ریڈیو پاکستان کا جریدہ آہنگ (فروری 17ء)


ریڈیو پاکستان کے ماہنامہ” آہنگ “کا شمار ملک کے چند اُن رسائل میں ہوتا ہے جو 1948ء سے مسلسل اشاعت پذیر ہیں ۔ اور فنون لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والے تمام طبقات میں یکساں مقبول ہے۔ حسب معمول ماہِ فروری کا آہنگ بھی ایک خاص شمارے کا درجہ رکھتا ہے جس کا آغاز خلیفہ اول حضرت صدیق اکبرؓ کی سوانح حیات سے ہوتا ہے جسے نجیب منصور نے مختصر مگر جامع انداز میں تحریر کیا ہے۔

سرسبزو شاداب پاکستان مدتوں سے ہر پاکستانی کا خواب تھا جسے وزیراعظم پاکستان نے 9 فروری کو پورا کیا۔ جس کے تحت دس کروڑ سے زائد پودے ملک کے طول و عرض میں لگائے جائیں گے۔اسی حوالے سے ” سرسبزو شاداب پاکستان“ کے نام سے ایک خصوسی مضمون بھی اس شمارے میں موجود ہے۔

ہر سال 13 فروری کو اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسکو کے تحت ریڈیو کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس سال اس دن کا موضوع ہے۔” آپ ہیں ریڈیو“[[Radio Is You ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کی مہمان خصوصی اطلاعات و نشریا ت اور قومی ورثے کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پاکستان کا 70واں یوم آزادی بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے والوں کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان صبا محسن نے کہا کہ ریڈیو پاکستان 23 قومی اور10 غیر ملکی زبانوں میں اپنی نشریات جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کی پہنچ ایشیا اور مشرقی یورپ کے علاوہ ملک کی 90 فیصد آبادی تک ہے۔دنیا بھر میں سامعین ویب سٹریمنگ کے ذریعے بھی ہماری نشریات براہِ راست سن سکتے ہیں۔ اس خصوصٰ تقریب کا احوال اور ریڈیو پاکستان کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی مضامین بھی اس شمارے میں شامل ہیں۔

روشن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے موجودہ حکومت کے احسن اقدامات سے پاکستانی نوجوانوں کی خودی کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں ہنر مند اور اعلٰی تعلیم یافتہ بنانا ہے کیونکہ با اختیار نوجوان مضبوط تر پاکستان کی اساس ہیں ۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ، خوشحال اور روشن پاکستان کی دلیل ہے ۔ان خیالات کا اظہار پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی چیئر پرسن لیلی خان نے FM 101 اسلام آباد کی سینئر پروڈیوسر صدف رانی سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ جو اس شمارے کا حصہ ہے۔

ہر سال 5 فروری کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کشمیر کا دن مناتے ہیں۔ جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔اس دن کی مناسبت سے وگما لغاری کا خصوصی مضمون ”5 فروری یوم یکجہتی کشمیر “ بھی اس شمارے میں شامل ہے۔

انسان خیر و شر کا مجموعہ ہے ہر لمحے اس کا نفس امتحان میں ہے، مادہ پرستی سے چھٹکارا ہی اصل آزمائش ہے۔ سوشل میڈیا کی چمک دمک وقتی تسکین کا باعث ہے مگر زیادتی نقصان کا سبب ہے اور جو اس گمراہی سے بچ گئے وہ حریم ادب کہلائے۔ اس منفرد موضوع کو ریڈیو پاکستان کراچی کی پروڈیوسر سیما رضا ردا نے آہنگ کے لئے کہانی کا روپ دیا ہے۔

FM 101 کیRJ سمیرا کنول کی خصوصی بات چیت بھی آہنگ میں شامل کی گئی ہے۔

4 فروری کی شام معروف اردو ادیبہ اور داستان سرائے کی بانو قدسیہ ہم سے جدا ہو گئیں ۔ ان کی یاد میں ریڈیو پاکستان لاہور کے سینئیر پروڈیوسر احمر سہیل بسرا نے خصوصی تعزیتی پروگرام ترتیب دیا جس کا مسودہ بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

فروری میں فنون لطیفہ کی مختلف اصناف سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات ہم سے جدا ہوئیں۔ جن میں لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی ، معروف پٹھان جنگجو اور شاعر خوشحال خان خٹک ، تصویروں کے شاعر اور شعروں کے مصور صادقین، استادالاساتذہ صوفی غلام تبسم، ”پوچھتے ہیں وہ کہ غالب کون ہےِ ؟ یعنی مرزا اسداللہ خان غالب ، شاعر انقلاب و شاعر شباب جوش ملیح آبادی اور فن کی ملکہ” ملکہ پکھراج“ شامل ہیں، ان تمام شخصیات کی یاد میں خصوصی مضامین بھی آہنگ میں شائع کیے گئے ہیں۔

آہنگ کی مدیرہ افشاں نگار نے معروف فیشن ڈیزائنر عظمت نذیر کا انٹرویو کیا جس میں انہون نے انکشاف کیا کہ آج کل فیشن کے معاملے میں لڑکیوں سے زیادہ مرد حضرات Consciousہیں ۔یہ دلچسپ گفتگو بھی زہر تبصرہ شمارے کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ مادری زبانوں کا عالمی دن اور سرطان کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی مضامین بھی شائع کیے گئے ہیں۔

ریڈیو پاکستان راولپنڈی کی گلوکارہ انیقہ بانو اگرچہ آج ہم میں موجود نہیں لیکن ان کی سریلی آواز آج بھی سننے والے کے کانوں میں رس گھولتی ہے۔انیقہ بانو کی شخصیت اور فن پر آہنگ کے لئے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان اسلام آباد عبدالقیوم نے خصوصی مضمون تحریر کیا، جو خاصے کی چیز ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے آزاد کشمیر ریڈیو اور FM101 کے زیر اہتمام میر پور میں FM93.4 صوتُ القران چینل کا افتتاح 9 فروری کوکیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیس شہروں میں ریڈہو پاکستان سے قرآن مجید کی تلاوت اور ترجمے کے لئے صوت القرآن پروگرامز شروع کئے گئے ہیں۔ جن کا مقصد لوگوں کو قرآن مجید کی تعلیمات اور ترجمے کے ذریعے روشناس کروانا ہے اور لوگوں کو قرآن مجید کے لفظ کی ادائیگی کی درستی کروانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوت القرآن کے مزید چینل کا اضافہ کریں گے۔اس خصوصی تقریب کی روداد بھی اس شمارے کی زینت ہے۔

اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان بہاولپور کے FM101 چینل کی پہلی سالگرہ کی رپورٹ بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

آہنگ کی نگران اعلٰی صبا محسن رضا اور نگران خورشید احمد ملک ہیں۔آہنگ کے مدیر پروگرام مینیجر محبوب سرور مبارکباد کے مستحق ہیں جو ہر ماہ باقاعدگی سے ریڈیو پاکستان کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خوبصورت مجلہ ترتیب دیتے ہیں۔

 

قیمت:۔ 200 روپے

ملنے کا پتہ:۔ براڈکاسٹنگ ہاؤس ایم اے جناح روڈ کراچی

تبصرہ نگار:۔ نجمہ حنیف

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نجمہ حنیف

ہ حنیف براڈ کاسٹ جرنلسٹ ہیں اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ ہیں۔

najma-hanif has 10 posts and counting.See all posts by najma-hanif