کامیابی اور ناکامی کا راز: منصوبہ بندی، حکمت عملی اور منیجمنٹ


اکثر لوگ شکایت کرتے سنے جاتے ہیں کہ انہوں نے دل سے کسی مقصد کے لیے کوشش کی مگر ناکامی ان کا مقدر بنی۔ کوئی عشق میں ناکام ہو کر زندگی سے مایوس ہو جاتا ہے، کوئی ملازمت نہ ملنے پر ملک چھوڑنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ بعد میں احساس ہوتا ہے کہ ”کاش“ کوئی رہنمائی، کوئی صحیح مشورہ یا کوئی حکمت عملی میسر ہوتی تو نتیجہ مختلف ہوتا۔ حقیقت یہ ہے کہ کامیابی کا راستہ صرف خواہشات یا جذبات پر نہیں بلکہ موثر منصوبہ بندی (Planning) اور درست حکمتِ عملی (Strategy) پر مبنی ہوتا ہے۔

کامیاب اور ناکام افراد میں بنیادی فرق یہ نہیں کہ کون زیادہ محنت کرتا ہے یا کون کم محنت کرتا ہے، بلکہ فرق اس بات میں ہے کہ کون صحیح طریقے سے، درست سمت میں اور واضح حکمت عملی کے تحت محنت کرتا ہے۔ جدید تحقیقاتی جائزے، مثلاً Brian Tracy یا Stephen R۔ Covey اپنی تمام کتب میں اس بات پر زور دیتے ہیں کہ:

کامیاب افراد اہداف (Goals) کو لکھتے ہیں، ان پر منصوبہ بندی کرتے ہیں اور ان کے لیے ڈیڈ لائنز مقرر کرتے ہیں۔

ناکام افراد مقاصد کو لکھتے نہیں بلکہ ذہن میں سوچتے سوچتے، خیالاتی حکمتِ عملی کے نتیجے میں وہ مقصد خواہشات (Wishes) کی صورت اختیار کر جاتی ہے جس کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاتا، عملی جامہ صرف اسی حکمتِ عملی کو پہنایا جاتا ہے جس کو سوچ بچار کے بعد کسی ماہر کے مشورہ کے ساتھ لکھ کر طے کی جاتی ہے۔ زبانی جمع خرچ کرنے والے کو صرف خیالاتی کامیابی میسر ہوتی ہیں۔ حقیقی کامیابی صرف حقیقی حکمتِ عملی کے نتیجے میں ہی میسر ہوتی ہے۔

Failing to plan is planning to fail۔ اصل میں تو یہ جملہ Banjmin Franklin کا ہے لیکن Peter Drucker جیسے بزنس منیجمنٹ کے ماہرین کی تحریروں میں نمایاں ہے۔ زندگی میں کامیابی کا خواب ہر شخص دیکھتا ہے، لیکن خواب صرف تب حقیقت میں بدلتے ہیں جب ان کے پیچھے ٹھوس منصوبہ بندی اور حکمتِ عملی ہو۔ جیسا کہ اس محاورے ”Failing to plan is planning to fail۔“ میں واضح ہے کہ اگر ہم اپنے مقصد کے لیے وقت پر سوچ سمجھ کر لائحہ عمل تیار نہیں کرتے، تو درحقیقت ہم اپنی ناکامی کی بنیاد خود رکھ رہے ہوتے ہیں۔ جس طرح بغیر نقشے کے سفر کرنا راستہ بھٹکنے کا سبب بنتا ہے، اسی طرح بغیر منصوبے کے جدوجہد کرنا ہمیں مقصد سے دور لے جاتا ہے۔ کامیاب لوگ اپنی راہوں کو پہلے طے کرتے ہیں، سنگ میل مقرر کرتے ہیں اور ہر مرحلے پر اپنی پیش رفت کو ناپتے ہیں۔ جبکہ ناکام لوگ خواہشات اور خوابوں میں الجھ کر رہ جاتے ہیں۔

کارپوریٹ ورلڈ میں بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے : جو لوگ وقت پر اپنے مقاصد طے کرتے ہیں، SMART Goals بناتے ہیں اور درست حکمتِ عملی اختیار کرتے ہیں، وہی لوگ اپنی محنت کو منزل تک پہنچانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ لہٰذا، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا خواب حقیقت بنے، تو یاد رکھیں : منصوبہ بندی نہ کرنا، ناکامی کی تیاری کرنا ہے۔ آج ہی اپنے خواب کو ایک منظم منصوبے میں تبدیل کریں اور ہر قدم پر اسے کامیابی کی طرف بڑھائیں۔

