مسیحی روزے اور رمضان: بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی رواداری کا پیغام


عام طور پر دیکھنے میں آتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں دوسروں کے مذہبی عقائد کے بارے میں بے شمار غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں، جس کی ایک بنیادی وجہ دوسروں مذاہب کے لوگوں کے ساتھ براہ راست تعلق اور واسطہ نہ ہونا ہے۔ بطور مسیحی، میرے بے شمار مسلمان دوست مجھ سے مذاہب کے متعلق بہت بنیادی اور عام سوالات پوچھتے ہیں، تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ ہمارا دوسرے مذاہب کے متعلق مطالعہ بہت محدود ہے۔ میں نے خود بین المذاہب اور الہامی مذاہب کا مطالعہ کیا تو اندازہ ہوا کہ دوسرے مذاہب کے بارے میں جاننے کا سب سے بہترین طریقہ اُس مذہب کے پیروکاروں کے ساتھ وقت گزارنا ہے، جس سے ہمارے بے شمار خدشات، غلط فہمیاں اور تعصب دُور ہوتے ہیں۔ تاہم یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ آپ مختلف مذاہب کا مطالعہ اُن کی بنیادی تعلیمات، الٰہیات اور رسومات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے کریں، نہ کہ دوسرے مذاہب کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کریں۔ یہ کام عام انسانوں کا نہیں ہے، لہٰذا ہمیں مذہبی رواداری اور سماجی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہیے۔

پاکستان میں رمضان کریم کے مبارک مہینے کا آغاز 2 مارچ سے ہوا، جبکہ مسیحی روزوں کا آغاز 5 مارچ سے ہو چکا ہے۔ اس سال خوش قسمتی سے دو الہامی مذاہب کے روزوں کے ایام تقریباً ایک ساتھ آئے ہیں، جو ایک سنہری موقع ہے کہ ہم پاکستانی معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے ان ایام کا بھرپور اور موثر استعمال کریں۔ یہ ایام اپنے خالق سے تعلق کی مضبوطی، انسانوں سے تعلقات کی بحالی، رشتوں میں مضبوطی، ذہنی صحت کی بہتری، اور سماجی مسائل سے نبرد آزما ہونے کا عمدہ موقع فراہم کرتے ہیں۔ روزوں کے ایام ہمیں روحانی زندگی میں ترقی، انسانی رویوں میں بہتری، ایمان میں مضبوطی، انسانی رشتوں و تعلقات میں بہتری، اور خُداوند تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو بحال کرنے کا بہترین ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ مسیحی اور اسلامی روزوں کا بنیادی مفہوم اپنے خالق سے روحانی تعلق کو مضبوط کرنا ہے۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ، معاشرتی اور سماجی زندگی میں بہتر تعلقات کے لیے ہمیں تین نکات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

1: مشترکہ افطار: انسانی محبت کا اظہار

ان دنوں تمام ادارے اور تنظیمیں جہاں مسیحی اور مسلمان ساتھی مل کر کام کرتے ہیں، وہاں مشترکہ روزہ کشائی (افطار) کا اہتمام کیا جائے تاکہ ایک دوسرے کے روزوں کے تصور کو بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے اور باہمی احترام و محبت میں اضافہ ہو۔ اس سے ایک دوسرے کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔ بھوک انسانی زندگی کی مشترکہ ضرورت ہے، جس کے لیے ہم سب روزہ رکھتے ہیں۔ بھوک ہمیں ہمارے اصل مقصد کے لیے تیار کرتی ہے اور ہمیں اپنے جیسے دوسرے انسانوں کی مجبوریوں اور ضرورتوں کو سمجھنے میں معاونت فراہم کرتی ہے۔

2: نیکی کی تقسیم میں شراکت

محبت اور نیکی بانٹنے کا سب سے بہترین طریقہ ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہے۔ خاص طور پر وہ ادارے جو زکوٰۃ اور خیرات کا انتظام کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ مستحق مسیحی خاندانوں کی بھی مدد کریں۔ اسی طرح مسیحی ادارے بھی اپنے مسلمان ملازمین کے لیے رمضان پیکج کا اہتمام کریں تاکہ بین المذاہب ہمدردی اور رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔

3: مشترکہ فلاحی منصوبوں کا آغاز

چونکہ میرا تعلق تعلیم، تربیت، ٹریننگ، اور ڈویلپمنٹ کے شعبے سے ہے اور میں معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کا علمبردار ہوں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ مختلف اداروں، تنظیموں، اور مذہبی رہنماؤں کو مل کر سماجی بھلائی اور فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں۔

میں سمجھتا ہوں کہ یہ تحریر بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی رواداری، اور باہمی محبت کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔ رمضان اور مسیحی روزوں کا ایک ساتھ آنا ہمارے لیے ایک منفرد موقع ہے کہ ہم بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو عملی شکل دیں۔ اگر ہم ان تجاویز پر عمل کریں تو یہ حقیقی معنوں میں ایک بہتر، ہم آہنگ، اور متحد معاشرے کے قیام میں مددگار ثابت ہو گا۔ یاد رکھیں، ”روزہ محض خود احتسابی، خود انکاری، پرہیزگاری، دُعا، خیرات، عبادات اور نیکی کے کاموں تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک خوبصورت روحانی سفر ہے جو سال بھر جاری رہنا چاہیے۔“

میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری دُعاؤں، التجاؤں، عبادات اور ریاضت کو قبول فرمائے اور ہمیں ایک بہترین انسان، اپنے مذہب کی حقیقی رُوح اور تعلیمات پر عمل کرنے کا فضل عطا کرے۔

Facebook Comments HS