ٹرانس جینڈر کے حقوق
ٹرانس جینڈر افراد انسانی معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جنہیں طویل عرصے تک نظر انداز کیا گیا، مگر ان کی جدوجہد اور معاشرتی شعور میں اضافے کے ساتھ ان کے حقوق کو تسلیم کیا جانے لگا ہے۔ پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی کا سفر مشکل اور طویل رہا ہے، لیکن حالیہ برسوں میں ان کی خدمات اور کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کئی مثبت اقدامات کیے گئے ہیں۔
آئین پاکستان اور ٹرانس جینڈر حقوق۔
پاکستان کا آئین ہر شہری کو مساوی حقوق فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ آرٹیکل 25 کہتا ہے ”تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہیں اور مساوی تحفظ کے حق دار ہیں۔“
آئین کی یہ شق ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو بھی برابر کے حقوق فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، آرٹیکل 9 زندگی اور آزادی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ آرٹیکل 14 انسانی وقار کی حفاظت کی بات کرتا ہے۔
2018 میں پاکسان نے ایک تاریخی قدم اٹھایا اور ”ٹرانس جینڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس) ایکٹ“ پاس کیا۔ اس قانون کے تحت ٹرانس جینڈر افراد کو درج ذیل حقوق دیے گئے۔
1۔ اپنی صنفی شناخت کا تعین کرنے کا حق۔
2۔ ملازمت، تعلیم، اور صحت کی سہولتوں تک مساوی رسائی۔
3۔ کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کے خلاف قانونی تحفظ۔
4۔ وراثت میں حصہ لینے کا حق۔
یہ قانون ان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے، لیکن عملی نفاذ ابھی بھی چیلنجز کا شکار ہے۔
پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد کی خدمات۔
پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد نے مختلف شعبوں میں اپنی مہارت اور قابلیت کا مظاہرہ کیا ہے، حال ہی میں ناچیز کو لاہور میں وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے ایک پروگرام میں جانے کا اتفاق ہوا جہاں پر مرد اور خواتین کے ساتھ ساتھ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی شرکت دیکھ کر خوشی ہوئی کہ آج وہ بھی اپنی کمیونٹی کے حق کے لیے یہاں پر موجود ہیں۔
ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی چند نمایاں شخصیات درج ذیل ہیں۔
1۔ نایاب علی
نایاب علی ایک معروف ٹرانس جینڈر ایکٹوسٹ اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں جو ”دی گالا ایوارڈ“ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں یہ ایوارڈ ان کو خواجہ سراؤں کی بہبود، حقوق، انصاف اور قانون سازی کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ انہوں نے تعلیم اور روزگار کے حقوق کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
2۔ علینہ خان
علینہ خان نے شوبز انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائی اور اپنے کام کے ذریعے ٹرانس جینڈر افراد کے لیے قبولیت کے دروازے کھولے۔
3۔ صوبیہ خان
صوبیہ خان پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی سماجی و سیاسی رہنما ہیں۔ وہ مختلف پلیٹ فارمز پر ٹرانس جینڈر حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔
4۔ سارہ گل
ڈاکٹر سارہ گل پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر میڈیکل ڈاکٹر ہیں۔ انہوں نے اپنی قابلیت کے ذریعے ثابت کیا کہ ٹرانس جینڈر افراد کسی بھی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
5۔ مارویہ ملک
پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر نیوز اینکر بننے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل اجاگر کیے۔
چیلنجز اور جدوجہد۔
پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد کو آئینی اور قانونی حقوق حاصل ہونے کے باوجود معاشرتی سطح پر بہت سے مسائل کا سامنا ہے، جن میں شامل ہیں۔
1 امتیازی سلوک
تعلیمی اداروں، ملازمتوں، اور صحت کی سہولتوں میں امتیازی سلوک عام ہے۔
2 معاشرتی قبولیت کی کمی۔
ٹرانس جینڈر افراد کو اکثر سماجی دھتکار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
3 تشدد اور ہراسانی
ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے خلاف تشدد اور ہراسانی کے واقعات اب بھی ایک سنگین مسئلہ ہیں۔
4 معاشی مشکلات
ٹرانس جینڈر افراد کو باعزت روزگار کے مواقع کم ملتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ اکثر بھیک مانگنے یا دیگر غیر روایتی کاموں کی طرف مائل ہوتے ہیں۔
پاکستان میں لیڈرشپ اور ٹرانس جینڈر حقوق
ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی قیادت کو تسلیم کیا جائے اور انہیں اہم پالیسی سازی میں شامل کیا جائے۔ اس حوالے سے چند اقدامات تجویز کیے جا سکتے ہیں :
1 تعلیم اور تربیت
ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے خصوصی تعلیمی ادارے اور اسکالرشپ پروگرام شروع کیے جائیں تاکہ وہ بہتر تعلیم حاصل کر سکیں۔
2 روزگار کے مواقع
سرکاری اور نجی شعبے میں ٹرانس جینڈر افراد کے لیے ملازمت کے مخصوص کوٹے مختص کیے جائیں۔
3 آگاہی مہمات
میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل اور ان کے حقوق کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے۔
4 قانون کا سخت نفاذ
ٹرانس جینڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس) ایکٹ 2018 کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ٹرانس جینڈر افراد پاکستان کی آبادی کا ایک اہم حصہ ہیں، اور انہیں مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنا معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کی خدمات اور قابلیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا نہ صرف ان کے مسائل حل کرے گا بلکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک معروف ٹرانس جینڈر اداکارہ رمل علی کی مریم نواز سے اپیل تھی کہ ہم بھی ووٹ دیتے ہیں سب کی طرح ہمارے مسائل بھی حل کریں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو آج بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ آئین پاکستان کے تحت انہیں دیے گئے حقوق کے نفاذ سے ایک مساوی اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے ہمیں رنگ نسل مذہب اور جنس سے ہٹ کر سوچنا ہو گا پھر ہی ہم ایک مہذب معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جیسا کہ نگران پنجاب حکومت نے ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے انقلابی اقدام کیا تھا جس میں پاکستان ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ سکول اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے لاہور میں پہلی ’تحفظ درسگاہ‘ کا افتتاح کیا تھا جو کہ اس وقت کی حکومت کا اس کمیونٹی کے لیے اچھا قدم ثابت ہوا تھا۔
ٹرانس جینڈر کمیونٹی بھی پاکستان کا حصہ ہے اور سب سے بڑھ کر یہ بات کہ وہ بھی ہماری ہی طرح انسان ہیں۔


