کامیاب زندگی


Farrukh saleem Canada

اچھی اور کامیاب زندگی کا نسخہ صرف ایک لفظ سے عبارت ہے اور وہ ہے ”توازن“ ۔ اگر آپ اپنی زندگی کے مختلف شعبوں میں توازن قائم کر سکیں تو پھر آپ ایک اچھی اور کامیاب زندگی گزارنے کی امید کر سکتے ہیں۔

کوکا کولا کے سابق سی ای او برائن ڈائسن نے اپنی مختصر تقریر میں کامیاب زندگی کے کلیے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا

”زندگی کو ایک کھیل تصور کرو جس میں تم مداری کی طرح کئی گیندوں کو بیک وقت ہوا میں اچھال رہے ہو اور“ انہیں گرنے نہیں دینا ہے۔ تم انہیں مالی معاملات، فیملی، صحت، دوست اور سپرٹ Spirit کہہ سکتے ہو۔ تم بہت جلد ہی اس حقیقت کو سمجھ لو گے کہ تمہاری ملازمت یا کاروبار ایک ربڑکی گیند کی طرح ہے اگر یہ گر جاتی ہے تو اچھل کر واپس آ جائے گی لیکن دوسری گیندیں فیملی، صحت، دوست اور مذہب کانچ کی بنی ہوئی ہیں۔ اگر تم ان میں سے کسی ایک کو بھی گرا بیٹھے تو اس میں دراڑ پڑ سکتی ہے، اس طرح ریزہ ریزہ ہو سکتی ہے کہ وہ کبھی اپنی اصلی شکل میں واپس نہ آ سکے ”

ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کی تحقیق بھی اس کی تائید کرتی ہے۔ اس تحقیق کے مطابق آپ کو ان شعبوں میں توازن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا آپ کی ذات سے براہ راست ہے اور آپ کسی اور کو اس کے لئے دوش نہیں دے سکتے۔

1۔ جسمانی صحت
2۔ ذہنی اور جذباتی صحت
3۔ مالی معاملات
4۔ فیملی اور سماجی زندگی
5۔ عقل و دانش
6۔ مذہب اور روحانیات

1۔ جسمانی صحت

اس کا تعلق آپ کی غذا، ورزش اور صحتمند عادتوں سے ہے۔ اس کا سیدھا سادا مطلب یہ ہے کہ آپ کو شعوری طور پر اپنی صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ ویسے بھی ہم سنتے آئے ہیں کہ صحت نہیں تو کچھ نہیں۔

2۔ ذہنی اور جذباتی صحت

جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنی ذات، جذبات اور احساسات کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔ آپ کو اس بات سے بھی آگاہ ہونا چاہیے کہ جب آپ کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں تو آپ ان سے کیسے نبٹ سکتے ہیں

3۔ ملازمت/مالی معاملات

اس کا تعلق آپ کی پیشہ ورانہ زندگی اور اس سے جڑے ہوئے مالی معاملات سے ہے۔ آپ کو اپنے پیشے میں آگے بڑھنے، ترقی کرنے اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارتے رہنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اخراجات اور آمدنی میں توازن قائم رکھنے کی ضرورت ہے

4۔ فیملی اور سماجی زندگی

اس کا تعلق آپ کی فیملی، دوست احباب اور سماجی تعلقات سے ہے۔ یہ تعلقات آپ کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں اور جب آپ پر خدانخواستہ کوئی مشکل وقت آئے تو آپ ان پر انحصار کر سکتے ہیں۔ ان کو مناسب وقت دینے کی ضرورت ہے اور جب ان کو آپ کی ضرورت ہو، آپ کو موجود ہونا چاہیے

5۔ عقل و دانش

یہ آپ کی زندگی کا ایک اہم شعبہ ہے اور اس کا تعلق آپ کی سوچ، دانش، تخلیقی صلاحیتوں اور سیکھنے سکھانے سے ہے۔ اس کے مطابق آپ کو اپنے ذہن کو کھلا اور نئے خیالات کو فراخدلی سے سننے اور اچھے خیالات کو جذب کرنے کی ضرورت ہے۔ بند دماغ کے ساتھ آپ مقابلے کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ سکتے ہیں

