پرما کی اٹھارہویں سالگِرہ پہ فینی کے محبت بھرے خطوط (سلسلہ وار 15 )


Writing and Outlining

بہت خوش نصیبی کی بات ہوتی ہے کہ آپ کو چاہنے والے موجود ہوں جو آپ کی خوشی میں خوش ہوں اور آپ کی تکلیف پہ دکھی۔ پرما تمہیں اور سحینا کو دیکھ کر دل شاد ہوتا ہے کس طرح تم دونوں ایک دوسرے سے پیار کرتی ہو اور ایک دوسرے کے لئے سوچتی ہو۔

سحینا کی پیدائش سے مجھے ایک دوست اور بہن دونوں مل گئے تھے۔ ہم دونوں ہمیشہ سے ایک دوسرے کے بہت قریب تھے۔ ہر بات ایک دوسرے سے کرنا۔ ایک دوسرے کے کپڑے پہننا یہ الگ بات ہے کہ سحینا اپنی چیزیں اتنی آسانی سے نہیں دیتی تھی۔ مجھے یاد ہے ہم دونوں کے بال چھوٹے تھے اور ہمیں لمبے بال اچھے لگتے تھے تو ہم اکثر نانی اماں کا چٹلا بالوں میں کلپ سے لگا کر کھیلا کرتے تھے ایک دن سحینا نے وہ چٹلا لگایا ہوا تھا اور میرے مانگنے پر بھی وہ مجھے چٹلا نہیں دے رہی تھی۔ چٹلا لینے کی کوشش میں یہ ہوا کہ چٹلا تو ہاتھ آیا نہیں سحینا کا کان نچ گیا جو ایک دن پہلے چھیدا تھا اور اس سے خون نکلنے لگا خون دیکھ کر میں رونے لگی اور مجھے بہت افسوس ہوا کہ میری وجہ سے اس کے خون نکل آیا۔

ایک اور دفعہ یہ ہوا کہ ہمارے ہاں مس نانی آئی ہوئی تھیں سحینا اور میں ان کے اور امی کے ساتھ لیٹے ہوئے تھے مس نے پانی مانگا تو میں وہ لینے چلی گئی جب گلاس لے کر کمرے میں داخل ہوئی تو دیکھا کہ سحینا صحیح سے سانس نہیں لے پا رہی کمرے کا منظر ایک سیکنڈ میں بدل گیا اس نے اپنے کلپ سے کھیلتے ہوئے کلپ کو گلے میں اٹکا لیا تھا امی نے بہت کوشش کی کلپ نکالنے کی مگر گھبراہٹ میں کلپ ان کے ہاتھ میں آ کر پھسل گیا خالہ نے وہ کلپ بڑے جتن کے بعد نکالا تھا سحینا صاحبہ کے لئے گلوکوز کا پانی بنایا گیا جو ان کے بجائے مجھے دے دیا گیا کیونکہ میں گلا پھاڑ کر رو رہی تھی سحینا آج تک شکایت کرتی ہے کہ تم نے رو کر ساری توجہ اپنی طرف کروا لی اور مجھے وہ پروٹوکول نہیں ملا جو اس وقت ملنا چاہیے تھا اور میں آج تک اپنی صفائی میں یہ کہتی ہوں کہ تمہیں معلوم ہے مجھ سے کسی کی تکلیف نہیں دیکھی جاتی اور تم تو میری چھوٹی بہن ہو مگر وہ آج بھی اس بات پر خفا ہوتی ہے۔

ہم دوپہر میں جب نانی اماں سو جاتی تھیں تو ان کی الماری کی تلاشی لیتے میں اور سحینا پورے جیمز بونڈ کی خالہ لگتے یہ لکھتے ہوئے خیال آ رہا ہے کہ اگر ہم پکڑے جاتے تو نانی اماں ہمارا اچار ڈالتیں یا مربہ۔ وہ ہم سے بہت محبت کرتی تھیں مگر کسی قسم کی نافرمانی انھیں بالکل منظور نہیں تھی آج اگر ہم میں سلیقہ اور تمیز ہے تو اس کا بہت بڑا سہرا ان کو جاتا ہے۔

