔ میں نے دریافت کیا ہے کہ یہ دور دراز کے ستاروں پر بھی حکمرانی کرتی ہے۔

لیکن والد، آپ یہ کیسے جان سکتے ہیں؟
کیا تمہیں شیر کا برج نظر آ رہا ہے؟
وہاں۔
شاباش۔
کیا اب تمہیں وہ ستارہ مل سکتا ہے جو شیر کے سر کو اس کے جسم سے ملاتا ہے؟
وہ ایک۔

وہ ستارے حقیقت میں دو ستارے ہیں جو ایک دوسرے کے اتنے قریب ہیں کہ وہ ایک دکھائی دیتے ہیں۔ میں تمہاری پیدائش سے بہت پہلے سے انہیں اپنی دوربین کے ذریعے دیکھ رہا ہوں۔ وہ ایک دوسرے کے گرد نہایت آہستگی سے گرداں ہیں۔ ہمارے کسی بھی سیارے سے زیادہ آہستہ جو سورج کے گرد گھومتا ہے۔ بہت سے ستارے جو ہم آج رات دیکھ رہے ہیں، شاید ان میں سے اکثر، پوشیدہ ساتھیوں کے ساتھ محوِ رقص ہیں۔ کشش ثقل کی سلطنت تمام آسمانوں پر حکومت کرتی ہے۔

ایک صدی پہلے، آئزک نیوٹن کشش ثقل کے اس طریقہ کار کی عدم موجودگی سے پریشان تھا۔ دور دراز کے اجسام حقیقت میں ایک دوسرے کو چھوئے بغیر خلاء میں ایک دوسرے کو کیسے متاثر کر سکتے ہیں؟ اس ”فاصلے کی کارروائی“ نے، جیسا کہ اس نے اسے کہا، اسے حیران کر دیا۔ انیسویں صدی میں، مائیکل فیراڈے (Michael Faraday) نے دریافت کیا کہ ہم قوت کے نادیدہ حصار میں گھرے ہوئے ہیں جو ہمیں بتاتا ہے کہ کشش ثقل کیسے کام کرتی ہے۔ سیب اور زمین ایک دوسرے کو نہیں چھوتے، لیکن ان کے درمیان ایک حصار ہے، ایک تعلق ہے، جو یہ کام کرتا ہے۔ اس نے کشش ثقل کی ان لکیروں کا تصور کیا جو ہر بڑے جسم سے خلا میں پھیلتی ہیں۔ زمین، چاند، سورج، ہر چیز سے۔ یہی اس سوال کا جواب تھا جس نے نیوٹن کو پریشان کر رکھا تھا۔

James Clerk Maxwell

1865 میں، جیمز کلرک میکسویل (James Clerk Maxwell) نے بجلی اور مقناطیسیت کے حصاروں کے بارے میں فیراڈے کے خیال کو ریاضی کی زبان دے دی۔ اس نے دریافت کیا کہ یہ حصار لہروں کی صورت میں خلا سے گزرتے ہیں۔ جب اس نے حساب لگایا کہ وہ کتنی تیزی سے حرکت کرتے ہیں تو روشنی کی رفتار دستیاب ہوئی۔ ہم نے کائناتی لبادے کے دھاگوں کو دریافت کرنا شروع کر دیا تھا، لیکن ہم ابھی تک زماں و مکاں، روشنی، اور کشش ثقل سے بنے ہوئے اس بھرپور نمونے کو سمجھنے کے قابل نہیں ہوئے تھے۔

جب البرٹ آئن سٹائن برلن میں اپنے نظریہ کشش ثقل پر کام کر رہا تھا، اس نے ان تینوں آدمیوں کی تصاویر اپنے سامنے رکھی ہوئی تھیں۔ وہ جانتا تھا کہ وہ ان کے کندھوں پر کھڑا تھا۔ برسوں پہلے، ایک نوجوان کے طور پر، اس کے پاس بھی ایک بصیرت تھی جو ان تینوں کے تصورات کی طرح زمین کو ہلا دینے والی تھی۔ اور یہ ایک موسم گرما میں ہوا جب وہ اٹلی میں دن میں خواب دیکھ رہا تھا۔ 1895 کے موسم گرما میں، جرمنی میں آئن سٹائن کے والد کا کاروبار ناکام ہو گیا تھا، اور یہ خاندان شمالی اٹلی چلا گیا۔

