کام کی تبدیلی نہیں، خیالات کی تبدیلی کی ضرورت
اکثر لوگ جو عرصہ دراز سے کسی مخصوص شعبے میں کام کر رہے ہوتے ہیں، وہ صبح سے شام تک اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے باوجود اپنے کام سے مطمئن نہیں ہوتے۔ اس عدم اطمینان کی وجوہات میں سے ایک بنیادی وجہ ان کے خیالات اور رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے، نہ کہ ان کے کام کی نوعیت میں۔ اس مضمون میں ہم اس بات پر غور کریں گے کہ کیسے خیالات کی تبدیلی لوگوں کو اپنے کام میں خوشی اور اطمینان دے سکتی ہے۔
بہت سے لوگ اپنے کام سے عدم اطمینان کا شکار ہوتے ہیں اور اس کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔
روزانہ ایک ہی قسم کے کام کرنا بوریت کا باعث بنتا ہے۔
مسلسل محنت اور دباؤ کے باعث ذہنی اور جسمانی تھکن پیدا ہوتی ہے۔
کئی بار لوگوں کو ترقی اور نئے مواقع میسر نہیں آتے، جو ان کے حوصلے پست کرتے ہیں۔
حقیقی مسئلہ اکثر کام میں نہیں، بلکہ لوگوں کے خیالات اور نظریات میں ہوتا ہے۔ خیالات کی تبدیلی سے مراد یہ ہے کہ لوگ اپنے کام کو نئے نظریات اور زاویوں سے دیکھیں۔ اس کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے درج ذیل نکات پر غور کیا جا سکتا ہے۔ اگر لوگ اپنے کام میں دلچسپی پیدا کریں اور اسے نئے انداز سے دیکھیں تو ان کا شوق بحال ہو سکتا ہے۔ منفی خیالات کو ترک کر کے مثبت سوچ اپنانے سے کام میں بہتری آ سکتی ہے۔ لوگ اگر اپنے کام میں کسی نہ کسی طور پر تسکین اور اطمینان ڈھونڈنے کی کوشش کریں تو ان کی کارکردگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اگر کسی کو ذہن میں نئے خیالات نہیں آ رہے تو انہیں ایسی مجلسوں اور کارنر میٹنگز میں شامل ہونا چاہیے جہاں جدید خیالات اور تخلیقی سوچ پر بحث ہوتی ہو۔ یہ کارنر میٹنگز اور مجالس ان کے لیے خیالات کی تازگی کا باعث بن سکتی ہیں۔ اگر ممکن ہو سکے تو ہر ہفتہ کسی ایسی نشست میں جائیں جہاں مختلف شعبہ جات کے لوگ آتے ہوں تاکہ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ مجھے اپنے زمانہ طالب علمی میں ایسے دوست میسر آئے جس سے مجھے نئے خیالات سیکھنے کو ملیں۔ آپ بھی اپنے ارد گرد پڑھے لکھے اور کام کے ماہرین کو تلاش کر سکتے ہیں اور کسی ایک موضوع کو رکھ کر بات کر سکتے ہیں چاہے پارک میں بیٹھیں یا کسی دوست کے ہاں۔
خیالات کی تبدیلی کے عملی طریقے مختلف ہو سکتے ہیں۔ لوگ اپنے کام میں نئے مقاصد اور اہداف مقرر کریں، جو ان کے لیے چیلنجنگ ہوں۔ نئی مہارتیں سیکھنے اور اپنی قابلیت میں اضافہ کرنے سے لوگ اپنے کام میں مزید بہتری محسوس کر سکتے ہیں۔ کام کے دوران ساتھیوں کے ساتھ بہتر تعلقات اور تعاون سے بھی خیالات کی تبدیلی ممکن ہے۔ ایسے لوگوں کی مجلس میں جائیں جہاں نئے خیالات زیر بحث آتے ہوں اور جدت کو پسند کیا جاتا ہو۔ یہ مجالس خیالات کی تازگی اور تخلیقی سوچ کو بڑھاوا دیتی ہیں۔ نئی چیزیں سیکھنے کے لیے پرانی فرسودہ چیزوں کو بھلانا بھی ضروری ہے۔ یہ عمل انلرننگ کہلاتا ہے، جو نئے خیالات اور مہارتوں کے راستے کھولتا ہے۔
