دیر کی سفید ٹوپی: ہماری پہچان، ہماری ثقافت


 

دیر کی سفید روایتی ٹوپی صرف سر ڈھانپنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور شناخت کی علامت ہے۔ بچپن سے اس ٹوپی کو پہنے بزرگوں کو دیکھتا آیا ہوں، اور وقت کے ساتھ یہ احساس اور گہرا ہوتا گیا کہ یہ محض کپڑے اور دھاگے سے بنی چیز نہیں، بلکہ ایک پوری تاریخ ہے جو سر پہ رکھی جاتی ہے۔ یہ ٹوپی صدیوں سے دیر کی خواتین اپنے ہاتھوں سے تیار کرتی آ رہی ہیں۔ سب سے پہلے تحصیل خال میں یہ ہنر پھلا پھولا، پھر دیر شہر، اور دیگر علاقوں میں بھی خواتین نے اسے اپنایا۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ہر موسم میں پہنی جا سکتی ہے، اور ہر عمر کے فرد کے لیے موزوں ہے۔ ٹوپی بنانے میں استعمال ہونے والا کپڑا اور دھاگا فیصل آباد اور کراچی سے آتا ہے، لیکن اس میں جان ڈالتی ہے یہاں کی خواتین کی مہارت۔ کچھ ٹوپیاں مشین سے تیار ہوتی ہیں، لیکن جو ہاتھ سے بنتی ہیں، ان کی بات ہی الگ ہے۔ ایک ہاتھ سے بنی ”دیروجے ٹوپی“ تین دن کی مسلسل محنت سے تیار ہوتی ہے۔ ان ٹوپیوں کو تیار کر کے خواتین گھروں میں ہی بیچ دیتی ہیں، جہاں سے مقامی تاجر انہیں خرید کر بازاروں میں لے جاتے ہیں۔ آج دیر کی ٹوپی چھوٹے بڑے بازاروں میں دستیاب ہے، سیاح بھی اسے شوق سے خریدتے ہیں، اور ملک بھر میں یہ تحفے کے طور پر دی جاتی ہے۔ اس ٹوپی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر سیاسی و مذہبی رہنما اسے زیبِ تن کرتے رہے ہیں۔ جب بھی دیر میں کوئی جلسہ ہوتا ہے، مہمان کو یہ ٹوپی عزت و احترام کے ساتھ تحفے میں دی جاتی ہے۔ شادیوں میں دلہنیں بھی اپنے ساتھ بطور تحفہ ٹوپیاں لے کر جاتی ہیں۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ ہر سال 2 مئی کو ”دیر ٹوپی ڈے“ کے طور پر منایا جاتا ہے، تاکہ اس ثقافتی ورثے کو سراہا جا سکے اور نئی نسل کو اس سے جوڑا جا سکے۔ یہ دن نہ صرف اس روایتی ہنر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، بلکہ اُن خواتین کو خراجِ تحسین بھی ہے جو اسے زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس وقت دیر کی ہزاروں خواتین اس ٹوپی سازی سے روزگار حاصل کر رہی ہیں۔ ایک ٹوپی کی قیمت پانچ سو سے تین ہزار روپے تک جا سکتی ہے، اور یہ اس کی کاریگری اور معیار پر منحصر ہے۔ بدقسمتی سے اس صنعت کو حکومتی سطح پر وہ پذیرائی نہیں ملی جس کی یہ مستحق ہے۔ یہ ایک زندہ حقیقت ہے کہ اگر ہماری حکومت ان خواتین کی مدد کرے، تربیت دے اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کرے تو یہی چھوٹا سا ہنر ایک بڑی صنعت بن سکتا ہے۔ دیر کی سفید ٹوپی کو دنیا بھر میں پہچان مل سکتی ہے، اور ہماری خواتین کو معاشی خودمختاری حاصل ہو سکتی ہے۔

جہاں بھی دیر کے لوگ جاتے ہیں، یہ ٹوپی ان کی پہچان بن کر ساتھ جاتی ہے۔ یہ فخر، وقار، اور ثقافتی شعور کی علامت ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس ورثے کو زندہ رکھیں، اور اس کے پیچھے چھپی محنت کو سراہیں۔

Facebook Comments HS