نوجوان آئن سٹائن کو ان سڑکوں پر گھومنا اور اپنے دماغ کو دریافت کرنے کے لیے آزاد لگام دینا پسند تھا۔ وہ جگہ وقت کی قید سے آزاد تھی۔ آئن سٹائن کے ابتدائی دنوں کے خوابوں کے زمانے سے یہاں ابھی تک واقعی کچھ نہیں بدلا ہے۔ ایک دن، اس نے روشنی کے بارے میں سوچنا شروع کیا کہ یہ کتنی تیزی سے سفر کرتی ہے۔ روزمرہ کی زندگی میں، ہم ہمیشہ کسی اور چیز کے حوالے سے حرکت پذیر چیز کی رفتار کی پیمائش کرتے ہیں۔ کچھ جو شاید ظاہری طور پر حرکت نہیں کر رہا ہے۔ کائنات میں کچھ ایسا ہے جو حرکت میں نہیں ہے۔

مثال کے طور پر، میں زمین کی نسبت تقریباً دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہوں۔ لیکن جیسا کہ میں نے پہلے ذکر کیا ہے، زمین حرکت کر رہی ہے۔ زمین سولہ سو کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے گھوم رہی ہے جبکہ یہ ایک لاکھ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے سورج کے گرد چکر لگاتی ہے۔ اور سورج نصف ملین میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کہکشاں سے گزر رہا ہے۔ اور ملکی وے کہکشاں تقریباً ڈیڑھ ملین میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کائنات میں سے گزر رہی ہے۔

کائنات میں کوئی ساکت جگہ نہیں ہے۔ تمام فطرت حرکت میں ہے۔ یہاں تک کہ نوجوان آئن سٹائن کے لیے بھی ان تمام متعلقہ حرکات کی پیمائش کرنے کے لیے کسی مطلق معیار کا تصور کرنا مشکل تھا۔ یہی وہ کتاب تھی جس نے آئن سٹائن کو ایک نوجوان لڑکے کے طور پر متاثر کیا۔ ایک بچے کو ایک کتاب دیں اور دنیا کو بدل دیں۔ ایک لحاظ سے، یہاں تک کہ کائنات بھی۔

اس کو دیکھو۔ پہلا صفحہ، یہ تاروں کے ذریعے بجلی اور خلا میں روشنی کی حیران کن رفتار کی وضاحت کرتا ہے۔ آئن سٹائن کو یاد آیا کہ اس نے بچپن میں اس کتاب سے کیا سیکھا تھا، اور شاید، پہلی بار، یہیں، سوچا کہ اگر آپ روشنی کی رفتار سے سفر کر سکیں تو یہ دنیا کیسی نظر آئے گی۔ آئن سٹائن اس کے بارے میں جتنا زیادہ سوچتا چلا گیا، وہ اتنا ہی پریشان ہوتا گیا۔ اگر آپ روشنی کی رفتار سے سفر کرنے کا تصور کرتے ہیں، تو ہر جگہ تضادات نظر آنے شروع ہوجائیں گے۔

آئن سٹائن پر یہ جان کر حیرت کے پہاڑ ٹوٹ گئے کہ اس موضوع پر بڑے بڑے لوگوں کی طرف سے جو کچھ بھی غیر تنقیدی طور پر سچائی کے طور پر قبول کیا گیا تھا، وہ بالکل غلط تھا۔ تیز رفتاری سے سفر کرتے وقت، کچھ اصول ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ آئن سٹائن نے ان اصولوں کو ”اضافیت کے اصول (The Principles of Relativity)“ کہا۔ وہ نوجوان عورت جو ابھی موٹر سائیکل پر ہمارے پاس سے گزری ہے، تصور کریں کہ وہ کائنات میں اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھی۔