مثال کے طور پر، ڈاکٹر عطاء الرحمن، جو پاکستان کے معروف سائنسدان ہیں، نے پاکستانی تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں کیں۔ وہ کئی سال تک بین الاقوامی اداروں میں کام کرتے رہے، لیکن اپنے ملک کی خدمت کا جذبہ انہیں واپس پاکستان لے آیا۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بنیاد رکھی اور تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے نئے خیالات اور طریقے متعارف کروائے۔ ان کی قیادت میں پاکستانی یونیورسٹیوں کا معیار بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جانے لگا۔ اگر وہ بھی دوسرے لوگوں کی طرح بیرون ملک ہی رہنے کا فیصلہ کرتے تو شاید یہ تبدیلیاں ممکن نہ ہوتیں۔
پاکستان میں رہنے والے بہت سے لوگ اپنے ملک کے حالات سے مایوس ہو کر بیرون ملک جانے کا ارادہ کرتے ہیں۔ ان کے خیال میں ملک نہیں بدل سکتا، حالانکہ حقیقت میں مسئلہ ملک کا نہیں بلکہ اس کے نظام اور سسٹم کا ہے۔ جس ملک میں کوئی شخص جانا چاہتا ہے، اصل میں اس ملک کا نظام اور سسٹم بہتر ہے۔ یہاں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ باہر جاکر پڑھنے یا کام کرنے میں کوئی برائی نہیں لیکن ملک بدر ہونا مناسب نہیں۔ کچھ اساتذہ اور ماہرین ہر وقت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ملک چھوڑ دو، یہاں بندے کی قدر نہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں بھی نظام اور سسٹم کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے خیالات کو تبدیل کریں اور ملک میں رہ کر ہی بہتری کی کوشش کریں۔ اگر لوگ بیرون ملک سے تعلیم اور تجربہ حاصل کر کے واپس آئیں اور اپنے ملک کے سسٹم کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں تو یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ ملک کے لیے بھی فائدہ مند ہو گا۔
یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ جو لوگ اپنے خیالات کو نہیں بدلتے، وہ نہ صرف خود مایوسی کا شکار رہتے ہیں بلکہ اپنے ماتحتوں اور ٹیم کے دیگر افراد کی زندگی بھی اجیرن بنا دیتے ہیں۔ ایسے لوگ نہ تو خود نئے آئیڈیاز پر کام کرتے ہیں اور نہ ہی دوسروں کو کرنے دیتے ہیں۔ جب ان مایوس افراد سے کام بڑھانے یا کام کے طریقہ کو تبدیل کرنے کے بارے میں کہا جائے تو یہ فوراً باور کراتے ہیں کہ دنیا کے جتنے بھی دستیاب حل ہیں، وہ سب استعمال کیے جا چکے ہیں۔ ان کا یہ رویہ ان کی ناکامی کا سب سے بڑا سبب ہوتا ہے کیونکہ یہ نہ تو خود اپنے آپ کو بدلنے کی جسارت کرتے ہیں اور نہ ہی اپنے خیالات کو تبدیل کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ اس کی وجہ سے ان کے ماتحت کام کرنے والے افراد مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ اکثر اوقات لوگ کام کی تبدیلی کے بجائے خیالات کی تبدیلی سے ہی اپنی زندگی میں خوشی اور اطمینان حاصل کر سکتے ہیں۔ اپنے کام کو نئے زاویوں سے دیکھنا اور مثبت سوچ اپنانا ہی اصل کامیابی کی کنجی ہے۔ جب لوگ اپنے خیالات بدلتے ہیں تو نہ صرف ان کا کام بہتر ہوتا ہے بلکہ ان کی ذاتی زندگی بھی خوشحال ہو جاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے خیالات کو نیا رخ دیں، اپنی مجلسوں کو تبدیل کریں، اور اپنے کام میں نیا جذبہ پیدا کریں۔ نئی چیزیں سیکھنے کے لیے پرانی فرسودہ باتوں کو بھلانا ضروری ہے، اور اس عمل سے ہی ہم ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکتے ہیں۔


