3مئی۔ آزادی صحافت کا عالمی دن
آزادی صحافت کا عالمی دن 3 مئی کو اقوام متحدہ کے حکم پر ہر سال دنیا کے بیشتر ممالک میں دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاس ہونے والی قراردادوں کو حکم نہیں کہا جاتا لیکن اِس کالم میں مندرجہ بالا جملے میں اقوام متحدہ کی قرارداد کی بجائے اقوام متحدہ کے حکم کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ یہ لکھنا اس لیے ضروری تھا کہ مغربی ممالک جن قراردادوں پر عمل کروانا چاہتے ہیں یا اُن کے بارے میں شعور اجاگر کرنا چاہتے ہیں اُس پر کچھ نہ کچھ عمل ضرور ہوتا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی وہ قراردادیں جو مغربی ممالک کے مفاد میں نہیں ہوتیں، اقوام متحدہ کی الماریوں میں پڑی دیمک کی نذر ہونے کی منتظر رہتی ہیں۔
انہی میں اقوام متحدہ کی ایک تاریخی قرارداد بھارتی مقبوضہ کشمیر میں استصوابِ رائے کے حوالے سے بھی ہے۔ صحافت کی داستان بھی بڑی عجیب ہے۔ دنیا میں صحافت مذہبی پیغامات یا سپاہ سالار کے احکامات پہنچانے کے لیے ایجاد ہوئی لیکن یہ ایجاد فرعون کے گھر موسیٰؑ کی پرورش کی طرح ثابت ہوئی۔ رفتہ رفتہ ڈکٹیٹروں اور انتہا پسندوں کو آزادی صحافت پھن پھیلایا ناگ محسوس ہونے لگی۔ صحافت کا عالمی دن منانے کا مقصد ”آزادی صحافت کے لیے شعور اجاگر کرنا اور حکومتوں کو آزادی اظہار کے حق کا احترام کرنے اور اسے یقینی بنانے کا فرض یاد کرانا ہے“ ۔
پاکستان میں بھی آزادی صحافت کا دن پوری صحافتی طاقت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ہمارے ہاں آزادی صحافت غضب ناک ہے لیکن حیرت ناک نہیں کیونکہ تاریخ عالم میں سچ بولنے اور سچ لکھنے کی سزا ہمیشہ ایک سی ہی رہی ہے۔ صحافت شعور کا نام ہے۔ شعور چیز ہی ایسی ہے جس کو آجاتی ہے اُسے چین سے بیٹھنے نہیں دیتی اور جس کے خلاف آتی ہے وہ بھی چین سے زندگی نہیں گزارتا جس کی پاکستان میں بھی کئی مثالیں موجود ہیں۔ پاکستان کی صحافت میں آزادی صحافت کے شعور کا سب سے پہلا اظہار پاکستان کے قیام سے تین دن پہلے ہوا جب بانی پاکستان قائداعظمؒ محمد علی جناح نے پاکستان کے لیے آئین ساز اسمبلی میں 11 اگست 1947 ء کو اپنی تاریخی تقریر کی۔
اُسی شام روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر الطاف حسین کو قائداعظمؒ کی تقریر کے بعض حصے شائع نہ کرنے کا خفیہ آرڈر آیا۔ اس آرڈر کے خلاف ایڈیٹر کا انکاری ردعمل پاکستان میں آزادی صحافت کی ابتداء ٹھہرا۔ نیل آرمسٹرانگ جب چاند پر اترا تو اُس نے کہا ”ایک انسان کا یہ چھوٹا سا قدم انسانیت کے لیے ایک بڑی چھلانگ ہے“ ۔ پاکستان میں آزادی صحافت کے چاند پر روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر الطاف حسین کا وہ پہلا قدم ملک میں آزادی صحافت کا پکا پتا دے گیا۔
یہ علیحدہ بات کہ پاکستانی صحافت کو اس پتے تک پہنچنے کے لیے لمبا، کٹھن اور جان لیوا سفر طے کرنا پڑ رہا ہے۔ صحافت اور صحافیوں پر چھوٹے بڑے شب خون کے واقعات میں ایوب خان کے دور کی وہ فوجی چڑھائی ناقابل فراموش ہے جس میں اخبارات کے دفاتر پر قبضہ کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی دشمن کی چھاؤنی پر قبضے کی کارروائی جیسی تھی جس میں اخباری دفتروں پر شب خون کے لیے آدھی رات کا وقت مقرر کیا گیا اور باوردی سپاہیوں نے اخباری عمارت کے ہر کونے میں اندھیرے میں خاموشی سے اپنی پوزیشنیں جما لیں۔
