کاروبار شروع کرنے سے پہلے، یہ ضرور جانیں


sajid mehmood chohan

کاروبار کا آغاز جوش و جذبے کا تقاضا کرتا ہے، لیکن صرف یہ عناصر کامیابی کی ضمانت نہیں دیتے۔ ہر انٹرپرینیور کو اپنے کاروباری سفر میں مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور انہیں کامیابی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اگر تو انٹرپرینیور ان مشکلات پر قابو پا گیا تو کامیابی یقیناً ہے۔ انشاءاللہ

جب کوئی شخص کاروبار کا آغاز کرتا ہے، تو اس کے ذہن میں ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ وہ اپنا نام بنائے اور منافع کمائے۔ یہ سوچ درست ہے، لیکن کاروباری دنیا کے عملی پہلو اس سے کہیں زیادہ مشکل اور پیچیدہ ہیں۔ محض ایکسائٹمنٹ اور بڑے پلانز کامیاب کاروبار کی ضمانت نہیں دیتے، بلکہ تجربہ، مہارت اور سخت محنت کامیابی کی کنجی ہے۔

کاروبار کی ابتدا میں جو چیلنجز آتے ہیں، وہ اکثر نئے کاروباری حضرات کے حوصلے پست کر دیتے ہیں۔ اسی لیے ضروری ہے کہ انٹرپرینیورز پہلے سے ان مسائل کا جائزہ لیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے سے پہلے عملی طور پر تیاری کریں۔ صرف کاروباری خوابوں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اپنی مہارتوں کو بہتر بنانا اور کاروباری دنیا کے تقاضوں کو سمجھنا ضروری ہے۔

ملازمت پیشہ افراد جو اپنے پیشے سے کاروبار کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتے ہیں، انہیں یہ سمجھنا ہو گا کہ دونوں دنیاؤں میں ایک بنیادی فرق ہے۔ نوکری میں آپ کو کام صرف دکھانے کے لئے کیا جاتا ہے، لیکن کاروبار میں کام کمانے کے لئے ہوتا ہے۔ ایک ملازم اس وقت تک کام نہیں کرے گا جب تک اس کا مالک اسے کوئی ہدایت نہ دے، لیکن ایک کاروباری شخص اس وقت تک کام کرنا نہیں چھوڑے گا جب تک وہ منافع نہ کما لے اسی لئے اکثر آپ نے سنا ہو گا بزنس مائنڈ سیٹ اور جاب مائنڈسیٹ۔

یہ فرق اس وقت بھی واضح ہوتا ہے جب ملازمت پیشہ افراد کاروباری دنیا میں قدم رکھتے ہیں، لیکن اس دنیا کی پیچیدگیوں کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ اگر آپ کاروبار میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں، تو اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنے شعبے میں مہارت حاصل کریں، اور اگر تجربہ نہیں ہے تو اس کے لئے پہلے سے منصوبہ بندی کریں۔

اکثر لوگ کاروبار کا آغاز بغیر کسی تجربہ کے کرتے ہیں، اور پھر اپنے ہی بنائے ہوئے جال میں پھنس جاتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ لوگ پہلی بار کامیاب نہیں ہوتے لیکن اصول عمومی لوگوں کے تجربات کی روشنی میں بنتے ہیں نہ کہ ایکسیپشنز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے۔ اگر آپ کو اس کاروبار کا تجربہ نہیں ہے جس میں آپ قدم رکھ رہے ہیں، تو اس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ آپ پہلے اس فیلڈ میں تجربہ حاصل کریں۔ جب آپ کاروبار شروع کرتے ہیں تو آپ کو اس کا مکمل علم ہونا چاہیے، تاکہ آپ کو ابتدائی چیلنجز کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

لیکن اگر آپ کے پاس اس کاروبار کا تجربہ نہیں ہے، تو آپ کو چاہیے کہ آپ کسی ماہر کی خدمات حاصل کریں۔ شروع میں یہ ماہر آپ کے کاروبار پر بوجھ محسوس ہو سکتا ہے، لیکن یہ ماہر آپ کو درست سمت میں لے جا سکتا ہے اور آپ کے کاروبار کو منافع میں لے جا سکتا ہے۔ یاد رکھیں، ماہر کو صرف بھرتی کرنا کافی نہیں ہوتا، بلکہ اس کے مشوروں کو سنجیدگی سے عمل میں لانا بھی ضروری ہوتا ہے۔

اکثر کاروباری افراد ماہرین کو بھرتی کر لیتے ہیں، لیکن اپنی رائے مسلط کر کے انہیں کام نہیں کرنے دیتے مالکانہ حقوق کے باعث آپ اس کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ٹوکتے ہیں جس سے ماہرین کام کرنے سے جاتے رہتے ہیں۔ اگر آپ ایک ماہر کو بھرتی کر رہے ہیں، تو یہ ضروری ہے کہ آپ اس کی قابلیت کی تصدیق کریں۔ آپ کو یہ دیکھنا ہو گا کہ آیا اس نے پہلے کبھی ایسے کسی کاروبار میں کام کیا ہے جس میں آپ قدم رکھ رہے ہیں۔ یہ تصدیق آپ کو مارکیٹ سے حاصل کرنی ہوگی، تاکہ آپ اپنے سرمائے پر کسی نا تجربہ کار شخص کو تجربہ نہ کرنے دیں۔

عموماً ایسے ماہرین ہوتے ہیں جو زبانی جمع خرچ کے ماہر ہوتے ہیں اور بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں، لیکن جب عملی میدان میں اترتے ہیں تو آپ کے سرمائے پر اپنا تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ اس لیے اگر آپ کو کسی ماہر کی ضرورت ہے، تو یہ ضروری ہے کہ آپ اس کے عملی تجربہ کو جانچیں اور اسے کاروبار میں آزادی سے فیصلے کرنے دیں۔

کاروباری دنیا میں کامیابی کے لیے استقامت اور محنت ضروری ہے۔ ہر کاروباری کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ مشکلات آئیں گی، لیکن ان کا سامنا کرنا ہی کامیابی کا راز ہے۔ اگر آپ اپنی محنت میں استقامت رکھیں اور صحیح فیصلے کریں، تو آپ کا کاروبار جلد یا بدیر منافع میں آ جائے گا۔

کاروباری دنیا میں کامیابی محض ایک خواب نہیں ہوتی، بلکہ اس کے پیچھے تجربہ، مہارت اور مسلسل محنت کا عمل شامل ہوتا ہے۔ انٹرپرینیورز کو کاروبار شروع کرنے سے پہلے تمام چیلنجز کا جائزہ لینا چاہیے، اور اپنے آپ کو مکمل طور پر تیار کرنا چاہیے۔ اگر آپ کے پاس تجربہ نہیں ہے، تو پہلے تجربہ حاصل کریں یا ماہرین کی خدمات حاصل کریں، لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ کاروبار میں کامیابی کے لیے مسلسل محنت اور استقامت ضروری ہوتی ہے۔

Facebook Comments HS