فخر زمان اور سلیکشن کمیٹی: ہائے یہ بے دردی
آج کل سردیوں کی وجہ سے پاکستان کے مختلف شہروں کا درجہ حرارت بہت کم ہے مگر پاکستان کرکٹ ٹیم کی وجہ سے یہ درجہ حرارت کبھی کبھی کافی بڑھ جاتا ہے۔ 4 دسمبر کو دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا اعلان ہوا تو اس میں حیران کن طور پر بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے جارحانہ بلے باز فخر زمان کا نام کسی بھی طرز کی ٹیم میں شامل نہیں تھا۔ مجھ جیسا انسان جس کو کرکٹ کی بہت کم سمجھ بوجھ ہے اس کے لیے بھی یہ بات ہضم کرنا کافی مشکل تھا کہ فخر زمان پاکستان کی ایک روزہ یا ٹی 20 ٹیم کا حصہ نہیں۔ جب پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے کرتا دھرتا عاقب جاوید سے یہ سوال کیا گیا کہ فخر زمان کو ٹیم کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا تو انہوں نے یہ کہہ کر بات ختم کر دی کہ فخر زمان ابھی مکمل طور پر فٹ نہیں اس لیے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
مگر دوسری طرف جب راولپنڈی میں ہونے والے ٹی 20 چیمپئنز کپ کے لیے ٹیموں کا اعلان کیا گیا تو یہ دیکھ کر کافی حیرانی ہوئی کہ فخر زمان مارخورز کی ٹیم کا حصہ ہیں اور سونے پر سہاگہ پہلے ہی میچ میں فخر زمان نے ایک انتہائی مشکل کیچ پکڑا جو صرف ایک ایسا کھلاڑی پکڑ سکتا تھا جو مکمل طور پر فٹ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ فخر زمان نے اچھی بلے بازی کا بھی مظاہرہ کیا۔ یہ سب دیکھ کر دل سے ایک آواز نکلی کہ ہائے یہ بے دردی۔ فخر زمان صرف تین دن میں اتنے مکمل فٹ کیسے ہو گئے؟ کیا فخر زمان واقعی مکمل طور پر فٹ نہیں تھے۔ اگر وہ اتنی جلد فٹ ہو سکتے تھے تو پھر ان کو دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم میں شامل کیوں نہیں کیا گیا؟ فخر زمان کی یہ حالت دیکھ کر مجھے مصطفیٰ زیدی کا یہ شعر یاد آ گیا
میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں
تمام شہر نے پہنے ہوئے ہیں دستانے
بہت سے لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ فخر زمان نے بابر اعظم کے حق میں سوشل میڈیا پر جو پوسٹ کی تھی اس کی وجہ سے ان کے ساتھ ایسا کیا جا رہا ہے مگر میرے خیال میں یہ صرف ایک سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے فخر زمان کے ساتھ ایسا نہیں کیا جا رہا بلکہ فخر زمان کو کچھ کڑوے سچ بولنے کی وجہ سے یہ سزا دی جا رہی ہے ہو سکتا ہے کہ وہ سچ اتنے کڑوے ہوں جن کہ وجہ سے بہت سے لوگوں کا ایک خود ساختہ قسم کا قلعہ ٹوٹا ہو اور اب فخر زمان کو سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہو؟
فخر زمان ان کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو مکمل طور پر میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں اور بہت سے میچ ایسے ہیں جو فخر زمان نے ایک طرح سے اکیلے پاکستان کو جتوائے ہیں۔ فخر زمان اس وقت پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کی ضرورت ہیں اور اس حقیقت سے ہم انکار نہیں کر سکتے۔ کبھی کبھی مجھے اس بات پر بہت حیرانی ہوتی ہے جو بات ایک عام کرکٹ فین کی سمجھ میں بہت آسانی سے آ جاتی ہے وہ سلیکشن کمیٹی کی سمجھ میں کیوں نہیں آتی۔ فخر زمان ٹیم میں واپس تو آ جائیں گے مگر شاید جو رویہ ان سے اپنایا گیا ہے وہ کبھی بھول نا سکیں۔