کسی حرکت پذیر چیز سے روشنی اسی رفتار سے سفر کرتی ہے، چاہے وہ چیز ساقت ہو یا حرکت میں۔ اس نوجوان عورت کی رفتار روشنی کی رفتار میں شامل نہیں کی جا سکتی۔ اس کی موٹر سائیکل کی روشنی اب بھی روشنی کی رفتار سے ہی سفر کر رہی ہے۔ فطرت حکم صادر کرتی ہے، ”تم میری رفتار کو روشنی کی رفتار میں شامل نہ کرو۔“ اس کے علاوہ، کوئی بھی مادی چیز روشنی کی رفتار سے یا اس سے زیادہ تیز سفر نہیں کر سکتی۔ طبیعیات میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو آپ کو روشنی کی رفتار کے قریب سفر کرنے سے روکے۔

یہ بات بالکل ٹھیک ہے، لیکن آپ کتنی ہی جان توڑ کوشش کر دیکھیں، آپ کبھی بھی وہ آخری رفتار حاصل نہیں کر پائیں گے۔ حقیقت کو منطقی طور پر ہم آہنگ کرنے کے لیے، کائناتی رفتار کی حد ہونی چاہیے۔ اس چابُک کو گھمانے سے اس کی نوک سے جو آواز آتی ہے، وہ آواز کی رفتار سے زیادہ تیزی سے حرکت کرنے کی وجہ سے آتی ہے۔ یہ ایک شاک ویو، یعنی صوتی دھماکہ پیدا کرتی ہے۔ گرج چمک اسی طرح کام کرتی ہے، اور اسی طرح گزرتے ہوئے سپر سونک جیٹ کی آواز بھی آتی ہے۔

تو روشنی کی رفتار آواز کی رفتار کے مقابلے میں رکاوٹ کیوں ہے؟ جواب صرف یہ نہیں ہے کہ روشنی آواز سے تقریباً دس لاکھ گنا زیادہ تیزی سے سفر کرتی ہے۔ اور یہ محض انجینئرنگ کا مسئلہ بھی نہیں تھا، جیسا کہ پہلا سپر سونک جیٹ بنانا۔ اس کے بجائے، روشنی کی رکاوٹ فطرت کا ایک بنیادی قانون ہے، جیسا کہ کششِ ثقل ایک بنیادی قانون ہے۔ آئن سٹائن نے دنیا کے لیے اپنا ایک مطلق ڈھانچہ پا لیا، یہ مضبوط ڈھانچہ کائنات کی حرکات کے اندر موجود تمام اضافی حرکات کے لیے ہے۔

روشنی تیزی سے سفر کرتی ہے، چاہے اس کا منبع کتنی ہی تیز یا سست کیوں نہ ہو۔ روشنی کی رفتار ہر اضافی چیز کے مقابلے میں مستقل ہے۔ کوئی بھی چیز کبھی روشنی کی رفتار کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ فطرت کے قوانین کے بارے میں ایک بات یہ ہے کہ وہ اٹوٹ ہیں۔ طبیعیات دانوں کا کام ان احکامات کو دریافت کرنا ہے، جو ثقافت بہ ثقافت یا وقتاً فوقتاً مختلف نہیں ہوتے اور پوری کائنات میں درست ہوتے ہیں۔ اسی لیے، جیسا کہ آئن سٹائن نے دکھایا، روشنی کی رفتار کے قریب مضحکہ خیز چیزیں ہوتی ہیں۔