سحینا چھجے پر نہ صرف چڑھ جاتی تھی بلکہ اس نے زدیون اور دانش کو بھی چھجا چڑھنا سکھا دیا تھا اور کئی دفعہ یہ تینوں بال بال بچے۔ میری ڈیوٹی تھی کہ میں پہرا دیتی کہ نانی اماں کو دیکھتے ہی خطرے کا اشارہ کر دیا جائے ان تینوں اور خاص کر سحینا کے لئے میں نے نانی اماں سے جھوٹ بولے۔

سحینا مجھے ہمیشہ سے عزیز تھی اور ہے۔ میں اس کو پیزا کھلانے Kings and Queens لے جاتی تھی اس وقت تک پزا ہٹ نہیں کھلا تھا۔ وہ تمہاری پہلی سالگرہ سے دسویں سالگرہ تک اتنے اہتمام سے تمہارے تحائف پیک کرتی تمہارے لئے خود کارڈ بناتی تھی پھر ہم دبئی چلے آئے وہ 2011 میں تمہاری سالگرہ پر دبئی آئی تو پہلے کی طرح تمہارے تحائف پیک کر کے لائی۔ تم اور کامران جب ریپنگ پیپر کو پھاڑ دیتے تو وہ ناراض ہوتی کہ کتنی محنت لگتی ہے پیک کرنے میں اور کامران اسے چڑاتے۔

تمہاری سالگرہ ایک تہوار کی طرح منائی جاتی اور ایک مہینے پہلے سے تمہارے لئے تحائف کی خریداری شروع ہو جاتی۔ تم نے اپنی پہلی سالگرہ پر جس چھری سے کیک کاٹا تھا وہ وہی چھری تھی جس سے میں نے اپنی پہلی سالگرہ کا کیک کاٹا تھا۔ جب تک ہم پاکستان میں رہے سحینا ہر سال اس چھری کو ربن سے تمہاری سالگرہ پر سجاتی۔

ایک سال میں نے تمہیں سرپرائز دیا تم کو مان کے ہاں بھیج کر گھر سجایا سب کے لئے چائنیز بنایا اور سحینا تم کو لے کر رات بارہ بجے سے ایک دو منٹ پہلے آئی تم جب گھر میں داخل ہوئیں تو ایک دم سب روشنیاں جلا دی گیں میز پر تمہارا کیک رکھا تھا اور تم سجاوٹ اور اس سرپرائیز سے بہت خوش ہوئی تھیں۔ زریون اور سعدیہ بھی رات بارہ بجے پہنچے تھے۔

سحینا ہمیشہ کہتی ہے کہ تم اس کی بیٹی ہو جو میرے گھر پیدا ہو گئی۔ تم اور سحینا دونوں اس مہینے پیدا ہوئے ہو۔ آج سحینا کی سالگرہ ہے اور وہ آج بہت یاد آئی اور بچپن آنکھوں میں گھوم گیا۔

تم خوب خوش رہو اپنے ہر خواب کی تعبیر پاؤ اور زندگی کو بھر پور جیو۔ سالگرہ بہت مبارک ہو۔ تم خوش نصیب ہو پرما کہ تمہیں پیار کرنے والے ملے تمہارے بچپن میں تمہارے پروجیکٹز کے لئے میں سحینا کی مدد لیتی تھی کیونکہ میری ڈرائنگ تو کچھ ایسی تھی کہ بلی بناؤں تو دیکھنے والا سوچے کہ یہ جانور پہلے تو نہیں دیکھا۔ مجھے معلوم ہے کہ تمہیں سحینا سے بہت محبت ہے۔ تم دونوں خوش رہو خوب نام پیدا کرو اور ایک دوسرے سے یوں ہی محبت کرتے رہو۔ محبت کرنے والوں کی بہت قدر کرنی چاہیے۔ میں جانتی ہوں کہ تم اور فرجاد اپنے پیار کرنے والوں کی قدر کرتے ہو اور ان کو یہاں دبئی میں یاد کرتے ہو۔

Facebook Comments HS