انقلاب یا اصلاحات: حقیقی تبدیلی کا واحد راستہ؟
تاریخ میں بارہا یہ بحث چھڑی ہے کہ سماجی اور سیاسی تبدیلی کے لیے کون سا راستہ زیادہ موثر ہے۔ اصلاحات یا انقلاب؟ بعض لوگ یہ دلیل دیتے ہیں کہ سماج میں تبدیلی تدریجی اصلاحات کے ذریعے آنی چاہیے، کیونکہ پرامن اور مرحلہ وار اصلاحات نہ صرف کم نقصان دہ ہوتی ہیں بلکہ ان کے ذریعے ایک پائیدار اور دیرپا نظام کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب، انقلابی نقطہ نظر رکھنے والے اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اصلاحات محض ایک فریب ہیں، جو استحصالی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے حکمران طبقات کی ایک چال ہوتی ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ تاریخ میں کچھ اصلاحاتی تحریکوں نے محدود کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ مزدوروں کے حقوق، خواتین کے حقوق، اور شہری آزادیوں کے حوالے سے کئی جگہوں پر اصلاحات کے ذریعے کچھ مثبت نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ اصلاحات ایک استحصالی اور غیر مساوی نظام کو جڑ سے ختم کر سکتی ہیں؟ کیا یہ ان بنیادی تضادات کو ختم کر سکتی ہیں جو سماج کو طبقاتی بنیادوں پر تقسیم کرتے ہیں؟ اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں تو واضح ہوتا ہے کہ اصلاحات زیادہ تر اسی حد تک ہوتی ہیں، جس حد تک وہ حکمران طبقات کے مفادات کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ان اصلاحات کا دائرہ محدود ہوتا ہے، اور جب عوام کا دباؤ کم ہوتا ہے تو اکثر یہ اصلاحات بھی واپس لے لی جاتی ہیں۔
اس کے برعکس، انقلاب کا راستہ بنیادی تبدیلی کا راستہ ہے۔ انقلاب صرف حکومت کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ یہ ایک سماجی، معاشی اور سیاسی ڈھانچے کی مکمل تبدیلی ہے۔ یہ استحصالی نظام کو جڑ سے ختم کرتا ہے اور ایک نیا نظام قائم کرتا ہے جو محکوم طبقات کے مفادات کا تحفظ کرے۔ لیکن انقلاب محض خواہش یا جذبات کا نام نہیں ؛ یہ ایک منظم عمل ہے جو سیاسی تربیت، تنظیم سازی، نظریاتی تیاری، اور عوامی شعور کی بیداری کا تقاضا کرتا ہے۔
یہاں ایک اور سوال اٹھتا ہے کہ اگر انقلاب کے حالات موجود نہیں ہیں تو کیا کیا جائے؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اگر انقلابی حالات نہیں ہیں، تو ہمیں صرف اصلاحات پر اکتفا کرنا چاہیے۔ یہ بات جزوی طور پر درست ہو سکتی ہے کہ اگر انقلاب کی تیاری نہ ہو تو کسی قسم کے ”adventurism“ یا بے مقصد مہم جوئی کا کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ اس سے صرف نقصان ہوتا ہے اور تحریک کمزور ہو جاتی ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ صرف اصلاحات کے راستے پر ہی چلا جائے اور انقلاب کی جدوجہد کو چھوڑ دیا جائے۔
بعض لوگ اصلاحات کو ایک مستقل حل سمجھ کر حقیقی جدوجہد سے کنارہ کش ہو جاتے ہیں۔ وہ دراصل اپنی ذمہ داریوں کو نظر انداز کر کے یہ بوجھ اگلی نسل پر منتقل کر دیتے ہیں۔ یہ سوچ درحقیقت جمود کی حمایت ہے، کیونکہ اگر ہر نسل یہی سوچے کہ حقیقی تبدیلی کی بجائے صرف چھوٹے موٹے اصلاحاتی مطالبات پر گزارا کر لیا جائے، تو پھر استحصالی نظام کو چیلنج کرنے والا کبھی کوئی نہیں ہو گا۔ اس کے برعکس، انقلابی قوتوں کو نہ صرف عوام کو متحرک کرنا چاہیے بلکہ ایک طویل المدتی حکمت عملی کے تحت انقلاب کی بنیادیں بھی مضبوط کرنی چاہئیں۔
یہ حقیقت ہے کہ حکمران طبقہ کبھی بھی اپنی طاقت اور مراعات خود سے چھوڑنے پر آمادہ نہیں ہوتا۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ہر بڑی تبدیلی عوامی تحریکوں، قربانیوں اور انقلابی جد و جہد کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے۔ اگر محض اصلاحات کے ذریعے حقیقی تبدیلی ممکن ہوتی، تو دنیا میں آج بھی غلامی، جاگیرداری اور سرمایہ داری جیسے استحصالی نظام موجود نہ ہوتے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکمران طبقات ہمیشہ اصلاحات کو ایک حفاظتی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں تاکہ عوام کا غصہ ٹھنڈا کیا جا سکے اور نظام کی بنیادوں کو کوئی خطرہ نہ ہو۔
لہٰذا، یہ کہنا کہ صرف اصلاحات کے ذریعے پرامن تبدیلی ممکن ہے، درحقیقت ایک خوش فہمی ہے۔ جو کام آج کیا جانا چاہیے، اسے اگلی نسل پر منتقل کر دینا دراصل انقلاب کو مؤخر کرنے اور حکمران طبقات کو مزید وقت دینے کے مترادف ہے۔ اگر حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے تو پھر محض اصلاحات پر اکتفا نہیں کیا جا سکتا۔ اصل راستہ وہی ہے جو محکوم طبقات کو مکمل آزادی اور اختیار دلائے، اور وہ راستہ صرف انقلاب کا ہے۔