روشنی کی رفتار کے قریب سفر کرنا زندگی کے لیے ایک امرت ہے کیونکہ آپ کی حیاتیاتی گھڑی ان لوگوں کی نسبت سست ہوجاتی ہے جنہیں آپ پیچھے چھوڑ آئے ہیں۔ ہم انسانوں کے لیے جو صرف ایک صدی یا اس سے زیادہ عرصے تک زندہ رہتے ہیں، یہ ظہور ستاروں تک کے سفر کا ایک عمل نمونہ پیش کرتا ہے جہاں خلائی وقت کی ایک جادوئی نمائش بالکل خبطی ہوجاتی ہے۔

انیسویں صدی کا ماہر فلکیات ولیم ہرشل اپنے بیٹے جان کے ساتھ کائنات کے عجائبات بانٹنا پسند کرتا تھا۔

John Michell

میرا ایک دوست تھا۔ بہت ہوشیار۔ لیڈز کے علاقے میں ایک ماہر فلکیات اور ایک راہب۔ جس کا نام جان مِچل (John Michell) تھا۔ غریب آدمی اس وقت مر گیا جب تم بچے تھے، خدا اس کی روح کو آرام دے۔ اس کا خیال تھا کہ کچھ ستارے پوشیدہ ہیں۔ وہ واقعی موجود ہیں، لیکن ہم انہیں کبھی نہیں دیکھ سکیں گے۔ ”تاریک ستارے،“ مِچل نے انہیں نام دیا۔

بصد احترام والد، یقیناً آپ کا دوست غلط تھا۔ اگر کوئی انہیں دیکھ نہیں سکتا تو ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ وہ موجود ہیں؟

کیا تم نے اس آدمی کو دیکھا تھا جس نے یہ قدموں کے نشان چھوڑے جان؟
نہیں، ابا۔ میں نے نہیں دیکھا۔
لیکن تم جانتے ہو کہ وہ موجود ہے، جان۔

مِچل ان عظیم سائنسدانوں میں سے ایک ہیں جس کے بارے میں آپ نے شاید کبھی نہیں سنا ہو گا۔ وہ اٹھارہویں صدی میں انگلینڈ میں رہتا اور کام کرتا تھا۔ اگر کبھی اس نے اپنی کوئی تصویر بنوائی بھی تو اب موجود نہیں ہے۔ اسے ایک بار ایک جاننے والے نے ”ایک چھوٹا سا آدمی، سیاہ رنگت اور موٹے“ کے طور پر بیان کیا تھا۔ مِچل نے ایک بہت ہی بڑے ستارے کا تصور کیا کہ کوئی بھی چیز، یہاں تک کہ روشنی بھی، اس کی کشش ثقل کی گرفت سے فرار نہیں ہو سکتی۔

کیا آپ کو وہ تاریک ستارہ مل سکتا ہے؟ آپ اسے اپنی آنکھوں سے براہِ راست نہیں دیکھ سکتے، لیکن یہ کائناتی ساحل پر ایک قسم کا نقش چھوڑ سکتا ہے۔ مِچل نے محسوس کیا کہ ہم ان تاریک ستاروں میں سے کچھ کو ان کی انتہائی کشش ثقل کی وجہ سے تلاش کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی ایک چھوٹے، چمکدار ساتھی ستارے کے قریب ہوتا ہے، تو وہ ستارہ کسی بھی چیز کے گرد تنگ مدار میں سفر کرتا دکھائی دے گا۔ اگرچہ ہم اسے نہیں دیکھ سکتے، ہم جانتے ہیں کہ بہت زیادہ بڑے پیمانے پر وہاں کچھ ہونا ضروری ہے۔ ایک سیاہ ستارہ، یا جسے آج ہم بلیک ہول کہتے ہیں۔

بلیک ہول دیکھنے میں کیسا لگتا ہے اور اندر سے کیسا ہو گا؟ ہم وہاں پہنچ جائیں گے، لیکن سب سے پہلے، آئیے اپنے آبائی شہر، نیو یارک سٹی میں تھوڑی دیر کے لیے رکتے ہیں، جہاں مجھے ہمیشہ ایسا لگتا تھا کہ سب کچھ مسلسل حرکت میں ہے۔ میں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ یہاں گزارا ہے۔ دیکھنے کے لئے ہمیشہ یہاں کچھ نیا ہوتا ہے۔ لیکن ایک چیز کبھی نہیں بدلتی۔ کشش ثقل۔ زمین پر کشش ثقل پچھلے ساڑھے چار ارب سالوں سے یکساں ہے۔