منصوبہ بندی درج ذیل سوالات کے جوابات دیتی ہے :
میں کیا حاصل کرنا چاہتا ہوں؟
کب تک حاصل کرنا چاہتا ہوں؟
کیسے حاصل کروں گا؟

Michael Porter، جو کہ ”Competitive Strategy“ ( 1980 ) کے مصنف ہیں، اس بات پر زور دیتے ہیں کہ حکمتِ عملی کا مطلب صرف کچھ کرنا نہیں بلکہ کچھ مخصوص چیزوں کو چن کر باقی چیزوں کو نظر انداز کرنا ہے۔ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ:

وسائل کو درست سمت میں استعمال کیا جائے۔
مقابلہ میں اپنی برتری (Competitive Advantage) کو واضح رکھا جائے۔
وقتاً فوقتاً کارکردگی کا تجزیہ (Performance Review) کیا جائے۔

جدید منیجمنٹ تھیوریز اور ماہرین اس بات کو نہایت واضح انداز میں بیان کرتے ہیں کہ کامیابی کے لیے درست حکمت عملی اور جدید فریم ورک کا اپنانا ضروری ہے۔ اس ضمن میں سب سے پہلے SMART Goals کا تصور سامنے آتا ہے، جسے George T۔ Doran نے 1981 میں متعارف کرایا۔ آج یہ کارپوریٹ ورلڈ میں اہداف کے تعین کے لیے ایک معیار بن چکا ہے، جس کے تحت ہر مقصد کو مخصوص (Specific) ، قابل پیمائش (Measurable) ، قابل حصول (Achievable) ، متعلقہ (Relevant) اور وقت سے بندھا ہوا (Time۔ bound) ہونا چاہیے۔ دوسری اہم تحقیق Carol Dweck کی ہے، جنہوں نے اپنی کتاب ”Mindset: The New Psychology of Success“ ( 2006 ) میں یہ ثابت کیا کہ جو لوگ اپنی ناکامیوں کو سیکھنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور ”Growth Mindset“ اپناتے ہیں، وہی طویل عرصے میں حقیقی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ مزید یہ کہ، OKRs (Objectives and Key Results) کا ماڈل، جسے Andy Grove (Intel) نے بنایا اور بعد میں John Doerr (Google) نے عام کیا، یہ سکھاتا ہے کہ ہر مقصد کے ساتھ واضح کلیدی نتائج (Key Results) طے کیے جائیں تاکہ پیش رفت کو موثر انداز میں ناپا اور بہتر بنایا جا سکے۔ آخر میں Stanford University کی پیش کردہ Design Thinking اپروچ خاص طور پر قابل ذکر ہے، جو ہمیں تخلیقی انداز میں مسائل کے حل اور کارپوریٹ دنیا میں جدیدیت (Innovation) لانے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ یہ تمام نظریات اور ماڈل آج کامیاب کارپوریٹ پروفیشنلز اور تنظیموں کی بنیاد بن چکے ہیں۔

کامیاب افراد میں نمایاں خصوصیات ہوتی ہیں جیسا کہ
واضح مقاصد کا تعین
لچکدار مگر واضح حکمت عملی
مثبت رویہ (Positive Attitude)
سیکھنے کا جذبہ (Learning Agility)
مشاورت اور رہنمائی کی تلاش
فیلڈ کی جدید ریسرچ اور تبدیلیوں سے ہم آہنگی

ناکام افراد کی نمایاں وجوہات:
غیر حقیقی توقعات، دوسروں کو الزام دیتے رہنا اپنی ناکامی کا
بغیر منصوبہ بندی کے کام کا آغاز
وقت کا غلط استعمال
اپنی ناکامیوں کا تجزیہ نہ کرنا
مشاورت سے گریز
خود پر شک اور جلدی مایوس ہو جانا

انسان کی زندگی میں وہی ہوتا ہے جس کے لیے وہ منصوبہ بندی کرتا ہے اور جس کی کامیابی کے لیے حکمت عملی اپناتا ہے۔ خواہش اور حقیقت کے درمیان پل حکمتِ عملی اور محنت سے بنتا ہے۔ جو لوگ وقت پر صحیح رہنمائی حاصل کرتے ہیں، درست راستے پر گامزن ہوتے ہیں۔ اسی لیے ہر نوجوان، ہر پیشہ ور اور ہر خواب دیکھنے والا فرد اپنی زندگی میں ایک واضح روڈ میپ بنائے، جدید منیجمنٹ ریسرچ کا مطالعہ کرے اور مسلسل اپنی حکمت عملی کو بہتر بناتا رہے۔

Facebook Comments HS