حرکت کا سائنسی تصور۔ حصہ ہفتم
آئن سٹائن کا نظریہ نسبیت، نیوٹن کی ذراتی میکانیات اور میکسول (متوفی 1879 ) کی فیلڈ تھیوری کی تطبیق کی کوششوں سے سامنے آیا۔ نیوٹن کا میکانکی تصور، زمان و مکاں کے مطلق ہونے پر مبنی تھا۔ نیوٹن نے حرکت کو مطلق اور نسبی میں تقسیم کیا۔ مطلق حرکت سے مراد جسم کی حرکت مطلق مکاں کے لحاظ سے ہونا ہے جبکہ نسبی حرکت، مختلف انرشیل فریمز کے لحاظ سے ہوتی ہے۔ ایک انرشیل فریم سے دوسرے انرشیل فریم میں جانے کے لئے گلیلیو (متوفی 1642 ) کی مساواتیں استعمال ہوتی ہیں جنہیں گلیلین ٹرانسفارمیشن کہا جاتا ہے۔ نسبی حرکت ہماری روزمرہ زندگی کے مشاہدات میں ہوتی ہے، جیسے پلیٹ فارم پر کھڑی ٹرین کے مسافر جب ساتھ والی پٹڑی پر ٹرین کو چلتا دیکھتے ہیں تو لگتا ہے جیسے ان کی اپنی ٹرین حرکت میں ہے اور دوسری ٹرین کھڑی ہوئی ہے۔ یہ نسبی حرکت کی مثال ہے جسے گلیلیو کی مساوات سے واضح کیا جا سکتا ہے۔ نیوٹن کے ہاں ایسا کوئی طریقہ نہیں تھا جو انرشیل فریم میں مطلق حرکت کو نسبی حرکت سے ممتاز کر سکے۔
انیسویں صدی کے نصف تک یہ خیال عام تھا کہ تمام فطری مظاہر کی وضاحت نیوٹن کی میکانیات سے ہو سکتی ہے۔ میکسول (متوفی 1879 ) نے برقی و مقناطیسی قوتوں کی یکجائی کا کام کیا اور یہ ثابت کیا کہ روشنی ایک برقناطیسی لہر ہے۔ تو یہ فطری بات تھی کہ روشنی پر بھی نیوٹن کی میکانیات اور گلیلیو کی مساواتوں کی تطبیق کی جائے۔ روشنی، سورج سے زمین تک آنے میں خلا میں سے گزرتی ہے لیکن میکسول کے دور میں، یونانی فزکس کے زیر اثر، ایسی لہروں کا تصور محال تھا جو بنا کسی واسطے محض خلا میں سفر کر سکیں۔ چونکہ یہ واضح تھا کہ آواز کی لہروں اور حرارت وغیرہ کی ایک سے دوسری جگہ ترسیل کسی واسطے کی محتاج ہوتی ہے تو یہ سوچنا فطری تھا کہ روشنی کے لئے بھی کوئی واسطہ درکار ہو گا۔ اس واسطے کو قدیم یونانی تصور کی بنا پر ایتھر کہا گیا۔ لوگوں نے ایتھر کی میکانکی وضاحت پیش کرنے کی کوشش کی جو تجربات کی کسوٹی پر پوری نہ اتری۔ تجربات کے زیر اثر ایتھر کا انکار کرنے کے بجائے یہ فرض کیا گیا کہ شاید ایتھر ایک ایسا مادہ ہے جو نیوٹن کی میکانیات پر پورا نہیں اترتا۔
لورینٹز (متوفی 1928 ) نے کہا کہ تمام مادہ اور یونہی تمام خلا، ایتھر سے بھرا ہوتا ہے۔ مادہ چونکہ برقی ذرات پر مشتمل ہوتا ہے اس لئے برقی ذرات کی حرکت سے ایتھر میں بھی برقناطیسی فیلڈ پیدا ہوتا ہے۔ مزید اس نے کہا کہ میکسول کی مساواتیں ایسے انرشیل فریم میں لاگو ہوتی ہیں جس میں ایتھر مطلق ساکن ہو جس کے لحاظ سے روشنی کی رفتار مستقل رہے گی۔ لہذا، اگر کوئی اور انرشیل فریم جیسے زمین، جب مطلق ساکن ایتھر والے فریم کی نسبت حرکت کرے گی تو اس پر روشنی کی رفتار مختلف جہتوں میں ایک جیسی نہیں ہوگی۔ سو اگر زمین پر مختلف سمتوں میں روشنی کی رفتار معلوم کی جائے تو یہ ایک جیسی نہیں ہونی چاہیے۔ 1887 میں مائکلسن اور مورلے کے تجربات سمیت ایسے دیگر بہت سے تجربات کیے گئے جن میں یہ نتیجہ نکلا کہ روشنی کی رفتار پر زمین کی حرکت کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ گویا مطلق ساکن ایتھر اور حرکت پذیر زمین، دونوں فریمز میں روشنی کی رفتار ایک ہی ہوگی، دوسرے الفاظ میں یہ کہ دونوں انرشیل فریمز ہیں اور دونوں میں قوانین حرکت ایک ہی شکل رکھتے ہیں۔ لہذا، نیوٹن کا اصول نسبیت، میکانیات اور برقناطیسیت دونوں میں لاگو ہوتا ہے۔ ان تجربات کی روشنی میں، بجائے ایتھر کا انکار کرنے کے، لورینٹز نے ایک بار پھر کوشش کی کہ گلیلیو کی ٹرانسفارمیشن کی مساواتوں میں ایسی تبدیلی لائی جائے جس سے مطلق ساکن ایتھر اور یونیفارم موشن والے دونوں انرشیل فریمز میں روشنی کی رفتار ایک جیسی رہ سکے۔ 1904 میں لورینٹز نے ایسی نئی مساواتیں بنا لیں، جنہیں پھر پوئنکرے (متوفی 1912 ) نے ’لورینٹز ٹرانسفارمیشن‘ کا نام دیا۔
لورینٹز نے اپنی مساواتوں میں ایک ’لوکل ٹائم‘ کا تصور دیا جو نیوٹن کے مطلق زمان سے مختلف تھا اور جس کی بہاؤ کی شرح تبدیل ہو سکتی تھی مگر اسے صرف ایک تکنیک کے طور پر استعمال کیا گیا۔ مزید اس نے یہ کہا کہ ایک متحرک جسم، حرکت کی سمت میں سکڑاؤ contraction کا شکار ہوتا ہے۔ اس نے لوکل ٹائم اور سکڑاؤ کی ایتھر کی مدد سے وضاحت کرنے کی کوشش کی۔ پوئنکرے نے دکھایا کہ لورینٹز کی مساواتیں ایک ریاضیاتی گروپ بناتی ہیں اور جیسے نیوٹن کی میکانیات کی مساواتیں گلیلین گروپ کے تحت غیر متغیر رہتی ہیں یونہی میکسول کی برقناطیسیت کی مساواتیں لورینٹز گروپ کے تحت غیر متغیر رہتی ہیں۔ لیکن، لورینٹز اور پوئنکرے سمیت دیگر تمام سائنسدان، نیوٹن کے مطلق زمان اور ایتھر وغیرہ کا انکار نہ کرسکے۔ اس وقت عام تاثر یہی تھا کہ نیوٹن کی ذراتی میکانیات اور میکسول کی لہروں والی برقناطیسیت، دو الگ تھیوریز ہیں۔
آئن سٹائن نے پہلی مرتبہ جرات کی اور اپنے مشہور زمانہ 1905 کے مقالہ میں واضح طور پر کہا کہ ایتھر کا کوئی وجود نہیں ہے۔ ایتھر کا انکار کر کے نیوٹن و میکسول کے نظریات میں تطبیق پیدا کی جا سکتی ہے۔ صرف نیوٹن کی میکانیات ہی نہیں بلکہ تمام قوانین حرکت، انرشیل فریم میں ایک جیسے رہتے ہیں۔ اسی کو آئن سٹائن کی خصوصی نسبیت کا پہلا اصول کہتے ہیں (خصوصی اس لئے کہ یہاں صرف انرشیل فریم کی بات ہے ) ۔ دوسرا اصول یہ ہے کہ ایک ایسا انرشیل فریم موجود ہے جس میں روشنی کی رفتار ہمیشہ مستقل رہتی ہے۔ یہ دونوں اصول، تاریخی اور تجرباتی اعتبار سے پہلے سے اپنی بنیادی شکل میں موجود تھے، مگر آئن سٹائن نے ان کو پہلی مرتبہ ایک تھیوری کے مفروضوں کے طور پر متعارف کروایا۔ ان دو مفروضوں کی بنیاد پر، رفتاروں کی جمع کا میکانکی اصول درست نتائج نہیں پیدا کرتا جو کہ گلیلیو کی مساواتوں کے برعکس ہے۔ کیونکہ نیوٹن کی میکانیات میں تمام انرشیل فریمز باہم مماثل ہیں، اس لئے اگر کسی ایک فریم میں روشنی مستقل رفتار رکھتی ہے تو تمام فریمز میں مستقل رفتار رکھے گی۔
