یہاں ہم خواب دیکھ سکتے ہیں!


چند ہفتے پہلے میں نے سٹور سے سامان منگوایا۔ ڈلیوری والے لڑکے کو سو درہم دیے۔ بل پچھتر درہم تھا۔ اس نے کہا بقایا پچیس درہم وہ تھوڑی دیر بعد لے آئے گا۔ میں نے کہا ٹھیک ہے۔ مجھے ہسپتال کے لئے نکلنا تھا اور اہلیہ کی دفتر سے واپسی میں چند گھنٹے رہتے تھے۔ خیر میں چلا گیا۔ رات گئے واپس آیا تو اہلیہ نے کہا دروازے کے پاس پچیس درہم پڑے تھے۔ اس کو تفصیل بتائی۔ ایک حیرت انگیز خوشی محسوس ہو رہی تھی۔ بظاہر پچیس درہم کوئی بڑی بات نہیں ہے لیکن آپ کے دروازے پر بند فلیٹ کے سامنے کئی گھنٹوں تک پیسے رکھے ہوتے ہیں اور انہیں کوئی ہاتھ تک نہیں لگاتا۔ یہ تحفظ اور امن کا احساس آپ کو بے پناہ مسرت اور آزادی بخشتا ہے۔

ایک دفعہ واٹر پارک جانا ہوا۔ میرے پاس اپنا موبائل اور بٹوا رکھنے کے لئے واٹر پروف تھیلا نہیں تھا۔ میں نے سیکورٹی گارڈ سے پوچھا یہ سامان میں کہاں رکھ سکتا ہوں۔ اس نے بتایا کہیں بھی سائیڈ پر رکھ دیں۔ میں تھوڑا جھجک گیا۔ وہ شاید سمجھ گیا اور مسکرا کر کہنے لگا،

” یہ متحدہ عرب امارات ہے۔ آپ تسلی سے سامان وہاں ایک جگہ رکھ دیں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔“
میں واپس آیا تو مجھے اپنا سامان اسی جگہ پڑا ملا۔

کئی دفعہ یوں ہوا کہ گھر لاک کرنا بھول گئے یا کہیں بٹوا رہ گیا۔ کبھی بھی کوئی دشواری پیش نہ آئی۔ یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں آپ کو احساس دلاتی ہیں کہ ریاست آپ کے لئے سنجیدہ ہے اور آپ بے دھڑک اپنا کام کریں اور ذمہ داریاں نبھائیں۔ یہ احساس آپ کی زندگی کو مزید خوشگوار کر دیتا ہے۔

میں جس ہسپتال میں کام کرتا ہوں وہ ایک پرائمری ہیلتھ سینٹر ہے جہاں ایمرجنسی مریض عمومی طور پر نہیں دیکھے جاتے اور اگر اتفاق سے کوئی بڑی ایمرجنسی آ جائے تو ڈاکٹر کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مریض کو قریبی ایمرجنسی سینٹر میں ریفر کرنا پڑتا ہے۔ کئی مرتبہ ایسے مریضوں کو ریفر کرنے کے لئے ایمرجنسی ایمبولینس بلائی تو حیرت کی انتہا نہ رہی جب ایمبولینس اور سٹاف کو محض پانچ سے دس منٹ کے اندر او پی ڈی میں موجود پایا۔ کہیں کوئی ایکسیڈنٹ ہو جائے تو گاڑی ایمرجنسی پارک کریں آپ کی ایک کال پر پولیس اور ایمبولینس چند منٹوں میں پہنچ جاتی ہے۔

یہاں روڈ کے لئے یا روڈ کی مرمت کے لئے سیاسیوں کی منتیں نہیں کرنا پڑتیں۔ ریاست خود اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ صفائی کا معاملہ ٹھیک سے نپٹ رہا ہے یا نہیں۔ بجلی اور پانی کی دستیابی میں کوئی تعطل نہیں آتا۔ کوئی قدرتی آفت آتی ہے تو بغیر پوچھے منصوبہ بندی کی جاتی ہے کہ اگلی دفعہ نقصان کا خدشہ کم سے کم ہو۔ کاروبار محفوظ ہوں اور لوگ سرمایہ لگاتے وقت کسی غیر ضروری عدم تحفظ کا شکار نہ ہوں۔

یہ ملک خواب دیکھنے والوں کو گلے لگاتا ہے اور انہیں امید کا زاد سفر دے کر تعبیر کا راستہ دکھاتا ہے۔ یہاں روشن آنکھوں والے لوگ رہتے ہیں اور کشادہ پیشانیوں پر زندگی سے محبت کا رنگ چھلکتا محسوس ہوتا ہے۔ مزدور سے لے کر ڈاکٹر تک یہاں اس لئے آتے ہیں کہ یہ ملک انہیں امن دیتا ہے، تحفظ دیتا ہے، خوبصورت زندگی دیتا ہے اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی توانائی اور وسائل فراہم کرتا ہے۔ آپ مہارت لے کر آئیں، یہ ملک آپ کو آپ کی مہارت کے بدلے میں مواقع فراہم کرتا ہے۔

آج متحدہ عرب امارات کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ اس ملک میں رہنے والا ہر شخص بجا طور پر ایک فخر کے ساتھ یہ دن منا سکتا ہے کہ یہاں امن، تحفظ، آزادی اور رواداری موجود ہے اور ریاست فرد کے بہترین رہن سہن کے لئے سنجیدہ ہے۔ دعا ہے کہ یہ ملک مزید آگے بڑھے اور پھلے پھولے جس سے لاکھوں تارکین وطن اور ان کے خاندانوں، گھرانوں کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments