موسمی تبدیلی کے انسانی زندگی پر اثرات


 موسمی تبدیلی (Climate Change) ایک عالمی مسئلہ ہے جو زمین کے مختلف حصوں پر مختلف انداز سے اثر انداز ہو رہا ہے۔ ان موسمی تبدیلیوں کے ماحولیاتی اور انسانی زندگی پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ موسمی تبدیلی کے ماحولیاتی اثرات بے شمار ہیں، اور ان کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ سب سے زیادہ نمایاں اثر زمین کے درجہ حرارت میں اضافہ ہے، جو گلوبل وارمنگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے سمندری سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ اضافہ ساحلی علاقوں میں سیلاب اور زمین کے کٹاؤ کا سبب بن رہا ہے، جس سے ان علاقوں کی آبادیوں اور ماحولیاتی نظام متاثر ہو رہے ہیں۔ موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشوں کے سپیل، ان دنوں پورے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کیے ہوئے ہیں۔ جس کے باعث انسانی زندگی کا نظام درہم برہم ہو رہا ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ کراچی سمیت ملک بھر میں جا ری و ساری ہے۔ کچھ علاقوں میں بارشیں بہت زیادہ ہو رہی ہیں۔

جن کے باعث جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے، جس سے انسانی زندگی کا طرزِعمل بدل چکا ہے۔ چونکہ پچھلے چند ماہ سے میں گاؤں میں رہائش پذیر ہوں، اس لئے میں، اس موسمی تبدیلی، اور خاص طور پر پنجاب میں گاؤں کے کسانوں، اور چھوٹے کاشتکاروں کی صورتحال سے بخوبی واقف ہوں۔ جہاں موسمی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، اس چیلنج سے لڑنے کے لیے دُنیا بھر میں کلائمیٹ چینج سے لوگوں کو آگہی دی جا رہی ہے۔ لیکن وہاں بد قسمتی سے ہما رے ہاں آج بھی اسے تسلیم کر نے سے قاصر ہیں، اور قدرتی آفات، کم علمی اور شعور کی کمی کے باعث اس چیلنج کا سامنا کر نے کی بجائے، لوگ ذہنی دباؤ، خوف اور معاشی طور پر پریشان ہیں۔ جس کی وجہ سے انسانی زندگی، انسانی صحت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ اور لوگوں میں غیر یقینی کیفیت پیدا ہو رہی ہے۔ اس بدلتے موسمی تبدیلی کے باعث جہاں انسانی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ وہیں اس کا زراعت پر بھی براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔ کیونکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اور اس کی زیادہ تر آبادی کی آمدنی کا انحصار زراعت پر ہے۔

بچپن میں ہم اپنے بزرگوں سے سنا کرتے تھے کہ ان دنوں یہ موسم بہار کا ہوتا ہے، لیکن اس موسم میں غیر یقینی بارشوں کا یہ سلسلہ حیران کن ہے۔ جس کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔ چونکہ فصلوں کی کاشت کے لیے جو روایتی موسم درکار ہوتا ہے، اس کے نہ ہونے کے وجہ سے فصلوں پر بے شمار نئی نئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں، خاص طور پر اس موسم کی فصل کپاس، تلی اور باجرہ وغیرہ جیسی کئی فصلیں متاثر ہیں۔ کسا نوں کا کہنا ہے، کہ ان بیماریوں کی وجہ سے فصلوں کی پیداوار میں کمی اور لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، جن کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، وہیں ان بدلتے موسمی صورتحال میں جانوروں میں بھی بیماریوں کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔ پودوں کی اقسام بھی موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے اپنی بقاء کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

معاشی لحاظ سے بھی موسمی تبدیلیاں نقصان دہ ہیں۔ جس سے ہر سال لوگوں کو بڑا مالی نقصان ہوتا ہے اور لوگوں کی آمدنی بہت متاثر ہوتی ہے۔ جو انسانی زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے۔ موسمی تبدیلی کے اثرات ہر پہلو سے انسانی زندگی اور ماحولیات کو متاثر کر رہے ہیں۔ اگرچہ نقصان کا اندازہ لگانا مشکل ہے، لیکن یہ یقینی ہے کہ ان کا دائرہ بہت وسیع و سنگین ہے۔ ہمیں موسمی تبدیلیوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے لوگوں میں آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے، اور موسمی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومتی سطح پر ملک بھر میں ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہم اس چیلنج کا سامنا کامیابی سے کر سکیں۔

Facebook Comments HS