منفی سوچ سے چھٹکارا پانے کے 7 آسان طریقے
کیا آپ منفی سوچ کا شکار ہیں؟ کیا آپ کو ہر وقت مختلف طرح کے وسوسے گھیرے رہتے ہیں؟ کیا آپ کو بھی اپنا مستقبل غیر یقینی لگتا ہے۔ کیا آپ ان توانائی نچوڑ دینے والی منفی سوچوں سے آزادی حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کیا چاہتے ہیں کہ آپ ایک پرسکون ذہن حاصل کر سکیں جو ہر طرح کی منفی سوچ اور فکر سے آزاد ہو۔
تو اس آرٹیکل کو غور سے پڑھیں۔
منفی سوچ ایک ایسی چپک ہے جو آپ کے دماغ سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت چھین لیتی ہے اور آپ کے جسم کو توانائی سے محروم کر دیتی ہے۔
انسان کے ذہن میں منفی سوچ کس طرح غلبہ حاصل کر لیتی ہے اور کیسے انسان اس کے ہاتھوں کے بے بس ہو جاتا ہے یہ ایک الگ موضوعِ بحث ہے۔
ہم یہاں اس حوالے سے بات کریں گے کہ کیسے اس منفی سوچ سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
1۔ منفی سوچوں کے لئے وقت مختص کریں :
اگر آپ کو لگتا ہے کہ منفی سوچ آپ کی شخصیت کا مستقل حصہ بنتی چلی جا رہی ہے تو اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپ ان کے لئے وقت مختص کر سکتے ہیں۔ یہ وقت صبح کا بھی ہو سکتا ہے، شام کا بھی یا جو بھی پہر آپ کو مناسب لگے اس وقت 10 منٹ سے 20 منٹ منفی سوچنے کے لئے مختص کر دیں۔ اپنے مختص کردہ وقت میں دن بھر کے لئے منفی سوچ لیں۔ جس طرح کے بھی آپ کو خیالات آتے ہیں انھیں آنے دیں روکنے کی کوشش نہ کریں۔
اس سارے سیشن میں آپ کا یہی کام ہو گا کہ آپ نے صرف منفی ہی سوچنا ہے۔ اچھا سوچنے کی کوشش بھی نہیں کرنی۔
مگر جب یہ وقت گزر جائے تو اس کے بعد اپنے دماغ میں کسی بھی طرح کی منفی سوچ کو جاگزیں نہیں ہونے دینا۔ دن یا رات کے کسی بھی لمحے آپ کو منفی خیال آئے تو اسے یہ سوچ کر فوراً ذہن سے نکال دیں کہ اس کام کے لئے آپ کے پاس مخصوص وقت موجود ہے۔
جب آپ مستقل مزاجی سے لمبے وقت تک ایسا کریں گے تو آپ کے منفی سوچنے کی عادت ختم ہونے لگے گی۔
2۔ اپنے ساتھ دوستی کریں :
عموماً ایسا ہوتا ہے کہ ہماری 90 فیصد خود کے ساتھ کی گئی گفتگو منفی نوعیت کی ہوتی ہے۔ اس گن گفتگو کو بدلیں اور منفی باتوں کی جگہ مثبت اور تحریکی باتیں لے کر آئیں۔
خود کو ماضی کی کامیابیاں یاد دلائیں، مشکل حالات سے نمٹنا یاد دلائیں اور خود کو اس بات کا یقین دلائیں کہ آپ حقیقی اور دیر پا کامیابی کے حقدار ہیں اور آپ کامیابی حاصل کر کے ہی رہیں گے۔
3۔ مثبت سوچنے کے لئے شعوری کوشش کریں :
منفی سوچ آپ کو خود بخود آئے گی مگر مثبت سوچنے کے لئے آپ کو شعوری کر شش کرنا ہوتی ہے۔ جب بھی آپ کے دماغ میں منفی خیال آئے تو اسے کسی اچھی مثبت سوچ کے لئے بدلنے کی کوشش کریں۔ شروع شروع میں آپ کا کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا مگر کچھ وقت کی مشق کے بعد آپ کا دماغ اس چیز کا عادی ہو جائے گا اور آپ باآسانی ایسا کر سکیں گے۔
4۔ خود کو سوالات پوچھیں :
منفی سوچ سے نجات حاصل کرنے کا ایک موثر طریقہ خود سے سوالات پوچھنا بھی ہو سکتا ہے۔ جب بھی آپ کے دماغ پر منفی سوچوں کا غلبہ ہو نے لگے تو خود کو اسی وقت روکیں اور اس طرح کے اپنے آپ سے سوالات پوچھیں،