6۔ روحانیات اور مذہب

اس کا تعلق مذہب اور اپنی ذات کی تلاش سے ہے۔ اس کی مدد سے آپ اپنی ذات کے اندر سکون و اطمینان اور ہم آہنگی کو فروغ دے سکتے ہیں

کامیاب زندگی۔ سوالنامہ

ان شعبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ہم نے ایک سوالنامہ ترتیب دیا ہے۔ یہ سوالنامہ نہ صرف ان شعبوں کی وضاحت کر سکے گا بلکہ آپ کو یہ جانچنے میں بھی مدد دے گا کہ آپ کی زندگی کتنی متوازن ہے۔ اگر آپ کی زندگی متوازن نہیں ہے تو آپ کو کن کن شعبوں میں بہتر توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

1۔ جسمانی صحت

میں متوازن اور صحت مند غذا کھاتا ہوں
میرا وزن میرے قد کی مناسبت سے صحیح ہے
میں ہفتہ میں کم از کم تین دفعہ ورزش کرتا ہوں یا ٹہلنے جاتا ہوں
میں عمومی طور پر صحت مند اور بیماری سے پاک ہوں

2۔ ذہنی اور جذباتی صحت

مجھ میں حس ظرافت ہے
میں اپنے جذبات کا اظہار احسن طریقے سے کر سکتا ہوں
میں جب بھی مشکل میں ہوں، میں خود کو سنبھال سکتا ہوں
دوسرے لوگ مجھے جذباتی طور پر متوازن شخص سمجھتے ہیں

3۔ ملازمت/مالی معاملات

میں اپنی اخراجات کو کنٹرول میں رکھتا ہوں
میں فضول خرچی، اصراف اور دکھاوے سے دور بھاگتا ہوں
میں مستقبل اور بچتوں کے حوالے سے واضح لائحہ عمل رکھتا ہوں
میں اپنی ملازمت، گھر اور دیگر معاملات میں توازن برقرار رکھتا ہوں

4۔ فیملی اور سماجی زندگی

میں دوسروں کے جذبات اور احساسات کا خیال رکھتا ہوں
میں اپنی فیملی اور دیگر لوگوں کے ساتھ مثبت تعلقات رکھنے میں یقین رکھتا ہوں اور ان کے لئے وقت نکالتا ہوں
میں دوسروں کے ساتھ معاملات سلجھانے میں پہل کرتا ہوں
میرے آس پاس کم ازکم تین ایسے لوگ ہیں جن سے میں دل کی بات کہہ سکتا ہوں

5۔ عقل و دانش

میں نئی سے نئی چیزیں سیکھنے میں دلچسپی رکھتا ہوں
میں مثبت خیالات رکھتا ہوں اور قنوطیت سے دور بھاگتا ہوں
میں خود کو تا حیات ایک طالب علم سمجھتا ہوں
میں اپنی ذہنی نشوونما اور ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہوں

6۔ روحانیت اور مذہب

میں خود پر اور دوسروں پر بھروسا کرتا ہوں، خود کو اور دوسروں کو معاف کرنے پر یقین رکھتا ہوں
میں عبادت کو زندگی کا ایک اہم جز سمجھتا ہوں
مجھے زندگی کی مقصدیت اور سمت کا پتہ ہے
انسانیت اور اخلاقیات میری میری زندگی کے رہنما اصول ہیں

آپ کے جوابات اور اس کا تجزیہ

1۔ آپ کے جتنے زیادہ جواب مثبت ہیں، آپ کی شخصیت اور زندگی اسی مناسبت سے متوازن ہے
2۔ اگر آپ کے زیادہ جوابات نفی میں ہیں تو ہر اس شعبہ میں جہاں آپ کا سکور کم ہے، اس پر غور فکر کرنے اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے

Facebook Comments HS