بچپن سے نصیب تک
بچپن کے کھیل ختم ہوتے ہیں تو نصیب کا کھیل شروع ہوتا ہے۔ بچپن کے معصوم خوابوں کی جگہ نصیب کی لکیروں کی گہرائیاں جنم لیتی ہیں تو اک نئے سفر کا آغاز ہو رہا ہوتا ہے۔ یہ سفر بالخصوص ان والدین کے لئے زندگی کا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے، جو سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے اپنی بیٹیوں کے فرض سے سبکدوش بھی ہونا چاہتے ہیں اور زمانے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر بھی چلنا چاہتے ہیں۔ خاص طور پر بیوہ ماؤں کے لئے اپنی بیٹیوں کی شادی کی ذمہ داری ادا کرنا انتہائی کٹھن ہوتا ہے۔ یوں زندگی کا سفر بچپن کے کھیل کود سے نکل کر خوابوں اور امیدوں کی دہلیز پر آ کر رک جاتا ہے۔
معاشرے کی بے جا بڑھتی رسومات نے والدین کے لئے بالخصوص لڑکیوں کی شادی کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک محدود آمدن والے خاندان میں جب بیٹی پیدا ہوتی ہے تو پیدائش کے ساتھ ہی والدین کو اس کے مستقبل کی فکر ستانے لگ جاتی ہے۔ زندگی کا سفر پلک جھپکتے گزر جاتا ہے اور بیٹی بچپن سے نکل کر جوانی کی دہلیز پر قدم رکھ دیتی ہے۔ یہ وقت کب ریت کی مانند مٹھی سے نکلا، خبر ہی نہیں ہونے دیتا۔
پھر خوابوں کی دنیا سے نکل کر حقیقت کی دنیا سے واسطہ پڑتا ہے اور زندگی کی حقیقتوں اور ذمہ داریوں کے آغاز کا اعلان ہوتا ہے۔ تب انسان زندگی کے نئے زاویوں سے آشنا ہوتا ہے۔ باپ چاہتا ہے کہ اپنی بیٹی کی زندگی میں رنگ بھرے، مگر وسائل کی کمی آڑے رہتی ہے۔ سماجی ضروریات پوری کرنا اس کے لئے اک مسئلہ بن جاتا ہے۔ بیٹی کی ذمہ داری نبھانا اس کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔ یہ پریشانی اسے وقت سے پہلے بوڑھا کر دیتی ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق کہ اس وقت پاکستان میں 35 سال تک کی ایک کروڑ سے زائد لڑکیاں مختلف وجوہات کی بنا پر غیر شادی شدہ ہیں۔ تاہم مزید تحقیق کی جائے تو یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے اور بتدریج بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب تقریباً 10 لاکھ لڑکیوں کی شادی کی عمر گزر چکی ہے۔ جبکہ بیوائیں 60 لاکھ سے زائد کی تعداد میں موجود ہیں۔
آج کل کے دور میں شادی ایک معاشی اور معاشرتی آزمائش بن کر رہ گئی ہے۔ ذات پات، جہیز، آئیڈیل ازم، سٹینڈرڈ کی قید نے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ ہر تیسرے گھر میں کم از کم 35 سال سے زائد ایک لڑکی موجود ہے جو معاشرے کی بے حسی کا شکار ہے۔ غریب اور متوسط طبقات، موجودہ حالات میں بیٹیوں کی شادی کا سوچ کر رنجیدہ ہیں۔ ایک متوسط گھرانے کے لئے بھی اپنی بیٹیوں کی شادی کی ذمہ داری نبھانا آسان نہیں رہا۔ بالخصوص آج کے دور میں، سماج کے بڑھتے تقاضوں اور توقعات کا بوجھ ان کے خوابوں اور امیدوں کی موت ثابت ہو رہا ہے۔ والدین اپنی بیٹیوں کے لئے وسائل سے بڑھ کر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن یہ کوشش ان پر مزید بوجھ ڈال دیتی ہے۔ ہاتھ پیلے ہونے کی آس میں کتنے ہی چہرے وقت سے پہلے پیلے پڑ چکے ہیں۔