لیکن کیا ہو گا اگر آج ہم اسے تبدیل کر سکیں؟ جیسا کہ آئن سٹائن نے دکھایا کشش ثقل خلائی وقت کی شکل میں ایک خرابی ہے۔ خلا بغیر کسی حد کے پھیلائی، سکیرٹری اور لپیٹی جا سکتی ہے۔ اگر زمین کا حجم یا کثافت تھوڑی مختلف ہوتی تو اس کی کشش ثقل بھی مختلف ہوتی۔ امکانات لامحدود ہیں۔ نیو یارک کے لوگ زمین کی کشش ثقل جو اپنے گھر میں محسوس کرتے ہیں، اسے ”ایک جی“ کہا جاتا ہے۔ فرض کریں کہ ہم اس کی ایک سڑک پر کشش ثقل کو بند کر دیتے ہیں۔

وہ لوگ اور اشیاء جو پہلے سے حرکت میں تھیں، ایک دم سے اُڑنے لگیں گی۔ اب کیا ہو گا اگر میں کشش ثقل کو آٹھ یا نو جی کر دوں؟ ہمدردی کیجیے، آئیے علاقہ خالی کراتے ہیں۔ یہ اسی جی قوت کے بارے میں ہے جو ایک لڑاکا پائلٹ تیز رفتار موڑ پر محسوس کرے گا۔ اس کے چند منٹ آپ کو تکلیف نہیں دیں گے، لیکن یہ آرام دہ نہیں ہو گا۔ ایک لاکھ جی پر، یہاں تک کہ فائر ہائیڈرنٹس بھی اپنے ہی بہت زیادہ وزن سے کچلے جائیں گے۔ لیکن لاکھوں جی پر، یہاں تک کہ روشنی بھی کشش ثقل کی طرف جھک جاتی ہے۔

روشنی اب بھی اپنی مستقل رفتار سے حرکت کرتی ہے، لیکن یہ بھی بچ نہیں پائے گی۔ مِچل کا سیاہ ستارہ ہمارا بلیک ہول ہے۔ اور قریب ترین بلیک ہول آپ کے خیال سے بھی زیادہ قریب ہو سکتا ہے۔ ہر ستارہ بلیک ہول نہیں بن سکتا۔ ایک ہزار میں سے صرف ایک جو کافی بڑا ہو۔ زمین سے قریب ترین زمین سے ایک سو نوری سال کے اندر ہو سکتا ہے۔ بلیک ہولز سائنس فکشن کے دیومالائی کائناتی ویکیوم کلینر نہیں ہیں۔ وہ غیر مشکوک دنیاؤں کو ہڑپتے نہیں جاتے۔

آپ کو ان کے پاس جانا ہوتا ہے۔ لیکن اگر آپ نے ایسا کیا، تو یہ آخری چیز ہو سکتی ہے جسے آپ نے کبھی دیکھا ہو گا۔ یہ ہم تھے جو کشش ثقل کے چند ملین جی کے خلاف مزاحمت کر رہے تھے۔ یہ مت بھولیے، وہ چیز روشنی نگل جاتی ہے۔ ہمیں اپنا فاصلہ برقرار رکھنا ہے۔ جب دیو ہیکل ستارے اپنا جوہری ایندھن ختم کر دیتے ہیں، تو وہ اپنی کشش ثقل کے اندرونی کھچاؤ کو روکنے کے لیے اب اتنے گرم نہیں رہ سکتے۔ بڑے ستاروں میں بہت سے اپنی کشش ثقل کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں اور اندھیرے میں گر جاتے ہیں۔

یہ بلیک ہول ایک دیوہیکل ستارے کی سکڑتی ہوئی لاش کو گھیرے ہوئے ہے۔ ستارہ خود اس اندھیرے سے بھی چھوٹی چیز میں سکڑ گیا ہے، صرف چونسٹھ کلومیٹر چوڑا۔ یہ اب تک کا دریافت ہونے والا پہلا بلیک ہول ہے۔ Cygnus X۔ 1۔ زمین پر ہمیں اتنی چھوٹی، تاریک اور دور دراز چیز کیسے ملی؟ ہم نے اسے ایک اور قسم کی روشنی میں دیکھا۔ ایکس رے۔ ایکس رے کی روشنی میں، ہم نے نیلے ستارے کا نظارہ کھو دیا کیونکہ اس کی سطح تیس ہزار ڈگری گرم ہے۔

لیکن بلیک ہول کے ارد گرد گیس کا گھیرا ایکس رے میں ایک سو ملین ڈگری پر شاندار طریقے سے چمک رہا تھا۔ جیسا کہ ولیم ہرشل نے دریافت کیا تھا کہ بہت سے ستاروں کے قریبی ساتھی ہوتے ہیں جو مل کر جوڑی دار ستاروں کا نظام بناتے ہیں۔ لیکن اگر اس طرح کے جوڑے کا ایک رکن بہت بڑا اور دوسرا چھوٹا ہے، تو چھوٹا ستارہ اپنے بڑے بھائی کے ماحول کو خالی کر سکتا ہے اور نگل سکتا ہے۔ یہ اعصابی تعلق لاکھوں سال تک قائم رہ سکتا ہے۔

بڑے ستارے کے ماحول کو ایک چمکتی ہوئی گرم پھیلتی ہوئی ڈِسک پر ڈالا جا رہا تھا جو بلیک ہول کے گرد دائروں میں گھومتی ہے۔ زبردست کشش ثقل نیلے ستارے کی گیس کو خلائی وقت کی حدود کو عبور کرتے ہوئے، دوبارہ کبھی نا نظر آنے کے لیے موت کے دائرے میں گھسا دیتی ہے۔ وہ اہم سر حد جو بلیک ہول کو باقی کائنات سے الگ کرتی ہے اسے واقعاتی افق (event horizon) کہا جاتا ہے۔ ہمارے نقطہ نظر سے، ڈِسک میں موجود مادہ واقعاتی افق کے قریب پہنچتے ہی سست ہو جاتا ہے، اور کبھی بھی اس تک نہیں پہنچ پاتا۔

لیکن اگر آپ اس دائروں میں گھومتی گیس پر سوار ہوتے۔ اور میں اس کا مشورہ نہیں دوں گا۔ آپ واقعاتی افق سے چند سیکنڈوں میں اس غیر دریافت شدہ علاقے میں چلے جائیں گے جہاں سے کوئی مسافر واپس نہیں آتا۔ ہم نے درجنوں کہکشاؤں کے قلوب کو تلاشا ہے، اور ہر معاملے میں، ہمیں ایک بہت بڑا بلیک ہول ملا ہے۔ ہماری اپنی کہکشاں بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ ہماری کہکشاں کے مرکز کے قریب ترین ستارے چالیس ملین کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے گھومتے ہیں۔

کیا چیز انہیں اتنی تیزی سے حرکت پر مجبور کر سکتی ہے؟ واحد منطقی وضاحت یہ ہے کہ چار ملین سورجوں کے حجم جیسی کوئی چیز مرکز میں موجود ہے۔ تو، چار ملین سورجوں کی چمکتی ہوئی روشنی کہاں ہے؟ چونکہ ہم اسے دیکھ نہیں سکتے، اس لیے یقیناً وہ بلیک ہول کے اندر قید ہوگی۔ زمین بالکل محفوظ ہونے کے لیے کافی دور ہے۔ دوسری دنیائیں شاید اتنی خوش قسمت نہ ہو۔ اگر آپ کسی نہ کسی طرح واقعاتی افق کے خطرناک سفر سے بچ نکلے، تو آپ پیچھے مڑ کر دیکھ سکیں گے اور کائنات کی مستقبل کی پوری تاریخ کو اپنی آنکھوں کے سامنے وا ہوتے دیکھ سکیں گے۔ کیسے؟ کیونکہ جب خلائی وقت بلیک ہول کی انتہائی کشش ثقل میں لپٹ جاتا ہے تو وقت اپنی آخری حد تک کھچ جاتا ہے۔ لیکن، آپ کے سامنے کیا ہو گا؟ وہاں جانے سے پہلے، مجھے آپ کو خبردار کرنا ہے کہ ہم نامعلوم سائنسی علاقے میں داخل ہو رہے ہیں۔

جتنا ہم جان پائیں ہیں وہ یہ ہے کہ، طبیعیات کے ایسے غیر دریافت شدہ قوانین ہو سکتے ہیں جو بلیک ہول کے مرکز میں ہونے والے واقعات کو کنٹرول کرتے ہیں۔ لیکن جب تک اگلا آئن سٹائن نہیں آتا، آئیے ایک سوچ کا تجربہ کرتے ہیں۔ اسی طرح جان مِچل نے پہلی بار اٹھارہویں صدی میں تاریک ستاروں کا تصور کیا تھا، اور آئن سٹائن نے نظریہ اضافیت کا۔

ابا، کیا آپ بھوتوں پر یقین رکھتے ہیں؟

اوہ، نہیں، انسانی قسم کے بھوتوں پر نہیں۔ نہیں، بالکل نہیں۔ لیکن دیکھو، میرے بیٹے، اُن سے بھرا ہوا آسمان دیکھو۔

اگر آپ بلیک ہول کے سفر سے زندہ بچ جائیں، تو آپ ہماری اپنی کائنات میں کسی اور جگہ اور وقت میں ابھر سکتے ہیں، اضافیت کے پہلے حکم کو روندتے ہوئے کہ آپ روشنی سے زیادہ تیز سفر نہیں کریں گے۔ روشنی سے زیادہ تیز خلا میں کوئی چیز نہیں چل سکتی۔ لیکن خلاء محض خالی پن نہیں ہے۔ اس کی خصوصیات پھیل سکتی ہیں، سکڑ سکتی ہیں اور بد ہیئت ہو سکتی ہیں۔ اور جب ایسا ہوتا ہے تو وقت بھی بگڑ جاتا ہے۔ آئن سٹائن نے دریافت کیا تھا کہ زماں و مکاں ایک ہی چیز کے دو پہلو ہیں، سپیس ٹائم یا خلائی وقت۔

اسپیس ٹائم خود آپ کو کسی بھی رفتار سے کہیں بھی لے جانے کے لیے کافی بد ہیئت ہو سکتا ہے۔ بلیک ہولز کائنات میں سرنگیں ہو سکتے ہیں۔ اس بین الکہکشانی سب وے سسٹم پر، آپ اسپیس ٹائم کے سب سے دور تک سفر کر سکتے ہیں، یا آپ کسی بہت ہی حیرت انگیز جگہ پہنچ سکتے ہیں۔ ہم اپنے آپ کو بالکل مختلف کائنات میں پا سکتے ہیں۔ لیکن ایک پوری کائنات بلیک ہول کے اندر کیسے سما ء سکتی ہے، جو ہماری کائنات کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہے؟

