پاتال: ایک ثقافتی علامت، فکری بیانیہ


 

اردو ادب میں جب ہم تہذیبی، فکری اور علامتی فکشن کی بات کرتے ہیں تو حالیہ برسوں میں کچھ ایسے ناول سامنے آئے ہیں جنہوں نے ادب کے دائرے کو مقامی رنگوں، فکری گہرائیوں اور اسلوبی تجربات کے ذریعے وسیع تر کر دیا ہے۔ انہی میں سے ایک اہم اور منفرد اضافہ باقر حاجی کا ناول ”پاتال“ ہے۔ یہ محض ایک داستان یا قصہ نہیں بلکہ بلتستان کی تہذیب، تصوف، سماجی ساخت اور وجودیاتی سوالات کو اپنے اندر سموئے ہوئے ایک فکری بیانیہ ہے۔ اس ناول میں ثقافت محض پس منظر نہیں بلکہ کہانی کا بنیادی جوہر ہے، اور یہی عنصر اسے اردو کے دیگر فکشن سے ممتاز کرتا ہے۔

بلتستان، جو جغرافیائی لحاظ سے برصغیر کا ایک دور افتادہ اور سرد خطہ ہے، اردو ادب میں شاذ ہی مرکزی حیثیت اختیار کر پایا ہے۔ ”پاتال“ اس خلا کو پُر کرتا ہے۔ اس ناول میں مصنف نے بلتی معاشرت، رسم و رواج، زبان، اور روزمرہ زندگی کو نہایت باریکی سے قلم بند کیا ہے۔ کرداروں کی زبان، ان کے مکالمے، حتیٰ کہ ان کے خواب اور تصورات بھی بلتی ماحول اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔ مصنف نے بلتی الفاظ، محاورات، اور اصطلاحات کو ان کے اصل تلفظ اور صورت کے ساتھ شامل کر کے ایک ایسی ادبی دنیا تخلیق کی ہے جو قاری کو بلتستان کے سماجی و تہذیبی تانے بانے میں ڈبو دیتی ہے۔

”پاتال“ صرف ایک ثقافتی دستاویز نہیں، بلکہ ایک فکری اور روحانی سفر بھی ہے۔ ناول کا عنوان ”پاتال“ ، جس کے لغوی معنی زمین کے نیچے کے ہیں، دراصل انسان کی باطنی دنیا، اس کی داخلی گہرائیوں، اور روحانی پیچیدگیوں کا استعارہ ہے۔ ناول کے کردار صرف افراد نہیں، بلکہ سوالات، خیالات، اور جذبوں کی علامتیں ہیں۔ ان کرداروں کے ذریعے مصنف نے ”میں کون ہوں؟“ ، ”آزادی کی حقیقت کیا ہے؟“ اور ”سچ کیا ہے؟“ جیسے وجودی سوالات کو قاری کے سامنے رکھا ہے۔ یہ وہ سوالات ہیں جو صرف ناول کے کرداروں تک محدود نہیں رہتے، بلکہ قاری کو بھی اپنے اندر جھانکنے پر مجبور کرتے ہیں۔

ناول کا اسلوب شعری، اور استعاراتی ہے۔ یہ انداز ہر قاری کے لیے آسان نہیں، مگر جو قاری فکری و فنی سطح پر ادب کا مطالعہ کرتا ہے، اسے یہ انداز ایک گہرے تجربے سے ہمکنار کرتا ہے۔ مصنف نے کہیں کہیں زبان کی ایسی پرتیں کھولی ہیں جہاں لفظ محض اظہار کا وسیلہ نہیں، بلکہ معنی کی تہہ در تہہ صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ بعض مقامات پر زبان اتنی شعری اور استعاراتی ہو جاتی ہے کہ وہ ایک جمالیاتی کیفیت پیدا کرتی ہے، تاہم کچھ قارئین کے لیے یہی اسلوبی چالاکی ایک ذہنی مشقت بن جاتی ہے جس وجہ سے وقت اور واقعات کے تسلسل میں ربط کم ہوتا ہے، جس بنا پر قاری کو توجہ مرکوز رکھنی پڑتی ہے۔ خواب، فلیش بیک، اور داخلی مکالمات کہانی میں گہرائی ضرور پیدا کرتے ہیں مگر ساتھ ہی ایک مخصوص پیچیدگی بھی پیدا کرتے ہیں۔