اس طرح کی سوچوں کا مجھے کیا فائدہ ہو رہا ہے؟ کیا میں اس سے بہتر سوچ سکتا ہوں کہ نہیں؟ جب سوچ کو کنٹرول کرنے کا اختیار میرے پاس ہے تو پھر میں منفی ہی کیوں سوچ رہا ہوں میں اس کی جگہ مثبت بھی تو سوچ سکتا ہوں۔
مجھے مثبت سوچنے کے کیا کیا فوائد ہوسکتے ہیں؟ منفی سوچ مجھے کس طرح ذہنی، جسمانی، روحانی، معاشی، خاندانی اور معاشرتی و پیشہ ورانہ طور پر نقصان پہنچا رہی ہے؟ کیا میں اسی سوچ کے ساتھ زندگی میں ترقی کر سکتا ہوں؟
جب آپ خود سے اس طرح کے سوالات پوچھیں گے تو نہ صرف آپ کو ذہنی طور پر کلیرٹی ملتی چلی جائے گی بلکہ آپ کا اپنی سوچ پر اختیار بھی بحال ہونے لگے گا۔
5۔ منفی سرگرمیوں سے دور رہیں :
چند لمحے یہی رک کر اپنی روز مرہ کی روٹین پر فوکس کریں اور جاننے کی کوشش کریں کہ آپ کا زیادہ وقت کس طرح کی سرگرمیوں میں گزرتا ہے، کہیں آپ بہت زیادہ سوشل میڈیا کا تو استعمال نہیں کرتے، یا پھر اخبار کے مطالعے یا پھر نیوز چینل کے عشق میں تو مبتلا نہیں۔
اگر ایسا ہے تو اپنی ان عادتوں کو بدلنے کے لئے فوراً ایکشن لیں۔ ان کی جگہ ورزش اور مطالعے جیسی عادتیں لے کر آئیں۔ اپنے دماغ کا ہر وہ راستہ بند کر دیں جہاں سے آپ کے دماغ میں منفی سوچ داخل ہوتی ہے۔
6۔ مثبت خود کلامی کیجئے :
خود کلامی میں بہت طاقت ہے۔ اگر آپ منفی خود کلامی کریں گے تو اس کا آپ کی شخصیت پر انتہائی برا اثر قائم ہو گا۔ جب کہ اس کے برعکس اگر آپ افرمیشن یعنی مثبت خود کلامی کا استعمال کرتے ہیں تو آپ ہر وہ چیز حاصل کر سکتے ہیں جس کی آپ کو حاصل کرنے کی تمنا ہے۔
افرمیشن کیا ہوتے ہیں، ان کی ہماری زندگی میں کیا اہمیت ہے اور یہ کیسے ہماری ذہنی و جسمانی صحت کو بدل سکتے ہیں، اس حوالے سے تحقیق کریں اور اپنے لئے اچھے اچھے 10 افرمیشن تلاش کر کے لکھیں اور دن کے مختلف اوقات میں انھیں دہراتے رہیں۔
7۔ بہترین روٹین سیٹ کریں :
ہر کامیاب شخص کی ایک مخصوص طرح کی روزمرہ کی روٹین ہوتی ہے وہ اپنے دن رات کے پہر اسی کے مطابق گزارتا ہے۔ اسے پتہ ہوتا ہے کہ اس نے صبح اٹھ کر کیا کرنا ہے رات کو کس وقت سونا ہے سونے سے پہلے کیا کرنا ہے، کس وقت ورزش کرنی ہے اور کس وقت مطالعہ کرنا ہے۔ جب کہ ایک عام یا ناکام شخص کی کوئی روٹین ہوتی ہی نہیں۔ اسے احساس ہی نہیں ہوتا کہ اس کے لئے کیا اہم ہے اور کیا غیر اہم۔
اسی وجہ سے وہ بہت جلد ذہنی دباؤ، مختلف طرح کے وسوسوں اور منفی سوچ کا شکار ہو جاتا ہے۔ منفی سوچ سے نجات حاصل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے لئے اہداف مقرر کریں، انھیں حاصل کرنے کے لئے ایک واضح اور حتمی منصوبہ بنائیں اور پھر اس کے مطابق اپنی روٹین سیٹ کریں۔ اور اس پر سختی سے کاربند ہو جائیں۔
یہی چیز نہ صرف آپ کی موٹیویشن کو برقرار رکھے گی بلکہ آپ کو خود اعتمادی بھی دے گی اور آپ کی آنے والے وقت میں کامیابی کا بھی سبب بنے گی۔
یہ حقیقت ہے کہ انسان ہر وقت پرجوش اور موٹیویٹڈ نہیں رہ سکتا۔ کسی کسی وقت اس پر منفی سوچ کا بھی غلبہ ہو جاتا ہے، لیکن اگر مستقل طور پر دماغ میں منفی سوچ ڈیرے ڈال لے تو یقیناً یہ ایک بڑا مسئلہ ہے اور اسے نجات حاصل کرنے کے لئے ضرور کوشش کرنی چاہیے۔ یقینی طور پر اس آرٹیکل میں بتائے گئے طریقوں سے آپ منفی سوچ پر غلبہ حاصل کر کے دوبارہ سے اپنی زندگی کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے سکتے ہیں۔