ایوب خان اخبارات کے خلاف فوجی کارروائی میں جیت گئے لیکن صحافت نہیں ہاری۔ پاکستان میں مارشل لاء ہو یا جمہوریت، صحافی اور صحافت پوری طرح کسی کو راس نہیں آتی۔ صحافیوں کو رام کرنے کے لیے سخت طریقوں کے ساتھ نرم طریقوں کا بھی استعمال شروع کر دیا گیا۔ اس میں بعض صحافیوں کو پلاٹ اور رقم کے ذریعے اپنی طرف متوجہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ قوم پرست اور مذہبی جماعتوں نے بھی صحافت میں اپنے نمائندے پیدا کر لیے۔ بعض صحافی گویا صحافی کی بجائے سیاسی کارکن بن گئے۔
پاکستان میں صحافت نے سنہ 2002 ء کے بعد ناقابل کنٹرول طاقت حاصل کر لی جب ہرطرف الیکٹرانک میڈیا چمکنے لگا۔ الیکٹرانک میڈیا میں خواتین کو بھی بہت مواقع ملے جنہوں نے صحافت میں اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ پاکستان کے کم از کم بڑے شہروں میں میڈیا اب اتنا طاقتور ہو چکا ہے کہ اُسے آسانی سے چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ اس کی وجہ صحافتی تنظیموں اور پریس کلبوں کا پرو ایکٹیو ہونا ہے۔ میڈیا کی مضبوطی کے ساتھ کچھ میڈیا پرسنز کے اطوار بھی بدل گئے ہیں۔
اگر اُن کا کوئی تجزیہ درست ثابت نہ ہوتو وہ اپنا تجزیہ بدلنے کی بجائے حالات کو بدلنے کے درپے ہو جاتے ہیں۔ کچھ میڈیا پرسنز کا رویہ ایسا ہو گیا ہے جیسا کہ کمیونسٹ فلسفے میں استحصال کے خلاف اکٹھے ہونے والے غریب مزدوروں کے لیڈر کچھ عرصے بعد خود استحصال کرنے والے بن جاتے ہیں۔ کچھ صحافیوں کی باڈی لینگوئج سے پتا چلتا ہے کہ جن غیرجمہوری طاقتوں کے خلاف وہ آواز بلند کر رہے ہیں اُن غیرجمہوری طاقتوں کے مزاج اور اِن صحافیوں کے مزاج میں کوئی فرق نہیں رہا۔
یعنی اِن دونوں طاقتوں کے درمیان لڑائی محض انا پرستی کی ہے۔ ٹاک شوز میں اکثر یکسانیت آ چکی ہے مگر کئی اینکر پرسنز کے ٹی وی سکرین پر حاضر رہنے کے ریکارڈ پر ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ ہمارے ہاں عام آدمی الیکٹرانک میڈیا کے ایسے پروگراموں سے بور ہو کر کیا سوچ رہا ہے؟ اُسے یوں بیان کیا جا سکتا ہے۔ ”ایک ٹی وی صحافی ایک کسان کا انٹرویو لے رہا تھا۔ صحافی: آپ بکرے کو کیا کھلاتے ہیں؟ کسان: سیاہ یا سفید کو؟ صحافی: سفید کو۔
کسان: گھاس۔ صحافی: اور سیاہ کو؟ کسان: اسے بھی گھاس۔ صحافی: آپ ان بکروں کو باندھتے کہاں ہیں؟ کسان: سیاہ یا سفید کو؟ صحافی: سفید کو۔ کسان: باہر کے کمرے میں۔ صحافی: اور سیاہ کو؟ کسان: اسے بھی باہر کے کمرے میں۔ صحافی: انہیں نہلاتے کس طرح ہیں؟ کسان: کسے سیاہ یا سفید کو؟ صحافی: سیاہ کو۔ کسان: جی پانی سے۔ صحافی: اور سفید کو؟ کسان: جی اسے بھی پانی سے۔ صحافی کا غصہ ساتویں آسمان پر پہنچ گیا۔ صحافی بولا: جب دونوں کے ساتھ سب کچھ ایک جیسا کرتے ہوتو مجھے بار بار کیوں پوچھتے ہو کہ سیاہ یا سفید؟ کسان: کیونکہ سیاہ بکرا میرا ہے۔ صحافی: اور سفید بکرا؟ کسان: وہ بھی میرا ہے۔ صحافی بے ہوش ہو گیا۔ ہوش آنے پہ کسان بولا“ اب پتا چلا جب تم ایک ہی نیوز کو سارا دن گھما پھرا کے دکھاتے ہو تو ہم بھی ایسے ہی دکھی ہوتے ہیں ”۔