”پاتال“ کا ایک اور اہم پہلو مذہبی جبر اور اس کے استحصالی استعمال پر تنقید ہے۔ ناول میں مذہب کو مقدس دائرے میں رکھنے کی بجائے ایک سماجی طاقت کے طور پر دکھایا گیا ہے جسے بعض کردار اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ بہادر صاحب اور ملا شکور جیسے کردار مذہب کے ان پہلوؤں کی نمائندگی کرتے ہیں جو جبر، خوف، اور غلامی کو تقویت دیتے ہیں۔ یہ کردار معاشرے میں بے بس، بے سہارا اور یتیم و بیوہ کرداروں کو اپنے احسانات تلے دبا کر اپنی جنسی تسکین کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے مقابلے میں چھوقبی اور میرب جیسے خواتین کردار ایک خاموش مگر طاقتور مزاحمت کی علامت ہیں۔ یہ خواتین محض مظلوم کردار نہیں بلکہ اپنی شناخت اور آزادی کے لیے کوشاں فکری وجود ہیں۔ خاص طور پر میرب کی سوچ، خواب، اور انکار محض انفرادی آزادی کی نہیں بلکہ سماجی انقلاب کی علامت ہے۔

”پاتال“ میں عورت کی شناخت ایک مستقل موضوع ہے۔ روایتی بلتی معاشرے میں عورت ایک خاموش، پیچھے رہ جانے والی ہستی کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔ تاہم ناول کی خواتین ان توقعات کو توڑتی ہیں۔ ان کے کردار نہ صرف اپنی ذات بلکہ پورے سماجی ڈھانچے کو چیلنج کرتے ہیں۔ میرب کا انکار، اس کا داخلی سفر، اور چھوقبی کی سماجی دانش، سب اس بات کی علامت ہیں کہ عورت بلتستان جیسے معاشروں میں بھی سوچنے، سمجھنے، اور انکار کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔ یہ پہلو ناول کو نہ صرف فکری بلکہ سیاسی معنی بھی دیتا ہے۔

اگرچہ ”پاتال“ کئی فکری اور علامتی پرتوں پر مشتمل ہے، مگر اس کی سب سے بڑی طاقت اس کا ثقافتی اور تہذیبی بیانیہ ہے۔ یہ ناول محض ادب کا ایک تجربہ نہیں، بلکہ بلتستان کی گم ہوتی شناخت کا ایک ادبی ریکارڈ بھی ہے۔ مصنف نے بلتی زبان، محاورے، گیت، داستانیں، اور عقائد کو ناول کا حصہ بنا کر اس خطے کو اردو ادب کا حصہ بنایا ہے۔ اس اعتبار سے ”پاتال“ ایک ثقافتی آرکائیو بھی ہے، جو آنے والے وقتوں میں بلتستان کی شناخت کا ادبی حوالہ بن سکتا ہے۔

تاہم اس کے تمام تر فنی و فکری کمالات کے باوجود ناول بعض مسائل سے بھی خالی نہیں۔ بیانیہ کی بار بار ٹوٹ پھوٹ، واقعات کا بے ترتیب تسلسل، اور بعض جگہوں پر زبان کا بوجھل پن قاری کی توجہ کو منتشر کر دیتا ہے۔ شتر گربہ طرزِ بیان، جہاں مکالموں میں بیک وقت سادگی اور فلسفہ انداز، تکلف اور بے تکلفی کی ملی جلی کیفیت قارئین کے لیے الجھن پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح، زبان کی انشا پردازی بعض جگہ خیالات پر حاوی ہو جاتی ہے، جو مفہوم کی وضاحت کی بجائے ابہام پیدا کرتی ہے۔ گویا، یہ ناول ایک فکری، تہذیبی اور روحانی دستاویز ہونے کے باوجود ہر قاری کے لیے آسان مطالعہ نہیں ہے۔

آخر میں، یہ کہا جا سکتا ہے کہ ”پاتال“ اردو فکشن میں ایک نادر تجربہ ہے۔ یہ ایک ایسا ناول ہے جو ادب کے روایتی دائرے سے نکل کر قاری کو ایک فکری، تہذیبی اور روحانی جہان میں لے جاتا ہے۔ اس کی علامتیں، اس کا اسلوب، اور اس کی تہذیبی اہمیت اردو ادب کو ایک نئی سمت فراہم کرتی ہے۔ ”پاتال“ محض ایک ناول نہیں، بلکہ ایک ادبی صدائے احتجاج ہے، ایک سوال، ایک تلاش، اور ایک شناخت کا اعلان بھی ہے۔

Facebook Comments HS