دل کے رشتے


کینیڈا میں مقیم لاہور کی انجینئرنگ یونیورسٹی کے گریجوئیٹس نے چوبیس نومبر دو ہزار چوبیس کو اپنے سیمینار میں مجھے دعوت دی کہ میں

ذہنی صحت کا انسانی رشتوں سے کیا تعلق ہے؟

کے حوالے سے اپنے خیالات و نظریات کا اظہار کروں۔ میں نے وہ دعوت بخوشی قبول کی۔ میں اپنی تقریر کا خلاصہ آپ کی خدمت میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔

(1)
ایک ماہر نفسیات نے بستر مرگ پر لیٹے ایک ہزار مردوں اور عورتوں سے پوچھا
آپ عنقریب اس جہان فانی سے کوچ کرنے والے ہیں۔
آپ کا زندگی بھر کا پچھتاوا کیا ہے؟

ان لوگوں میں سے اکثر نے کہا
کاش ہم نے اپنے دوستوں ’اپنے یاروں اور اپنے پیاروں کے ساتھ زیادہ وقت گزارا ہوتا‘
اس ایک تحقیق کے نتائج سے ہمیں انسانی رشتوں کی اہمیت و افادیت کا اندازہ ہو جاتا ہے۔

(2)
امریکی ماہر نفسیات ہیری سٹاک سالیوان سے شاگردوں نے پوچھا
’ہم کیسے جان سکتے ہیں کہ کوئی شخص ذہنی طور پر کتنا صحتمند ہے؟‘
سالیوان نے فرمایا
’تم اس شخص کے رشتوں کو پرکھو۔ اس کے انسانی رشتے جتنے صحتمند ہوں گے وہ ذہنی طور پر اتنا ہی صحتمند ہو گا‘ ۔

(3)
جب میرے مریض مجھ سے پوچھتے ہیں کہ
صحتمند رشتوں کی کیا خصوصیات ہیں؟

تو میں ان سے کہتا ہوں
صحتمند رشتوں میں فریقین اپنی محبت اپنے پیار اور اپنے خلوص کا برملا اظہار کرتے ہیں اور اپنے مسائل نفرت اور تلخی کی بجائے عزت و احترام اور مکالمے سے حل کرتے ہیں۔

وہ ایک دوسرے کا دکھ درد میں خیال رکھتے ہیں
دوست آں باشد کی گیرد دست دوست
در پریشاں حالی و درماندگی

(4)
ہم میں سے بہت سے لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ سب رشتے عارضی ہیں
وہ پیدا ہوتے ہیں پروان چڑھتے ہیں اور ایک دن موت یا جدائی سے ختم ہو جاتے ہیں
خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو رشتوں کو نبھانے کا فن جانتے ہیں۔ میرا ایک شعر ہے
آج کل رشتوں کا یہ عالم ہے
جو بھی نبھ جائے بھلا لگتا ہے

(5)

ماہر نفسیات سالیوان کا کہنا تھا کہ انسانوں کا سب سے بڑا نفسیاتی مسئلہ اینزائٹی یا ڈپریشن نہیں بلکہ احساس تنہائی ہے۔

ایک انسان دس لوگوں کے ساتھ رہ کر بھی احساس تنہائی کا شکار ہو سکتا ہے اگر ان میں سے کوئی بھی اس کا ہم خیال یا ہم مزاج نہ ہو۔

خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں چند ہم راز دوستوں کا حلقہ موجود ہے۔
ایک بھی ہم راز ہونا زندگی کا انمول تحفہ ہے۔

(6)

مرزا غالب بھی انسانی نفسیات کے بہت سے رازوں سے واقف تھے۔ وہ دوستی کے راز بھی جانتے تھے۔ اسی لیے انہوں نے فرمایا تھا

یہ کہاں کی دوستی ہے کہ بنے ہیں دوست ناصح
کوئی چارہ ساز ہوتا کوئی ہمگسار ہوتا

غالب کا مشورہ تھا کہ دوستوں کو پند و نصائح سے دور رہنا چاہیے۔ انہوں دوستوں کے مسائل کو سننا چاہیے اور ان کی چارہ سازی و غمگساری کرنی چاہیے۔

اکثر اوقات کسی دوست کے مسائل کو ہمدردی سے سننا ہی کافی ہوتا ہے۔ ایک دوست جب اپنے دل کی باتیں دوسرے دوست کو سناتا ہے تو وہ ہلکا پھلکا ہو کر گھر لوٹتا ہے۔

(7)

ہم سب جانتے ہیں کہ محبت ایک ایسا تصور ہے جس کی اتنی ہی تعریفیں ہیں جتنے انسان۔ مختلف انسانوں اور خاندانوں میں محبت کی تعریف اور تجربہ مختلف ہے۔ مختلف معاشروں میں بھی محبت کی روایت مختلف ہے۔ میں نے اب تک محبت کی جتنی تعریفیں سنی اور پڑھی ہیں ان میں سے میری سب سے زیادہ پسندیدہ تعریف سالیوان کی ہے۔ وہ فرماتے ہیں

جب کسی دوسرے انسان کے دکھ اور سکھ تمہیں اپنے دکھوں اور سکھوں کی طرح عزیز ہو جائیں تب سمجھ جاؤ کہ تم حالت محبت میں ہو۔

(8)

وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہیں اپنے خاندان اور اپنے خون کے رشتوں میں اچھے دوست مل جائیں۔ روایتی لوگ روایتی خاندانوں میں اپنے دوست بنا لیتے ہیں لیکن میں بہت سے غیر روایتی لوگوں، بہت سے ایسے ادیبوں شاعروں اور دانشوروں کو جانتا ہوں جو اپنے روایتی خاندانوں میں رہتے ہوئے بھی احساس تنہائی کا شکار تھے کیونکہ ان کے روایتی رشتہ دار انہیں دیوانہ سمجھتے تھے۔

ہم نے کینیڈا میں ایسے غیر روایتی شاعروں ادیبوں اور دانشوروں کے لیے ایک حلقہ یاراں بنایا ہے اور اسے فیمیلی آف دی ہارٹ کا نام دیا ہے۔

یہ وہ حلقہ ہے جہاں
اختلاف الرائے پر فتوے نہیں لگتے۔
لوگ دل کی بات زباں پر لاتے نہیں شرماتے۔
وہ اپنے غیر روایتی اپنے باغیانہ خیالات و نظریات بڑے فخر سے پیش کرتے ہیں
اور
پھر ان پر بڑے ذوق و شوق سے تبادلہ خیال بھی کرتے ہیں۔
وہ ایک دوسرے کے غیر روایتی خیالات کو سراہتے ہیں۔
ہم سب ایک دوسرے سے سنجیدہ مکالمے سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔

یونانی فلسفی سقراط اور یورپی ماہر نفسیات سگمنڈ فرائڈ دونوں دانشوروں کا موقف تھا کہ انسان سنجیدہ مکالمے سے سچ تک پہنچتے ہیں۔

ڈاکٹر خالد سہیل

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ڈاکٹر خالد سہیل

ڈاکٹر خالد سہیل ایک ماہر نفسیات ہیں۔ وہ کینیڈا میں مقیم ہیں۔ ان کے مضمون میں کسی مریض کا کیس بیان کرنے سے پہلے نام تبدیل کیا جاتا ہے، اور مریض سے تحریری اجازت لی جاتی ہے۔

dr-khalid-sohail has 759 posts and counting.See all posts by dr-khalid-sohail

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments