برمنگھم میں قائداعظم ٹرسٹ کے زیر اہتمام یومِ پاکستان کی تقریب


Loading

abdul waheed khan birmingham

قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیر اہتمام یوم قرار داد پاکستان 23 مارچ 1940 کے حوالے سے 23 مارچ 2025 کو برمنگھم میں ”سہارا گَرِل ریستوران“ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے کی جبکہ پاکستان سے نجی دورے پر آئے ہوئے محکمہ تعلیم صوبہ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری چوہدری ضیغم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی سعادت محمد عجائب مغل نے حاصل کی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری ضیغم نواز، میزبان راجہ محمد اشتیاق کے علاوہ بیرسٹر عمر بنیامین، بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری، حافظ سعید احمد مکی، پیر طیب الرحمٰن قادری، راجہ بابر سلیم، عبدالوحید خان، عبدالرؤف مغل اور افتخار احمد جگنو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں تقریب کے شرکا پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے لیڈی پول روڈ پر ریلی نکال کر ”پاکستان زندہ باد“ اور بانی پاکستان ”قائداعظم زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے ریستوران پہنچے تھے۔

چوہدری ضیغم نواز نے قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق کی خدمات اور پاکستان سے محبت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے باہر بسنے والے پاکستانی وطنِ عزیز کو نہ صرف زرمبادلہ بھیج کر بہت بڑی خدمت سرانجام دیتے ہیں بلکہ مختلف قومی تہواروں کو منا کر ایک سچے اور محبِ وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت بھی دیتے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس رشتے کو کمزور نہیں ہونا چاہیے اور نئی نسل کو بھی پاکستانی کلچر، زبان اور ثقافت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے جس کے لئے قائداعظم ٹرسٹ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر رمضان المبارک کا مہینہ ہونے کے باوجود پاکستان کے حوالے سے تقریب کے انعقاد پر شرکا کو مبارکباد دی اور بتایا کہ پاکستان ڈے 23 مارچ کو اس لئے مناتے ہیں کہ ہمارا پہلا آئین بھی 23 مارچ 1956 کو نافذالعمل ہوا تھا جبکہ قرارداد لاہور جو 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک جسے بعد میں اقبال پارک کا نام دیا گیا میں منظور ہوئی تھی جس کو مسلم مخالف پریس نے طنزیہ طور پر قرارداد پاکستان لکھا لیکن برصغیر کے مسلمانوں نے بانی پاکستان کی انتھک اور ولولہ انگیز قیادت میں وطنِ عزیز پاکستان کا قیام ممکن کر دیا جہاں ہم آزادی سے جی رہے ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم چوہدری ضیغم نواز نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تقریباً دس ملین سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے ایسے بچوں کے لئے تعلیم کے دروازے کھولے جائیں تاکہ وہ معاشرے کے باعزت شہری بن کر معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے محکمہ تعلیم ہر سال بڑے پیمانے پر داخلہ مہم چلاتا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکول میں داخل کیا جائے اور انہیں زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جائے انہوں نے اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں اپنے عزیز و اقارب کی مالی مدد کرتے ہیں تو اس امر کو یقینی بنائیں کہ وہاں پر بچوں کو تعلیم ضرور دی جائے اور اگر ان کے بھیجے ہوئے پیسوں سے ان کے عزیز و اقارب اپنے ارد گرد میں کسی ایسے بچے کو جو سکول نہیں جا رہا اگر سکول بھجوانا شروع کرا دیں تو یقیناً یہ ان کے لئے صدقہ جاریہ ہو گا۔

چوہدری ضیغم نے تقریب میں مدعو کرنے پر قائداعظم ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق اور ان کے رفقائے کار کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں محکمہ تعلیم سے متعلقہ کسی بھی جائز کام کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب کے میزبان راجہ محمد اشتیاق نے تمام حاضرین اور پاکستانی قوم کو یومِ قراردادِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم ٹرسٹ کا قیام 1998 میں عمل میں آیا اور ہم ہر سال وطنِ عزیز پاکستان کے حوالے سے یومِ آزادی پاکستان، یوم قراردادِ پاکستان، یومِ دفاع پاکستان، اور قائداعظم محمد علی جناح و مصورِ پاکستان شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم پیدائش و وفات پر تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ یہاں پر موجود پاکستانی کمیونٹی کا وطن عزیز سے رابطہ مضبوط ہو اور انہیں اپنے قومی ایام کے حوالے سے اور قومی رہنماؤں کی خدمات سے آگاہی رہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ٹرسٹ بلا تفریق سیاسی نظریات و سیاسی وابستگی تمام پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے اور تعلیم، تربیت اور شریعت کے رہنما اصول کو مدنظر رکھ کر اپنے نوجوانوں کو پاکستان اور برطانیہ کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین سفارتی، اقتصادی، معاشی اور سیاسی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ راجہ محمد اشتیاق نے کہا کہ پاکستان ہمارا ”مادرِ وطن“ ہے تو برطانیہ ہمارا ”ہوم لینڈ“ ہے اس لئے ہمیں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے لئے بھی خیر و برکت کی دعا مانگنی چاہیے۔

قائداعظم ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر عمر بنیامین نے اپنے خطاب میں 23 مارچ 1940 کے تاریخی حوالوں سے گفتگو کی اور قائداعظم ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد بیان کیے جبکہ ٹرسٹ کے وائس چیئرمین بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری نے تمام پاکستانیوں کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

حافظ سعید احمد مکی نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان میں اگرچہ کئی طرح کے مسائل سر اٹھا رہے ہیں جن سے پاکستانی کمیونٹی میں تشویش پائی جاتی ہے لیکن ہمیں حضرت یعقوب علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے اور اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اور ہمیشہ مثبت طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے۔

سابق پارلیمانی امیدوار راجہ بابر سلیم نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ میں بھی یوم پاکستان کے حوالے سے آج صبح تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغام بھی پڑھ کر سنائے گئے لیکن رمضان کی وجہ سے حاضری ذرا کم تھی اور قائداعظم ٹرسٹ نے رمضان کے دن ہونے کے باوجود پاکستان کے حوالے سے ریلی نکال کر اور تقریب منعقد کر کے وطنِ عزیز سے اپنی بے پناہ محبت کا ثبوت دیا ہے جس کے لئے راجہ محمد اشتیاق اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کے رمضان المبارک کے ان دنوں میں بطور خاص وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور تعمیر و ترقی و عوام کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی پوری پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے وطن عزیز کی نیک نامی اور تعمیر و ترقی کے لئے انفرادی سطح پر اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کے تجدید عہد کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر پیر طیب الرحمٰن قادری نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے اجتماعی دعا کرائی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments