طاغوت
قارئین کرام ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں معروف موٹیویشنل سپیکر ساحل عدیم اور خلیل الرحمٰن قمر کو دیکھا جا سکتا ہے جس میں ایک بچی کو طاغوت کا مطلب پتہ نہیں تھا اور اس بنیاد پہ ساحل عدیم صاحب اس کو اور 95 فیصد خواتین کو جاہل کہہ رہے تھے جس پر بچی نے ساحل عدیم سے معافی کا مطالبہ کیا تو انہوں نے معافی نہیں مانگی، خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ بچی سے مائیک چھین لیں۔
اب آتے ہیں طاغوت کی طرف
طاغوت کا لفظ فتنوں کے لیے استعمال ہوتا ہے وہ فتنے جو سرکشی کی طرف لے جاتے ہیں۔
اب آتے ہیں ان مرد حضرات کی طرف اگر کسی بچی کو طاغوت کا مطلب ہی نہیں پتہ تو آپ اس سے اس پہ بات کیوں کر رہے ہیں اس کا مطلب تو یہ ہے کہ طاغوت کو یہ خود پروموٹ کر رہے ہیں۔
اسلام ہمیں تعلیم دیتا ہے کہ نرم لہجہ رکھیں خواتین، کی عزت کریں، کوئی عورت جتنی بھی بری کیوں نہ ہو اس کی عزت اس لیے کریں کیونکہ وہ عورت ہے، عورت کی وجہ سے ہی پیغمبر اس دنیا میں آئے ہیں اور عورت کی گود ان کی پہلی درسگاہ بنی ہے جبکہ ساحل عدیم کا طاغوت کا چورن اس جگہ بیچنا جہاں کوئی خریدنا ہی نہ چاہے یہ کہاں کی عقلمندی ہے۔
سوال تو ساحل عدیم سے پوچھنا چاہیے کہ اس وقت دنیا میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو خدا کے وجود کے بھی انکاری ہیں اور اگر آپ انہیں اسلام کی طرف لانا چاہیں گے تو اس طرح لائیں گے؟
آپ اس طرح اس سے بات کریں گے جس طرح بچی سے کی؟
میں خود ہیلنگ انڈسٹری سے جڑی ہوں اور صوفی ازم میری رگوں میں ہے لیکن جب کوئی کہتا ہے وہ ان دیکھی چیزوں کو نہیں مانتے میں کبھی بحث نہیں کرتی کیونکہ موجود کے وجود سے انکار ناممکن ہے وہ کہیں نہ کہیں اپنا آپ دکھا کے ہی رہتے ہیں میں صرف اتنا جواب دیتی ہوں کہ یہ سب موجود ہے آپ کو یقین نہیں تو یہ آپ کا ذاتی عقیدہ ہے۔
اب بچی خواتین کے حقوق پہ بات کرنے آئی اور ساحل عدیم صاحب طاغوتی چورن بیچنے آ گئے 95 فیصد خواتین کو جاہل بول کے۔عورت کبھی بے وقوف اور جاہل نہیں ہوتی۔عورت صرف حساس ہوتی ہے اور وہ بھی تب تک جب تک وہ چاہتی ہے حساس بنی رہتی ہے جب عورت مضبوط بن جاتی ہے تو وہ کچھ بھی کر گزرتی ہے۔
عورت کو صرف محبت، توجہ اور وقت چاہیے ہوتا ہے ورنہ عورت بل گیٹس جیسے امیر مرد کو بھی چھوڑ دیتی ہے اور راستے الگ کر لیتی ہے۔
جبکہ مرد غیرت کے نام پہ قتل کرتا ہے اور رہا ہو جاتا ہے ۔مرد عورت کو عزت نہیں دے سکتا تو بھی وہ گھٹیا اور نیچ انسان قابل احترام سمجھا جاتا ہے۔
عورت کا حساس ہونا اگر جہالت ہے تو مرد کا ظالم ہونا شاید طاغوت ہے۔

