بانٹنا سیکھیے


میں ایک چھوٹا سا، عام سا ڈاکٹر ہوں تو میرے پاس بانٹنے کو کیا ہے؟ میں کسی کا بغیر فیس کے علاج کر دوں، کسی ضرورت مند کو مشورہ دے دوں، اس کی رہنمائی کر دوں۔ تو میرا اس میں کیا جائے گا لیکن میں کسی کی زندگی آسان کر دوں گا کیونکہ میں نے اپنے پاس موجود علم، سہولت بانٹ دی۔ میرا کوئی نقصان نہیں ہوا، لیکن کسی کا بھلا ہو گیا۔ میرے پاس موجود عام سا علم، تھوڑی سی معلومات ان سب کے لیے بہت اہم ہو سکتی ہیں جو ان کی خبر نہیں رکھتے۔

میرے پاس موجود چھوٹا سا ہنر، چھوٹا سا گُر، ان سب کے لیے بہت قیمتی ہو سکتا ہے جو یہ ہنر نہیں رکھتے۔ میری معمولی سی آسائش، کسی کا خواب ہو سکتی ہے۔
میرے دسترخوان پہ بچا کھانا، بچی روٹی کی وقعت کوئی بھوکا بتا سکتا ہے۔ میرے پاس موجود معمولی سی رقم، معمولی سی سہولت، ان سب کے لیے بہت قیمتی ہو سکتی ہے جو اس کے لیے ترس رہے ہوں۔ اپنے پاس موجود علم، ہنر، آسائش کو معمولی مت سمجھیں۔ اس کی قدر کریں، اس پہ شکر کریں اور اسے بانٹنے کا ہنر سیکھیں۔علم ہے تو انھیں دیں، جنھیں اس کی ضرورت ہے۔ لیکن صرف وہ علم جو واقعی درست ہو، سودمند ہو۔

ہنر ہے تو اسے کسی کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کے کام میں لے آئیے۔ کسی کو سکھا کر اس کی زندگی سنوار دیجیے۔ اپنا ظرف وسیع کیجیے، بانٹنا سیکھیے۔ آپ کے پاس بہت رقم ہے تو تھوڑی سی کسی غریب کو دے دیا کریں، کھانا بہت ہے تو تھوڑا سا کسی بھوکے کو دے دیا کریں۔ آپ کو تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، لیکن یہ معمولی سا عمل کسی کی تکلیف ختم کر سکتا ہے، کسی کا دن بنا سکتا ہے، کسی کی زندگی بدل سکتا ہے۔

بانٹنے کا مطلب بڑی بڑی قربانیاں دینا نہیں ہے، اپنی جائیداد کسی کے نام لکھ دینا نہیں ہے۔ بس میں سفر کرتے کسی بوڑھے کو سیٹ دے دینا بھی بانٹنا ہی ہے۔ آپ میں کھڑے ہونے کی طاقت ہے تو آپ نے اپنی سہولت اسے دے دی، جسے آپ سے زیادہ ضرورت ہے۔ آن لائن کوئی سکل سکھا دینا بھی بانٹنا ہی ہے، اپنے شعبے کے متعلق کوئی معلوماتی یا رہنمائی والی ویڈیو بنا دینا بھی بانٹنا ہی ہے۔ کسی بھی طرح دوسروں کی زندگی میں آسانی لے آنا بانٹنا ہی ہے۔

یاد رکھیں، اگر آپ دوسروں کی زندگی میں آسانی لانے والے بن جائیں گے۔ بانٹنا سیکھ جائیں گے، بانٹنا شروع کر دیں گے تو آپ کی اپنی زندگی میں بھی سکون آ جائے گا۔
آزمائش شرط ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments