پوٹھوہاری زبان میں نعت نگاری


نعت نگاری یا نعت گوئی کی بات کریں تو خالق کائنات نے قرآن کریم میں جابجا اپنے پیارے حبیب حضرت محمد ﷺ کی تعریف و توصیف میں نعتیہ آیات نازل کی ہیں، سیدنا ابو طالبؓ سے شروع ہونے والا نعت گوئی کا سلسلہ آج بھی اسی عقیدت و محبت کے ساتھ جاری و ساری ہے، نعت گوئی کسی ایک علاقے، زبان یا مذہب تک محدود نہیں، کرہ ارض پر موجود ہر علاقے، ہر زبان اور ہر مذہب کے ماننے والوں نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں نعوت لکھ رکھی ہیں اور یہ سلسلہ تاقیامت جاری رہے گا، پوٹھواری زبان میں نعت نگاری کی بات کریں تو پوٹھوہاری شاعر اور ادیب بھی عشق رسول ﷺ میں کسی سے پیچھے نہیں رہے، پوٹھوہاری نعت نگاری ہو یا حمدیہ اور نعتیہ ماہیا نگاری پوٹھوہاری شعراء اس میدان سخن میں بھی پیش پیش ہیں۔

٭مطبوعہ پوٹھوہاری نعتیہ مجموعہ ہائے کلام٭

اولین مطبوعہ پوٹھوہاری نعتیہ مجموعہ کی بات کریں تو یہ سعادت نعت گو شاعر محمد جمیل جمیل کے حصہ میں آئی ہے، دسمبر 2021 میں ”عشق مشالاں“ کے نام سے ان کا 154 صفحات پر مشتمل پوٹھوہاری نعتیہ مجموعہ شائع ہوا جس میں 6 حمدیہ کلام، 50 نعوت اور خلفائے راشدینؓ کے 4 مناقب شامل ہیں، محمد جمیل جمیل کا جنوری 2023 میں ادب سماج انسانیت پبلی کیشنز راولپنڈی کے زیر اہتمام 112 صفحات پر مشتمل دوسرا نعتیہ مجموعہ ”سُچیاں سدھراں“ شائع ہوا، جس میں 5 حمدیہ کلام، 23 نعوت، 2 رباعیات، دینی موضوعات پر 5 آزاد نظمیں، 2 اصلاحی کلام اور خلفائے راشدینؓ کے 4 مناقب شامل ہیں، ان دونوں نعتیہ مجموعوں پر وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کی طرف سے محمد جمیل جمیل کو ایوارڈ مل چکے ہیں۔ ستمبر 2023 میں مضراب پبلی کیشنز گوجر خان کے زیر اہتمام جنید غنی راجہ کی 96 صفحات پر مشتمل کتاب پکا رنگ فقیری آلا ”شائع ہوئی جس میں ایک حمد، 18 نعوت، 17 مناقب، ایک کافی اور سیف الملوک بحر پر 34 متفرق اشعار شامل ہیں۔

٭زیر طبع نعتیہ مجموعے ٭

مارچ 2025 میں مضراب پبلی کیشنز گوجر خان کے زیر اہتمام جنید غنی راجہ کی 112 صفحات پر مشتمل کتاب کنڑیاں نُور نیاں ”شائع ہوگی جس میں ایک حمد اور 46 نعوت شامل ہیں۔ ثاقب امام رضوی کی 92 پوٹھوہاری نعوت پر مشتمل کتاب نُور مشالاں“ بھی جلد زیور طبع سے آراستہ ہوگی۔ زبیر احمد وارثی کا پوٹھوہاری حمد، نعت و مناقب پر مشتمل مجموعہ نسبت نیاں گلاں ”دسمبر 2025 میں اشاعت پذیر ہو گا۔ فرید زاہد کی نعتیہ چو مصرعوں پر مشتمل کتاب“ توشہ ”بھی زیر ترتیب ہے۔

٭پوٹھوہاری رسائل کے حمد و نعت نمبر٭

جون 2017 ء میں نعمان رزاق کی زیر نگرانی کتابی سلسلہ ”پُرا“ کا حمد و نعت نمبر شائع ہوا جو پوٹھوہاری حمد و نعت کا پہلا انتخاب تھا، 96 صفحات کے اس خاص نمبر کے مدیر اعلیٰ شیراز طاہر تھے جس میں ڈاکٹر سید طالب بخاری کا تحقیقی مضمون، سید طارق مسعود، سلطان ظہور اختر، زمان اختر، عارف ادیب کیانی، اکرم میر پوری، سید اسجد علی شاہ، یاسر کیانی، آل عمران، زبیر احمد وارثی، نعمان رزاق اور شیراز طاہر کا حمدیہ کلام، سید طارق مسعود، حبیب شاہ بخاری، دلپذیر شاد، عبدالقادر قادری، ڈاکٹر سید طالب بخاری، فاضل شائق، حنیف حنفی، جاوید احمد، پروفیسر نجمی صدیقی، علی احمد قمر، عارف ادیب کیانی، بابو اکرم کلیامی، ثاقب امام رضوی، آل عمران، یاسر کیانی، زمان اختر، راجہ وحید قاسم، عابد جنجوعہ، شیراز اختر مغل، اکرم میر پوری، نثار ترابی، عبدالرحمن کاشف، اختر رضا سلیمی، راج شاہد رشید، قمر عبداللہ، سید اسجد علی شاہ، سید تراب نقوی، مختار آذر کربلائی، محمد اقبال راجہ، محمد عظمت مغل، صاحبزادہ غلام رضا شاکر، فرزانہ جاناں، پھولبر سلطانہ، عبدالرحمن واصف، قمر ضیاء، سلطان محمود چشتی، الحاج اخلاق ارشد، شمسہ نورین، محمد یٰسین بھٹی، فیصل عرفان اور شکور احسن کی نعوت شامل ہیں۔

کتابی سلسلہ ”پوٹھوہاری“ کا پوٹھوہاری نعت نمبر ”گوجر خان اِچ پوٹھوہاری نعت ناں ارتقاء“ 2024 میں شائع ہوا، جس کے مدیر شکور احسن ہیں۔ رسالے میں حمد، نعتیہ کتابوں پر لکھے گئے مضامین، گوجر خان کے شعرا ء اویس راجہ، اکرام رشید قریشی۔ بلال انجم، تیمور اکبر جنجوعہ۔ ثاقب امام رضوی، ذاکر محمود ذاکر، زبیر احمد وارثی، سلطان محمود چشتی، شاہد لطیف ہاشمی، شکور احسن، شیراز اختر مغل، عادل سلطان خاکی، عثمان اسلم، علی اصغر علی، علی عمران کاظمی، فیصل عرفان، محمد رضوان راجا، مرزا غفور الٰہی کی منتخب نعوت، جنید غنی راجہ اور محمد اخلاق کے تعارف اور آٹھ آٹھ نعوت پر مبنی خصوصی گوشے شامل ہیں۔

صاحبان ذوق پوٹھوہار وٹس ایپ گروپ میں بھی پوٹھوہاری شعراء کے نعتیہ و حمدیہ پوٹھوہاری ماہیے اور نعتیہ طرحی مصرعوں پر شعراء طبع آزمائی کرتے رہتے ہیں، پوٹھوہاری ادبی بیٹھک، حلقہ یاران ادب دولتالہ اور دبستان پوٹھوہار وٹس ایپ گروپس میں بھی نعتیہ طرحی مصرعوں پر شعراء نعتیہ کلام لکھ کر پوسٹ کرتے رہے ہیں، نومبر 2024 میں مضراب پبلی کیشنز گوجر خان کے زیر اہتمام شاہد لطیف ہاشمی ایڈوکیٹ کی پوٹھوہاری ماہیوں کی کتاب ”تُرٹنے ساہ“ شائع ہوئی میں حمدیہ اور نعتیہ ماہیے بھی شامل ہیں، عادل سلطان خاکی کی پوٹھوہاری ماہیوں کی کتاب ”گاہ“ جنوری 2025 میں مضراب پبلشرز گوجر خان کے زیر اہتمام شائع ہوئی، اس کتاب میں بھی حمدیہ و نعتیہ پوٹھوہاری ماہیے شامل ہیں۔

٭ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں ریکارڈ کی گئیں پوٹھوہاری نعوت٭

عابد حسین جنجوعہ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں عابد حسین جنجوعہ کی 7، عظمت مغل 2، شریف شاد، طالب بخاری، یاسر کیانی، دلپذیر شاد اور شیراز اختر مغل کی ایک ایک پوٹھوہاری نعت ریکارڈ اور نشر ہو چکی ہیں جن میں پاک نبی ﷺ نے سوہنڑیں در تہ (شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ آوازسائرہ وحید۔ پروڈیوسر عبدالرحمٰن فاروقی) ، عشق نبی ﷺ نی دولت جہیڑا پانڑاں اے (شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ آواز سائرہ وحید۔ پروڈیوسر عبدالرحمٰن فاروقی) ، ذکر نبی ﷺ نا جاری رہنڑاں جہیڑے جہیڑے پاسے جاں (شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ آواز عبدالحمید مدنی۔ پروڈیوسر عبدالرحمٰن فاروقی) ، سوہنڑاں اے محبوب خدا نا (شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ آواز عبدالحمید مدنی۔ پروڈیوسر عبدالرحمٰن فاروقی) ، سوہنڑیں سیرت سوہنڑیں صورت سوہنڑاں اے کردار (آوازشیراز اختر مغل۔ شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ پروڈیوسر فیصل خان) ، اُچّیاں شاناں والا سوہنڑاں (آواز شیراز اختر مغل۔ شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ پروڈیوسر فیصل خان) ، ذکر نبی نا جاری رہنڑاں (شاعر عابد حسین جنجوعہ۔ آواز احسان الحق چشتی۔ پروڈیوسر فیصل خان) ، میں وی مدینے جاساں (شاعر و آواز۔ شیراز اختر مغل۔ پروڈیوسرفیصل خان) ، آپ ﷺ آئے تہ (شاعر شریف شاد۔ آواز سائرہ وحید) ، مہھاڑیاں سوچاں نی اُچیائی (شاعر طالب بخاری۔ آواز میمونہ مشتاق۔ پروڈیوسر عبدالرحمان فاروقی) ، دور سارے کفر باطل نے ہنیرے (شاعر دلپذیر شاد۔ آواز سائرہ وحید) ، پاک نبی ﷺ جی پیارے آقا ﷺ (شاعر یاسر کیانی۔ آواز نعیم اختر نقش بندی۔ پروڈیوسر محمد اورنگزیب) ، اُچی شان تساں نی جگ تے (شاعر عظمت مغل۔ آواز محمد احسان نصیر۔ پروڈیوسر فیصل خان) ، جس ویلے اوہ سب توں سوہنڑاں (شاعر عظمت مغل۔ آواز محمد سلیم چشتی۔ پروڈیوسر فیصل خان) ، لجپال نبی ﷺ سوہنڑاں (آواز محمد اختر بزمی) شامل ہیں۔

Facebook Comments HS

فیصل عرفان

فیصل عرفان پوٹھوہاری شاعر، محقق، چار کتابوں کے مولف اور روزنامہ نوائے وقت اسلام آباد میں سب ایڈیٹر ہیں

faisal-irfan-chohan has 16 posts and counting.See all posts by faisal-irfan-chohan