کلیجہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا


اس وقت پاکستان اور ہندوستان جس نازک دور سے گزر رہے ہیں اس کا اصل اندازہ صرف اور صرف ان کے عوام ہی لگا سکتے ہیں کیونکہ کسی بھی جنگ کے ہونے یا نہ ہونے کی صورت میں اصل متاثرین صرف عوام ہوں گے وہ عوام جو ذرا سی کامیابی پر سر پہ بٹھاتے ہیں وہی ذرا سی غلطی پر نیچے بھی گرا دیتے ہیں اور کسی بھی جنگ کی صورت میں کیے جانے والے فیصلوں سے عوام ہی براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔

چند دن پہلے دونوں ممالک کے مابین جو جنگ کی صورتحال بن چکی تھی اس پہ سب سے زیادہ پریشان عوام تھے اور جنگ بندی کی خبر آنے کی سب سے زیادہ خوشی انہی عوام نے منائی بلکہ پاکستان میں اس جنگ بندی کی اطلاع کے فوراً بعد ہی اس جنگ بندی کو وقتی قرار دیا گیا اور دوبارہ جنگ ہونے کا قوی امکان قرار دیا جا رہا ہے اس سلسلے میں پاکستانی فوج اور پاکستان کے عوام حتیٰ الامکان امن کے راستے پر گامزن ہیں لیکن دوسری جانب بھارت جنگی جنون کا شکار ہے اور اپنے اسی جنگی جنون کی لپیٹ میں آ کر وہ اپنا کروڑوں کا نقصان اب تک کروا چکا ہے لیکن وہ ابھی بھی اس کوشش میں ہے کہ کسی طرح سے اس جنگ کو چھیڑ کر اپنے نام نہاد دعوؤں کو جن کی اب تک قلعی مکمل طور پر کھل چکی ہے درست ثابت کر سکے۔ تا ہم ابھی تک یہ صورتحال ہے کہ بھارتی میڈیا بھارتی افواج پوری طرح سے عالمی میڈیا اور اقوام عالم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں بھارتی افواج کی کارکردگی کھل کے سامنے آ چکی ہے اسی طرح سے بھارتی میڈیا کی لفظی جنگ اب ختم ہو چکی ہے لوگ حقائق سے مکمل آگاہ ہو چکے ہیں اور ان کی لفاظی اب کوئی نہیں سننا چاہتا

مگر بات اب بھی وہیں کی وہیں ہے بھارت جنگ کا خواہاں تھا بھارت جنگ کا خواہاں ہے۔ پاکستان نے بہت سمجھداری اور پوری ذمہ داری کے ساتھ جنگ کو روکنے کی پوری کوشش کی حتی کہ بھارت کی حملوں کا جواب دینے میں بھی پوری حکمت عملی اور تحمل کا مظاہرہ کیا اور اس کا نتیجہ تمام دنیا کے سامنے بھی آیا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو اور پاکستان کی افواج کو سرخرو کیا الحمدللہ۔

اگر دیکھا جائے تو بھارت کی حالت اس وقت بوکھلائے ہوئے فرد کی سی ہے جس کی سمجھ نے کام کرنا بند کر دیا ہے لیکن وہ حملوں پہ حملہ کیے جا رہا ہے اور ان حملوں سے اسے ان نتائج کی خواہش ہے جو کسی طور پورے نہیں ہو سکتے، بھارت نے پاکستان کی صلاحیتوں کو جانچنے میں فاش غلطی کی ہے اور اسی وجہ سے اس کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اہم بات یہ ہے کہ وہ ابھی بھی باز نہیں آ رہا ہے۔ جنگ بظاہر علانیہ طور پر بند کی جا چکی ہے لیکن جنگ لائن آف کنٹرول پر ابھی بھی جاری ہے بھارتی حملے تسلسل سے جاری ہیں اور الحمدللہ ہماری پاک فوج بہترین طریقے سے ان کا جواب دے رہی ہے لیکن یہ سلسلہ کسی بھی وقت بگڑ سکتا ہے اور کسی بڑی جنگ کی صورت بن سکتی ہے۔ بھارت کا جنگی جنون اس کی اپنی تباہی کے ساتھ ساتھ اس خطے میں رہنے والے دیگر ممالک اور قوموں کے لیے بھی بے حد نقصان دہ ہو سکتا ہے، ابھی بھی وقت ہے کہ بھارت معاملے کی سنگینی کا اندازہ کرے اور امن کی جانب قدم بڑھائے۔

Facebook Comments HS