پرما کی اٹھارہویں سالگِرہ پہ فینی کے محبت بھرے خطوط ۔ 1
(چار پانچ برس قبل میں نے اپنی بیٹی کی اٹھارہویں سالگرہ پہ اس کو پہلی نومبر سے تئیس نومبر اس کی سالگرہ کے دن تک روز فیس بک پہ ایک خط لکھا جس میں ایک ماں کی اس کی بیٹی کے بچپن کی یادیں محبت، نصیحت اور جذبات کا اظہار تھا۔ میں چاہتی تھی وہ میرے دل کی آنکھ سے دیکھے کہ وہ میرے لئے کیا ہے۔ کیسے اس کا بچپن ایک خوبصورت یاد کے طور پہ میرے دل میں آج بھی اس ہی طرح محفوظ ہے۔ میں زندگی کرنے کا اسلوب اسے بتانا چاہتی تھی۔ میں یہ چاہتی تھیں کہ وہ ہر طرح کے حالات کے لئے تیار ہو۔ یہ خطوط نہ صرف پرما بلکہ اس کے ہم عمر بچوں کو بھی زندگی کی سیکھ دیں گے )
آج پہلی نومبر ہے اور یہ مہینہ میرے لے بہت اہم ہے کیونک اس مہینے میری پہلی اولاد پرما پیدا ہوئی تھی۔ وہ لمحہ جب میں نے اسے پہلی دفع دیکھا ایسے یاد ہے جیسے کل کی بات ہو۔ اس کی چمکتی آنکھیں جو مجھے دیکھ رہی تھیں وہ لمحہ میری آنکھوں میں اور دل میں ایک خو بصورت یاد بن کر زندہ ہے۔
پرما اس سال میں تم سے کچھ ایسی باتیں کرنا چاہتی ہوں جو میں نے پہلے بھی کیں ہیں مگر میں چاہتی ہوں تم یہ یاد رکھو کہ زندگی میں سب سے اہم ہمارا خاندان ہوتا ہے جو ہر خوشی اور غم میں ہمارے ساتھ کھڑا رہتا ہے زندگی میں محبت کرنے والے ہوں اس سے زیادہ خوش نصیبی کی کوئی بات نہیں تم جانتی ہو کہ میں، بابا اور فرجاد تم سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
تمہارے ہر فیصلے اور زندگی کے ہر قدم پر ہم تمہارے ساتھ ہوں گے کچھ زندگی کے فیصلے ایسے بھی ہوں گے کہ جو شاید ہمیں اس وقت سمجھ میں نہ آئیں مگر پھر بھی ہم تمہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ گھر والے اس ہی لیے ہوتے ہیں کہ ہر قدم پہ ساتھ کھڑے رہیں۔ زندگی بہت خوبصورت ہے اس سے کبھی بھی مایوس مت ہونا زندگی میں ہمت کبھی نہیں ہارنی چاہیے تم سے سب گھر والے بہت پیار کرتے ہیں اور تمہیں بہت خوش دیکھنا چاہتے ہیں تم میں پوری ہمت اور طاقت ہے کہ تم زندگی کا احسن طریقے سے سامنا کر سکو۔ اپنی زندہ دلی اور دوسروں کے کام آنے کی خوبی کو کبھی بھی ختم مت ہونے دینا۔ جو لوگ تم سے محبت کرتے ہیں ان کو یاد رکھنا اود انھیں زندگی کی تیز رفتاری میں مت بھولنا۔
تمہاری خوبی یہ ہے کہ تم ایک درد مند دل رکھتی ہو ہمیشہ ایس ہی رہنا۔ مان اور جیا من تم سے اور فرجاد سے بہت پیاد کرتے ہیں اور تم دونوں کو خوب خوش اور کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں ہمیشہ یہ یاد رکھنا کہ تمھیں چاہنے والے کتنے سادے لوگ ہیں اس بات سے انسان کو طاقت ملتی ہے کہ اس کے گھر والے اور خاندان والے اس کے لیے کھڑے ہیں۔
جیسے تم آج کھل کر جیتی ہو ہمیشہ ایسے ہی رہنا۔ زندگی ایک دفعہ ملتی ہے اس کو بھرپور جیو۔ مجھے تم پہ ناز ہے۔ زندگی میں تم صحیح فیصلہ کرو یا غلط ہم ہمیشہ تمہارے لے کھڑے رہیں گے۔ زندگی کو ایسے جینا کہ خود زندگی بھی تم پر فخر کرے۔
تم خوش رہو صحت مند رہو خوب ترقی کرو اور اپنا ہر خواب پورا کرو یہی میری دعا ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ میری بیٹی ایک ایسی لڑکی ہے جو خواب دیکھتی ہے اور ان خوابوں کی تکمیل کے لیے کو شش کرتی ہے۔ جیو اور خواب دیکھنا کبھی نہ چھوڑنا۔ بہت سارا پیار اور دعائیں۔ زندگی میں بڑا سوچو اور کوشش کرو کہ تمہاری سوچ اور کام لوگوں کی زندگی میں بہتری لا سکے۔ تم آنے والا کل ہو جو بہت تابناک ہے تم جیسی دنیا کے خواب دیکھتی ہو وہ ممکن ہے ہر خواب پہلے ایک خیال ہوتا ہے اور پھر لگن اور کوشش سے حقیقت بنتا ہے۔