اسکی کچھ وضاحت یوں کرتے ہیں کہ فرض کریں آپ ایک یونیفارم موشن سے چلتی ٹرین پر کھڑے ہیں (انرشیل فریم ہے ) ا ور ایک گیند اپنے آگے کی جانب پھینکتے ہیں جو ٹرین کی سمت جاتی ہے۔ اب کوئی یہ پوچھے کہ گیند کی ٹوٹل رفتار کیا ہے تو آپ ٹرین کی رفتار کو گیند کی رفتار میں جمع کر دیں گے۔ گویا گیند کی رفتار، چلتی ٹرین پر زیادہ ہو جائے گی بہ نسبت کھڑی ٹرین پر گیند پھینکے کے۔ یہ نیتجہ گلیلیو کی مساوات اور روزمرہ مشاہدے کے مطابق درست ہے۔ لیکن اگر یہی تجربہ روشنی کے ساتھ دہرائیں تو روشنی کی رفتار کیا چلتی ٹرین پر زیادہ ہوگی بہ نسبت کھڑی ٹرین کے؟ آئن سٹائن کا دوسرا اصول کہتا ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔ روشنی کی رفتار کھڑی اور یونیفارم موشن میں چلتی ٹرین، دونوں میں ایک ہی رہے گی! لہذا، اگر آئن سٹائن کے دونوں اصولوں کو درست ہونا ہے تو رفتاروں کی جمع کا میکانکی اصول اور نیوٹن کی میکانیات کے دیگر تصورات کو تبدیل
کرنا پڑے گا۔
نیوٹن کے برعکس، آئن سٹائن کے نظریہ نسبیت میں زمان ہمیشہ مطلق نہیں رہے گا بلکہ نسبی ہو گا۔ دو واقعات جو ایک انرشیل فریم میں ہم زمان تھے، وہ دوسرے کسی انرشیل فریم جو کہ پہلے کی نسبت یونیفارم موشن میں ہے، میں ہم زمان نہیں رہیں گے۔ لیکن اپنے فریم میں ہر شے کا وقت مطلق ہی ہو گا، نسبیت صرف دوسرے فریم کی یونیفارم حرکت کے لحاظ سے پیدا ہوتی ہے۔ آئن سٹائن نے نسبیت خصوصی کے دو اصولوں کی مدد سے، زمان اور مکان کے محددات کی ٹرانسفارمیشن مساواتیں معلوم کیں جو کہ پھر وہی لورینٹز کی مساواتیں ہی ہیں! مزید آئن سٹائن نے نسبی حرکت کی مساواتیں، ان اصولوں کی مدد سے نئے سرے سے لکھیں۔ کلاسیکی میکانیات کے تصورات جیسے ماس، رفتار، مومینٹم اور انرجی وغیرہ کو نئے سرے سے ڈیفائن کیا۔ اور یوں اس کی مشہور زمانہ مساوات E = mc^ 2 سامنے آئی جس کے مطابق ماس اور انرجی ایک دوسرے میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔
1907 تک آئن سٹائن کے استاد منکاؤسکی (متوفی 1909 ) نے خصوصی نسبیت کی تھیوری کو ایک نئے ریاضیاتی انداز سے پیش کیا۔ اس نے بتایا کہ لورینٹز ٹرانسفارمیشن والی مساواتوں کی عمدہ وضاحت کے لئے ایسا نظام بہتر ہے جس میں کارتیسی مستوی کے ایک ایکسز پر وقت جبکہ مکاں کی تین جہتوں کو تین عمودی ایکسز کے طور پر ظاہر کیا جائے۔ اس چار جہتی زمان و مکاں کو منکاؤسکی سپیس بھی کہتے ہیں (سپیس ٹائم یا صرف سپیس کہنا بھی درست ہے ) ۔ منکاؤسکی سپیس آئن سٹائن کی خصوصی نسبیت، لورینٹز کی مساواتوں اور پوئنکرے کی گروپ تھیوری وغیرہ کوایک نہایت جامع اور دلکش انداز میں اپنے اندر سمو لیتی ہے جس سے مادی مظاہر کی بہتر تصویر سامنے آتی ہے۔ منکاؤسکی سپیس کا مزید افادہ یہ ہوا کہ خصوصی نسبیت کی مساواتوں میں چھپی زمان و مکاں کی سمٹریز (جنہیں پوئنکرے گروپ کی سمٹریز بھی کہتے ہیں ) کا کھل کر اظہار ہوا۔ مزید 1910 میں آرنلڈ سومرفیلڈ (متوفی 1951 ) نے چار جہتی منکاؤسکی سپیس کی مساواتوں کے لئے فورویکٹر اور ٹینسراینالسس کی زبان متعارف کی جسے بہت جلد سائنسی حلقوں میں پذیرائی ملی۔
آئندہ چند سالوں میں آئن سٹائن نے فزکس کے دیگر شعبوں جیسے برقناطیسیت اور آپٹکس وغیرہ میں اپنے اصول نسبیت کے اثرات پر کئی مقالے لکھے اور اپنی اس نئی تھیوری کی بنیاد پر بہت سی پیش گوئیاں کیں۔ آج کے طالبعلم کے لئے شاید خصوصی نسبیت کا نظریہ بالکل عقل سلیم کے مطابق معلوم ہوتا ہو مگر اپنے آغاز کے دور میں زمان و مکاں کے ان نئے تصورات کو اپنانا، خصوصاً فرانسیسی، انگریزی اور امریکی دنیا کے لئے کافی مشکل تھا۔ اس کے نتائج اس قدر سادہ لیکن جدید تھے کہ کلاسیکی سائنس کرنے والوں کے لئے ان کو سمجھنا نہایت پیچیدہ عمل تھا مگر اس کا انکار بھی انتہائی مشکل تھا کیونکہ آئن سٹائن نے صرف نئی تھیوری ہی پیش نہیں کی تھی بلکہ اس کا اطلاق فزکس کے دیگر شعبوں میں کیا تھا جہاں اس نے پیش گوئیاں کی تھیں، اس کا ریاضی پوئنکرے اور منکاؤسکی کے کام کی بدولت کسی تضاد کا شکار نہیں تھا، اور پہلی مرتبہ یہ ریاضیاتی طور پر ثابت ہوا تھا کہ نیوٹن کی میکانیات اور میکسول کی برقناطیسیت میں تطبیق پائی جاتی ہے، ایتھر کا وجود نہیں ہے، خلا کے وجود کا مکمل جواز خصوصی نسبیت سے ملتا ہے۔
بڑی مشکل یہ تھی کہ خصوصی نسبیت کے نتائج تب ہی زیادہ واضح ہوتے ہیں جب ایسی ٹیکنالوجی موجود ہو جو کسی جسم کی رفتار کو روشنی کی رفتار یعنی تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کے قریب لے جا سکے۔ ایک اور بات جو اہم تھی وہ یہ کہ خصوصی نسبیت یا لورینٹز کی مساواتوں پر اگر یہ شرط لگائی جائے کہ جسم کی رفتار روشنی کے مقابلے بہت کم ہے، تو یہی مساواتیں پھر سے نیوٹن کی کلاسیکی میکانیات میں ڈھل جاتی ہیں۔ لہذا، اس دور کی ٹیکنالوجی کے حساب سے دیکھا جائے تو روزمرہ کی حرکت اس قدر تیز نہیں ہوتی کہ خصوصی نسبیت کے اثرات دکھائی دے سکیں۔ روزمرہ کی دنیا، اب بھی نیوٹن کی میکانیات ہی پر چلتی ہے۔ اگر تعصب سے کام نہ لیا جائے اور ریاضیاتی منطق پر اعتبار کیا جائے تو یہ بات اتنی غیر موزوں بھی نہیں لگتی۔