یہ اسپیس ٹائم کی ایک اور جادوئی چال ہے۔ بلیک ہول کی غیر معمولی کشش ثقل اپنے اندر موجود پوری کائنات کی جگہ کو لپیٹ سکتی ہے۔ ہماری مقامی کشش ثقل ہمارے لیے ایک بڑی بات ہو سکتی ہے، لیکن منہدم ستارے کے اندر جو کچھ ہوتا ہے اس کے مقابلے میں یہ واقعی بہت ہی کمزور ہے۔ جہاں تک ہم جانتے ہیں، جب ایک بڑا ستارہ بلیک ہول بنانے کے لیے مرتا ہے، تو مرکز میں انتہائی کثافت اور دباؤ بگ بینگ جیسا ہوتا ہے، جس نے ہماری کائنات کو جنم دیا۔ اور بلیک ہول کے اندر ایک کائنات اپنے بلیک ہولز کو جنم دے سکتی ہے۔ اور یہ دوسری کائناتوں کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ شاید اس طرح ہماری کائنات وجود میں آئی ہو۔ جتنا ہم جان پائے ہیں، اگر آپ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ بلیک ہول کے اندر کیسا ہے، تو بس اپنے ارد گرد دیکھیں۔

ولیم ہرشل یہ دریافت کرنے چلا تھا کہ سورج اور اس کے سیارے ملکی وے کہکشاں سے گزر رہے ہیں۔ اور اس کے بیٹے جان کا کیا ہوا؟ وہ بڑا ہو کر ایک عظیم سائنسدان بن گیا۔ اس کے گہرے خلائی مشاہدات اس کے والد کے مشاہدات پر استوار تھے اور کہکشاؤں کے معیاری کیٹلاگ کی بنیاد بنے جو ہم آج تک استعمال کرتے ہیں۔ جب ولیم کی صحت خراب تھی، جان اس کے ساتھ رہا۔ لمبی راتوں میں اپنے ٹیلی سکوپ پر ستاروں کو دیکھنے میں اس کی مدد کرتے ہوئے۔

اور جب اس کے والد کا انتقال ہوا تو جان نے اس کے لوحِ مزار پر لکھا ”اس نے آسمان کی دیواروں کو توڑا۔“ جان اکثر اپنے والد کے ساتھ گرمیوں کی ان راتوں کی یاد تازہ کرتا تھا۔ شاید اسی لیے اس نے ماضی کو محفوظ کرنے کا راستہ تلاش کیا۔ جان ہرشل (John Herschel) ٹائم ٹریول کی ایک نئی شکل کے بانیوں میں سے ایک تھا، جو روشنی اور یادوں کو حاصل کرنے کا ایک ذریعہ تھا۔ اس نے دراصل اس کے لیے ایک لفظ ایجاد کیا، فوٹو گرافی۔

جب آپ اس کے بارے میں سوچیں تو، فوٹو گرافی وقت کے سفر کی ایک شکل ہے۔ وہ آدمی صدیوں سے ہمیں گھور رہا ہے، وہ بھوت جسے روشنی نے محفوظ کیا۔ یہ تصور کرنا مشکل نہیں ہے کہ مستقبل قریب میں، ہم تینوں جہتوں میں ماضی کو قید سکیں گے۔ ہم یاداشت کے اندر قدم رکھ سکیں گے۔ وقت کے ساتھ پیچھے کی طرف سفر کرنا تو شاید ممکن نہیں، لیکن شاید، ایک دن، ہم ماضی کو اپنے پاس لا سکیں گے۔

یہاں میرے ماضی کا ایک لمحہ ہے۔ جان ہرشل کی طرح، مجھے اپنی نوجوانی یاد آ رہی ہے۔ 20 دسمبر 1975۔ ایتھیکا، نیویارک کا ایک میں برفانی دن۔ یہ وہ دن تھا جب میں کارل سیگن سے ملا تھا۔ مجھے آسمان کے ان بھوت ستاروں کی یاد دلاتا ہے جنہیں آپ جانتے ہیں، وہ جو اب بھی اپنے جانے کے کافی عرصے بعد اپنی روشنی سے ہمیں منور کر رہے ہیں۔

(نیل ڈی گراس ٹائسن، ایسٹرو فیزیسیسٹ، مصنف اور سائنسی رابطہ کار، کی مشہور دستاویزی فلم کوسموس کی چوتھی قسط کا ترجمہ جاوید صدیق نے کیا ہے۔ )

Facebook Comments HS