مگر اب کم وسیلہ والدین کو اپنی بیٹیوں کی شادی کے لئے قرضہ نہیں لینا پڑے گا۔ کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی ذمہ داری کا حق ادا کرتے ہوئے صوبے کی غریب اور یتیم بیٹیوں کے لئے ”دھی رانی پروگرام“ شروع کیا ہے۔ یتیم اور کم وسیلہ لڑکیوں کی شادی کے لئے خاندانوں کو معاونت فراہم کر نے کا یہ اقدام درحقیقت ایک ”احساس پروگرام“ ہے، جس کا فائدہ معاشی لحاظ سے کمزور خاندانوں کو پہنچے گا۔ یہ منصوبہ والدین کو شادی کے غیر ضروری بوجھ سے آزاد کروائے گا۔
”دھی رانی پروگرام“ ایک ارب روپے کی خطیر رقم سے شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 3000 بچیوں کی شادی کا فریضہ سرانجام دیا جائے گا۔ شادی کے بندھن میں بندھنے والی بچیوں کو ایک خطیر مالیت کے تحائف اور شادی کے اخراجات کی مد میں 40 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ دلہن کو ایک لاکھ روپے سلامی بھی دی جائے گی۔ 18 سے 40 سال کے درمیان کی یتیم اور معذور لڑکیاں اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گی۔ دلہن کو فرنیچر، ملبوسات، برتن اور دیگر متعلقہ اشیاء کے تحائف دینے کے ساتھ ساتھ ہر جوڑے کے 20 مہمانوں کی تواضع بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے کی جائے گی۔
مریم نواز نے جو ذمہ داری اٹھائی ہے یہ کوئی چھوٹی ذمہ داری نہیں، ایک بہت بڑا فرض ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مریم نواز بحیثیت وزیر اعلیٰ والدین کو غیر ضروری اخراجات کے بوجھ سے آزاد کرنے کے لئے شادی کی تقاریب محدود کرنے اور سادگی کو فروغ دینے کے لئے جلد موثر قانون سازی بھی کریں گی۔ پنجاب حکومت نے جیسے شادیوں پر ون ڈش کی پابندی کو سختی سے نافذ کر رکھا ہے، ویسے ہی والدین کا بوجھ کم کرنے کے لئے اخراجات کی حد مقرر کرنے کے لئے بھی پالیسی لائی جانی چاہیے۔
الیکشن کمیشن اگر امیدوار کو الیکشن مہم کے لئے خرچے کی حد مقرر کرنے پر باؤنڈ کر سکتا ہے تو کیا حکومت اس قومی مسئلہ پر سفید پوش والدین کا ساتھ نہیں دے سکتی؟ یہی معاشرتی ناہمواریاں ختم کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے تو ”دھی رانی پروگرام“ لانچ کر کے اپنی ذمہ داری محسوس کر لی۔ اب قومی سطح پر اس امر کی ضرورت ہے کہ معاشرہ بھی رسوم و رواج کی نام نہاد پابندیوں سے باہر نکلے اور ایک ایسا نظام لایا جائے جو والدین کو وسائل اور مذکورہ رکاوٹوں سے آزاد کرے۔ کیونکہ مسئلہ شادی کا نہیں بلکہ رویوں، انفرادی مطالبات، توقعات اور خواہشات کی بناء پر شادی پر اصرار کا ہے۔ قد، رنگت، اسٹیٹس، ترجیحات، معیار، امیدیں، یہ سب ڈھکوسلے ہیں۔ اصل چیز احساس ہے، مداوا ہے، جسے خود میں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
- بچپن سے نصیب تک - 01/11/2024
- پنجاب کے وزیر تعلیم کا ”اگر“ اور کچھ آنکھوں دیکھا حال - 20/10/2024
- ہونہار سکالر شپ پروگرام۔ اک خواب کی تعبیر۔ اک وعدے کی تکمیل - 15/10/2024
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).