ہم عام زندگی میں جن چیزوں کی حرکت کا مشاہدہ کرتے ہیں وہ اس حد سے بہت پرے ہیں جہاں نظریہ نسبیت کے اثرات واضح ہوتے ہیں لہذا عام دنیا کی چیزوں کو نیوٹن کی میکانیات ہی سے سمجھا جانا چاہیے جو ہم انسانوں کے حواس کے قریب تر ہے۔ لیکن الیکٹران کی دنیا، براہ راست ہمارے حواس کی دنیا نہیں ہے اس لئے وہاں ہمارے روزمرہ اصولوں کی شکل تبدیل ہوجاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر الیکٹران کی دنیا تک ہمارے حواس کی براہ راست رسائی نہیں ہے تو ہم کیسے اعتبار کریں کہ خصوصی نسبیت کے اصول ہی اس دنیا کے درست اصول ہیں؟ جواب یہ ہے کہ ابھی تک کے تمام تجربات میں، خواہ وہ اس کے رد میں ہوئے یا قبولیت کے لئے، یہ نظریہ ہمیشہ ثابت رہا ہے۔ خصوصی نسبیت، جدید فزکس کی اس قدر بہترین اور ٹھوس تھیوری ہے کہ آج کل کی جدید تحقیق، اس کے بغیر قریباً ناممکن ہے۔ اس کے بغیر جدید ذراتی طبیعات اور اس کے بڑے ڈیٹیکٹرز، الیکٹران مائکرو سکوپ، ٹیلی ویژن، موبائل فون، نیوکلیائی توانائی، ستاروں میں پلازما بننے اور جلنے کا عمل وغیرہ کا تصور بھی محال ہے۔
اسکی قبولیت میں ایک مسئلہ اہل فلسفہ کی طرف سے بھی تھا کہ وہ زمان و مکاں کی نسبیت کی تفہیم اپنے پرانے نظاموں کی مدد سے نہیں کر پا رہے تھے۔ خصوصی نسبیت کے فلسفیانہ مضمرات پرانی مابعد الطبیعات سے ٹکراتے ہیں۔ اسی لئے آپ دیکھتے ہیں کہ اس دور کے بعد سے فلسفے میں نئی بحثوں نے جنم لیا ہے۔ مغرب میں ہنری برگساں، مکٹیگارٹ، رسل، وائٹ ہیڈ اور ادھر ہمارے اقبال سمیت بہت سے فلسفیوں کو اس نے متاثر کیا ہے۔
منطقی اثباتیت کا ’سائنسی‘ فلسفہ بھی آئن سٹائن کی وضاحت میں سامنے آیا ہے۔ جرمنی میں نازی ازم اور روس میں کمیونسٹ حکومتوں کے زیر اثر فلسفیوں اور کچھ سائنسدانوں کی طرف سے وقتاً فوقتاً آئن سٹائن پر الزام تراشی ہوئی اور حتیٰ کہ سٹالن دور میں نظریہ نسبیت کو پڑھانے پر جزوی پابندی بھی لگی کیونکہ نظریہ نسبیت، جدلیاتی مادیت کے فلسفے کے مطابق درست نہیں تھا۔
آئن سٹائن کا نظریہ اس قدر ٹھوس ریاضیاتی و مشاہداتی بنیاد پر قائم ہے کہ اس کا انکار کرنے کے لئے بھی اسی قدر ریاضی اور مشاہداتی بنیاد فراہم کرنا ہوگی۔ جس سے یہ نکتہ بھی واضح ہوتا ہے کہ فلسفہ اپنے دور کی سائنس کا محتاج ہوتا ہے۔ چونکہ اکثر سماجی سائنس کرنے والے اور فلسفیوں کے ہاں ریاضیاتی فہم مضبوط نہیں ہوتا، اس لئے نسبیت کو آج تک ایک بڑی تعداد درست سمجھنے سے قاصر ہے۔ کبھی اسے اخلاقی نسبیت یا روحانیت اور کبھی حرکت جوہری کے فرسودہ نظریات سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ آئن سٹائن کا نظریہ نسبیت، فلسفیانہ نہیں بلکہ خالص سائنسی نظریہ حرکت ہے جس کے لئے نیوٹن کی میکانیات، میکسول کی فیلڈ تھیوری اور لورینٹز کی مساواتوں کا درست اور گہرا شعور ہونا لازم ہے وگرنہ ایسی بیہودہ تشریحات سامنے آتی رہیں گی۔
(جاری ہے )


