سنار، حلوائی اور آپ
کہیں پڑھا تھا کہ خاندانی لوگوں کی پہچان اس بات سے ہوتی ہے کہ ان کا نوکر کتنا پرانا ہے۔ اگر ان کا سنار بھی دہائیوں سے ایک ہی ہو تو سونے پہ سہاگا، نیز حلوائی بدلنے کی نوبت سالوں سے نہ پڑی ہو تو نور علیٰ نور۔ جب پڑھا تھا تو کچھ پلے نہیں پڑا تھا۔ ہاں بھاری بھرکم بات تھی تو یاد رہ گئی۔ اور جو بات یادداشت میں جگہ بنانے کی طاقت رکھتی ہو اس پر غور کرنا تو واجب ہو جاتا ہے۔
کسی بھی پرانے تعلق میں اصل کردار فریقین کی شرافت، مزاج میں لچک اور طبیعت کے ٹھہراؤ کا ہوتا ہے۔ اگر آپ دماغ کے کچے ہوں گے تو اپنے نوکر کی سچویشن کبھی سمجھ ہی نہیں پائیں گے۔ کانوں کے کچے ہوں گے تو فوراً اس پر شک کرنے لگیں گے۔ زبان کے کچے ہوں گے تو بات بے بات بحث کریں گے، برے القاب سے پکاریں گے اور یوں ثابت کر دیں گے کہ آپ کچے کردار والی ساری خامیاں رکھتے ہیں۔ یہی چیزیں ہوتی ہیں جو کوئی بھی رشتہ ناتا توڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اگر آپ زبان کے صاف مگر حسن اخلاق والے ہوں گے، معاملات میں اپنے کہے کا پاس رکھنے والے ہوں گے تو آپ سے تعلق رکھنے والا ہر شخص لائف ٹائم آپ کے گن گائے گا۔ بلکہ آپ کا لحاظ رکھتے ہوئے آپ کی اولاد اور دیگر متعلقین سے بھی عزت سے پیش آئے گا۔
یہاں بات ہوئی ہے فریقین کی شرافت کی تو اس سے یہ مت سمجھیے کہ ساری شرافت کا بوجھ آپ ہی کے کاندھوں پر ہے۔ ڈپٹی نذیر احمد دہلوی کی مرۃالعروس والی ماما عظمت تو آپ کو یاد ہی ہوگی۔ فراڈن عورت تھی تو رسوا ہوئی۔ حالانکہ مولوی فاضل بڑے رکھ رکھاؤ اور وضع دار انسان تھے۔ اسی طرح آپ کا سنار بھی اسی وقت خاندانی کہلائے گا جب وہ آپ سے ہر اچھے برے وقت میں نبھا کرے۔ سنار اور حلوائی کو انسان اپنی خوشی کے وقت یاد کرتا ہے۔ مگر اچھا خاندانی سنار اور حلوائی وہی ہے جو آپ کے دکھ میں آپ کو دلاسا دے۔ یہ بات بڑی اہم ہے جو میں نے کتابوں سے نہیں بلکہ انسانوں سے سیکھی ہے۔
کل ملا کر بات یہ ہے کہ واقعی اکثر خاندانی لوگوں کے زیورات برسوں سے ایک ہی سنار سے بن کر آنے کا معمول ہوتا ہے۔ اور خوشی کے ہر موقعے پر ان کی مٹھائیاں بھی برسوں پرانے حلوائی کے ہاں سے آتی ہیں۔ اس طرح جو لوگ اپنے سنار اور حلوائی سے اتنی بنا کر رکھتے ہوں تو وہ اپنے خونی رشتے اور تعلق داریاں کیسے ٹوٹنے دے سکتے ہیں۔ اصل مدعا یہی ہے۔
- کریلا - 12/01/2025
- سنار، حلوائی اور آپ - 08/01/2025
- ڈگری، مچھلی اور حکیم لقمان - 05/01/2025
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).