جدید ڈبل شاہ: معصوم دیہاتی لٹ گئے
چند ماہ پہلے میری نظر سے ایک یوٹیوب ویڈیو گزری جس پہ لکھا ہوا تھا۔ ڈبل شاہ، ٹرپل شاہ مجھے لگا کہ یہ کوئی پیر ہے جو لوگوں کو پیسے ڈبل کرانے کا لالچ دے رہا ہے لیکن یہ کہانیاں تو ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں تو اسے پروموٹ کیوں کیا جا رہا ہے، یہ سب ضلع لیہ میں ہوا۔
جب میں نے ویڈیو کھولی تو ایک نوجوان جس کی عمر بیس کے پیٹے میں ہو گی لوگوں سے کہہ رہا تھا کہ وہ آن لائن ارننگ کرتا ہے، ٹریڈنگ کرتا ہے اور اس انویسٹمنٹ سے جو منافع آتا ہے وہ اس رقم سے کئی گنا زیادہ ہوتا ہے اور دو، تین قسطوں میں وہ اوریجنل رقم ریکور ہو جاتی ہے۔ اس بندے نے خود کو درست ثابت کرنے کے لیے چند لوگوں کو پیسے زیادہ کر کے دیے۔ مجھے دیکھ کے بہت ہنسی آئی کہ پہلے بھی جعلی عامل اسی طرح سے لوگوں کو لوٹتے تھے اور جب دنیا نے ترقی کی ہم جدت کی طرف آئے تو فراڈ بھی جدید ہو گئے۔ میرا اندازہ تھا کہ لوگ اس جال میں نہیں پھنسیں گے اور یہ بندہ ذلیل ہو گا۔
ٹریڈنگ تو عام آدمی کے لیئے ”جوا“ ہی ہے، کوئی پتہ نہیں کب قسمت چمک جائے، کب سب ڈوب جائے لیکن اس بندے عبدالحئی عرف ڈبل شاہ نے شاندار طریقے سے شو لگا کے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ پینتالیس ہزار لیہ کے معصوم لوگوں نے اسے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سونپی اور اس میں پڑھا لکھا طبقہ بھی شامل تھا کیونکہ یہاں آن لائن بزنس کا نام تھا۔ جب ڈبل، ٹرپل شاہ نے اربوں روپے سمیٹ لیے تو وہ روپوش ہو گیا۔ لوگوں نے شور مچایا تو اس کا ایک بیان سامنے آیا کہ وہ سب کے پیسے واپس کرے گا۔
کل پرسوں میری نظر سے ایک ویڈیو گزری تو پتہ چلا کہ وہ شیطان آدمی اربوں روپے لے کر ملک سے فرار ہو چکا ہے اور تب مجھے اس بات کا افسوس بھی ہوا کہ جب مجھے لگ رہا تھا کہ یہ فیک ہے تو اس پہ لکھنا چاہیے تھا لیکن میں نے اس پہ بات نہیں کی کیونکہ مجھے لگا کہ عوام باشعور ہیں اور اس کے ہاتھ کچھ نہیں آنا اس لیے میں نے اس پہ ویڈیو نہیں بنائی اور نہ ہی اس پہ لکھا۔
اطلاعات کے مطابق اس نے مختلف لوگوں کو پیسے کھلائے ہیں جنہوں نے اس کی معاونت کی ہے۔ ڈبل شاہ ہمارے ملک کا پیسہ باہر لے کر فرار ہوا ہے اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی۔ اگر یہ چھوٹے علاقے کا کیس ہے تو کیا اس پہ بات نہیں کی جائے گی؟ اعلیٰ حکام سے یہ گزارش ہے کہ اس فراڈیے کو واپس لائیں اور جن جن لوگوں کے پیسے ہیں وہ واپس کروائے جائیں اور اس جعل ساز انسان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

