ارشد ندیم کے گولڈ میڈل میں صرف دو فیصد سونا اور ایک ایفل ٹاور کا ٹکڑا مگر قیمت؟
آج کل ہر سو پاکستانی اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کے چرچے ہیں۔ بلاشبہ ان کی تاریخ ساز کامیابی ان کی انتھک محنت اور ناقابل یقین حوصلے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انتہائی نامساعد حالات کے باوجود انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے سٹیج پہ ہندوستانی حریف اور گہرے دوست نیرج چوپڑا کو شکست دی جن کی ٹریننگ نیزہ بازی کے عالمی ریکارڈ ( 104.8 میٹر) ہولڈر جرمن ایتھلیٹ اووے ہون کی زیر نگرانی ہوئی۔ مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اولمپک گولڈ میڈل میں تقریباً بانوے فیصد چاندی ہوتی ہے؟ آئیے اولمپک میڈلز کے بارے میں چند دلچسپ حقائق جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
اولمپک 2024 کے میڈل پیرس کے لگژری جیولری برانڈ LMVH Chaumet نے ڈیزائن کیے ہیں۔ ان میڈلز کو اولمپک کی روایات اور فرانس کی انفرادیت کو ملحوظ رکھ کر بنایا گیا ہے۔ میڈل کے ڈیزائن میں تین بنیادی چیزیں اہم ہیں۔
1) ۔ مرکزی مسدس:
میڈل کے عین مرکز میں 18 گرام لوہے کا شش جہتی ٹکڑا پیرس کے مشہور آئفل ٹاور سے لیا گیا ہے۔ میڈل بنانے کے لئے اس کا رنگ ہٹا کر اصلی رنگ میں واپس لایا گیا ہے۔ مسدس دراصل دنیا کے نقشے پہ فرانس کے جغرافیائی شکل کو ظاہر کرتی ہے۔ اس مسدس میں پیرس 2024 اور اولمپک کا نشان پانچ رنگ کندہ کیے گئے ہیں۔ اولمپک کے پانچ رنگ، پانچ براعظموں اور ان کی ہم آہنگی اور یگانگت کی عکاسی کرتے ہیں۔
2) ۔ مسدس سے نکلتی شعاعیں :
اٹھارہویں صدی میں پیرس، تعلیم، فلسفے اور شعور کے ایک مرکز کے طور پہ دیکھا جاتا تھا اور پیرس کو روشنی کا شہر بھی کہا جاتا ہے۔ اسی منظر کی عکاسی کرنے کے لئے مسدس سے نکلتی شعاعیں بنائی گئی ہیں۔
3) ۔ ایفل ٹاور کی مسدس اور میڈل کو باہم جوڑنے کی ٹیکنیک:
یہ میڈل چونکہ ایک مشہور جیولری کمپنی کی جانب سے بنائے گئے ہیں لہذا ایفل ٹاور کے مسدسی ٹکڑے اور بقیہ میڈل کو مضبوطی سے جوڑے رکھنے کے لئے جیولری میں استعمال ہونے والی تکنیک کا سہارا لیا گیا۔ جس سے عام طور پہ ہیرے، موتی سونے کی جیولری میں جڑے جاتے ہیں۔
میڈل کی پچھلی طرف اولمپک کے قوانین کے تحت یونانی فتح کی دیوی Nike کو سٹیڈیم penathenaic سے نکلتے دکھایا گیا ہے جہاں 1896 میں اولمپکس کو دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ بیک گراؤنڈ میں ایفل ٹاور پیرس اور فرانس کی نمائندگی کرتا ہے۔
اولمپک 2024 کے میڈلز درج ذیل دھاتوں سے بنائے گئے ہیں :
گولڈ میڈل: ٹوٹل 529 گرام
گولڈ 6 گرام، سلور 505 گرام، لوہا 18 گرام
سلور میڈل: ٹوٹل 525 گرام
سلور 507 گرام، لوہا 18 گرام
برونز میڈل: ٹوٹل 455 گرام
کاپر 415 گرام، زنک 22 گرام، لوہا 18 گرام
پاکستانی اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کو ملنے والے سونے کے تمغے میں صرف دو فیصد سونا ہے اور باقی اٹھانوے فیصد لوہا اور چاندی استعمال کیے گئے ہیں۔ آکسفورڈ اکنامکس کے مطابق پیرس اولمپک گولڈ میڈل کی قیمت کا تخمینہ تقریباً 1027 ڈالر، اور سلور میڈل کی 535 ڈالر لگایا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح رہے کہ اس قیمت میں ایفل ٹاور کے بیش قیمت ٹکڑے کی قیمت شامل نہیں ہے۔ لیکن کسی بھی اولمپک میڈل کی اصل قیمت اس میں موجود دھاتوں سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ تاریخ میں سب سے مہنگے فروخت ہونے والے اولمپک گولڈ میڈلز کی قیمت بالترتیب 1.4 اور 1 ملین ڈالر ہے۔



