سال 2024 کا پوٹھوہاری ادبی و لسانی ارتقا


سال 2024 پوٹھوہاری زبان و ادب کی ترقی و بڑھوتری کے لئے کئی حوالوں سے بہت اہمیت کا حامل رہا ہے، اس سال پوٹھوہاری کتابوں کی اشاعت کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر بھی پوٹھوہاری زبان کو تسلیم کرنے کا سلسلہ جاری رہا، سال 2024 کے چوتھے روز ہی یعنی 04 جنوری کو پوٹھوہاری زبان و ادب کو اپنی درجن بھر تصانیف سے بہرہ مند کرنے والے افسانہ نگار، شاعر، ڈرامہ نگار، لغت نگار اور محقق شیراز طاہر اپنے ہزاروں چاہنے والوں کو داغ مفارقت دے گئے، اسی سال شریف شاد کی پوٹھوہاری کتاب ”سرکار ﷺ نیاں چٹھیاں“ وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کی طرف سے منعقدہ کتب سیرت کے قومی مقابلہ میں انعام کی مستحق قرار پائی اور اسلام آباد میں ہی منعقدہ ایک تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے شریف شاد کو سند امتیاز اور 50 ہزار روپے انعام کا چیک دیا گیا۔

حکومتی اقدامات کی بات کریں تو پولیس ہیلپ لائن ایمرجنسی 15 سسٹم میں ملٹی لینگوئج سسٹم متعارف کرایا گیا جس کے تحت 15 پر کال کرنے والا شخص اب اردو کے علاوہ پوٹھوہاری، سرائیکی، انگریزی میں بھی بات کر سکتا ہے، نئے جدید 15 ایمرجنسی سسٹم میں 30 سے زائد فیچرز میں ایک فیچر مقامی زبان میں بات چیت کا بھی ہے جسے ملٹی لینگوئج سسٹم کا نام دیا گیا ہے۔ پوٹھوہاری زبان کے حوالے سے دوسری اہم کامیابی یہ تھی کہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی سربراہی میں سپیشل کمیٹی نمبر 2 نے پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط 1997 میں ترامیم کی منظوری دی جس کے تحت اب ممبران اسمبلی کو ایوان میں اردو اور انگلش کے علاوہ پنجابی، سرائیکی، پوٹھوہاری اور میواتی میں تقاریر کرنے کی اجازت بھی حاصل ہو گئی ہے۔

سال 2024 میں ہی اردو اور پوٹھوہاری کے معروف شاعر و محقق فرزند علی ہاشمی کی ہمشیرہ بدیعہ ہاشمی نے قومی ادارہ برائے تحقیقِ تاریخ و ثقافت (NIHCR، QAU) سے ”Mystic Impressions on Pothohari Ghazal“ (پوٹھوہاری غزل پر صوفیانہ نقوش) کے موضوع پر مقالہ تحریر کرتے ہوئے ”History and Culture“ میں ایم فل مکمل کیا۔ اسی سال 15 کے لگ بھگ پوٹھوہاری شعری و نثری تصنیفات بھی منصہ شہود پر آئیں جن میں شاعری کی کتابوں میں جواد اقبال کی ”دَروَٹنی“ ، عادل سلطان خاکی کی ”پلیار“ ، جنید غنی راجہ کی ”ستواں بوہا“ شکور احسن کی پوٹھوہاری غزلوں کا مجموعہ ”اُکرے“ ، سید تراب نقوی کی بچوں کے لئے پوٹھوہاری نظموں کی کتاب ”ڈُگڈگی“ ، فیصل عرفان کی بچوں کے لئے پوٹھوہاری لوک لوریوں پر مشتمل کتاب ”چہھوٹے لارے“ ، شاہد لطیف ہاشمی ایڈوکیٹ کی پوٹھوہاری ماہیوں کی کتاب ”تُرٹنے ساہ“ ، محمد سلیم مرزا کی پوٹھوہاری چو مصرعوں پر مشتمل کتاب ”سریوں پئی تریل“ شامل ہیں۔

عادل سلطان خاکی کی پوٹھوہاری افسانچوں کی کتاب ”سیہاڑ“ ، شریف شاد کی کتاب ”آقا کریم ﷺ نے معجزے“ ، شکور احسن کا مرتب کردہ کتابی سلسلہ ”پوٹھوہاری“ کا خاص نمبر ”گوجر خان اچ پوٹھوہاری نعت ناں ارتقا“ ، نعمان رزاق کا مرتب کردہ پوٹھوہاری رسالہ ”پُرا“ کا شیراز طاہر نمبر، نعمان رزاق کی مرتب کردہ ”پوٹھوہاری ادبی سوسائٹی راولپنڈی کی دس سالہ کارکردگی رپورٹ“ اور شیراز طاہر کا پوٹھوہاری ناول ”جگنی“ شامل ہیں۔ تیرہالہ بگیال کلر سیداں روڈ تحصیل و ضلع راولپنڈی والے پروفیسر ناصر محمود کیانی (پ: 1967 ) نے 2021 میں قرآن پاک کے پوٹھوہاری ترجمہ کا آغاز کیا اور تین سالوں کی مدت میں ترجمہ مکمل کر لیا، سال 2024 میں اس کا محدود تعداد میں پہلا ایڈیشن شائع ہوا جس میں باریک لکھائی سمیت بعض دیگر مسائل بھی تھے، اب ترجمہ قرآن پاک کا دوسرا ایڈیشن طباعت کے مراحل سے گزر رہا ہے جس کا فونٹ سائز بھی بڑا کیا گیا ہے۔ پروفیسر ناصر کیانی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے لفظی بامحاورہ ترجمہ کیا ہے جو اس سے پہلے کسی نے نہیں کیا، پوٹھوہاری کے متروک الفاظ ڈھونڈ ڈھونڈ کر اس میں شامل کیے گئے ہیں، اردو متن کے لئے کنز الایمان اور شاہ عبدالقادر کے تراجم سے مدد لی گئی ہے۔

Facebook Comments HS

فیصل عرفان

فیصل عرفان پوٹھوہاری شاعر، محقق، چار کتابوں کے مولف اور روزنامہ نوائے وقت اسلام آباد میں سب ایڈیٹر ہیں

faisal-irfan-chohan has 16 posts and counting.See all posts by faisal-irfan-chohan