جیل سے محل تک
پاکستان کی سیاسی تاریخ ان تضادات کا مجموعہ ہے جو ایک طرف جمہوریت کی آرزوؤں کا اظہار کرتے ہیں اور دوسری طرف طاقت کے مراکز کی بالادستی کی ناقابلِ انکار حقیقت کو عیاں کرتے ہیں۔ وزرائے اعظم کی برطرفی، مقدمات اور سزائیں، اور پھر این آر او یا خفیہ معاہدوں کے ذریعے رہائی کے واقعات نے نہ صرف عدلیہ کی غیر جانبداری کو مشکوک بنایا بلکہ جمہوریت کی جڑیں کمزور کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان میں وزرائے اعظم کو سزا ہونے کا سلسلہ نیا نہیں ہے لیکن اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں کہ تمام سزا کے بعد ڈیل یا این آر او کے تخت بری بھی ہو گئے۔
نواز شریف کا معاملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاسی رہنما اور عدلیہ ہمیشہ سیاسی مصلحتوں کے محور رہے ہیں۔ 1999 میں، پرویز مشرف نے ایک فوجی بغاوت کے ذریعے نواز شریف کی حکومت ختم کی۔ ان پر طیارہ سازش کیس اور کرپشن کے مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں، لیکن 2000 میں سعودی عرب کی ثالثی کے تحت انہیں جلاوطنی کا معاہدہ قبول کرنا پڑا۔ یہ معاہدہ جنرل مشرف، سعودی حکام، اور نواز شریف کے خاندان کے درمیان طے پایا۔ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کو 1990 کی دہائی میں کرپشن کے الزامات کے تحت نشانہ بنایا گیا۔ ان پر سوئس اکاؤنٹس، سرے محل، اور دیگر معاملات میں بدعنوانی کے مقدمات درج کیے گئے۔ یہ الزامات نواز شریف اور پرویز مشرف کے ادوار میں زور پکڑتے رہے۔ 2007 میں، امریکی دباؤ اور مشرف کی کمزور ہوتی گرفت کے باعث، این آر او (قومی مفاہمتی آرڈیننس) کے ذریعے ان کے خلاف مقدمات ختم کیے گئے۔ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں سزا دینے کا معاملہ بھی انہی مثالوں کی عکاسی کرتا ہے۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض سے 190 ملین پاؤنڈ ضبط کیے، جو عمران خان کی حکومت نے انہیں ایک ڈیل کے تحت واپس کر دیے۔ تمام۔ کابینہ سے بند لفافہ منظوری لی گئی اور سپریم کورٹ سے ہوئے جرمانے کو اُس میں ایڈجسٹ کر دیا گیا۔ اب سوال یہ جنم لے رہا ہے کہ 7 سال سزا ہونے پر پی ٹی آئی اور عمران خان کی سیاسی حکمت عملی کیا ہو گی اور کیا وہ سیاسی طور پر ختم ہو جائیں گے۔
ماضی کے تناظر میں دیکھا جائے تو عمران خان کے لیے مستقبل کے امکانات محدود لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ پاکستان کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ سزا یافتہ رہنما اکثر مظلومیت کے بیانیے کے ساتھ سیاست میں واپس آتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد پیپلز پارٹی ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھری۔ نواز شریف، جلاوطنی اور نا اہلی کے باوجود، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کرتے ہوئے تین بار وزیر اعظم بنے۔ عمران خان کی سزا، جو انہیں سیاسی میدان سے باہر کرنے کی کوشش ہے، شاید وقتی طور پر ان کی جماعت کو مشکلات میں ڈالے، لیکن یہ سزا ان کے عوامی بیانیے کو مزید تقویت دے سکتی ہے۔ ان کے حامی پہلے ہی اس فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں۔ اگر بین الاقوامی دباؤ، جیسے کہ ماضی میں جنرل مشرف کے خلاف ہوا، دوبارہ پیدا ہوا تو عمران خان کے لیے معافی یا جلاوطنی کی گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے۔
یہ تمام معاملات پاکستان میں ایک ایسے نظام کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں قانون اور سیاست کے بیچ ایک غیر شفاف حد موجود ہے۔ عدلیہ، جو انصاف کی ضامن ہے، اکثر طاقتور حلقوں کی مرضی کے تابع رہتی ہے۔ عمران خان کی سزا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کا راستہ اب بھی پیچیدگیوں سے بھرا ہوا ہے۔ اس بات سے قطع انکار ممکن نہیں کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سزائیں ہمیشہ حتمی انجام نہیں رہیں۔ یہ نظام طاقتوروں کی مصلحتوں کے تابع رہا ہے، اور اس سزا کے بعد بھی مستقبل قریب میں کسی ڈیل یا سیاسی مفاہمت کی گنجائش سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ عمران خان کے کیس کا فیصلہ وقتی سیاسی فائدے کے لیے دیا گیا یا قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا، لیکن یہ پاکستانی عوام کے عدلیہ اور نظام انصاف پر اعتماد کو مزید کمزور کرنے کا باعث بنے گا۔


