ترقی کے رہنما اصول اور ہم


sultan ayaz

جب ہم مغرب کی ترقی کی داستان سنتے ہیں تو دل میں یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ آخر وہ کون سے رہنما اصول ہیں جنہوں نے مغرب کو جدید دنیا کا رہبر بنا دیا؟ اور کیا وہی اصول اگر ہم اپنا لیں تو پاکستان بھی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتا ہے؟

اگر مغرب کے ماڈل کو بغور دیکھیں تو ان کی ترقی کی بنیاد کسی جادوئی نسخے پر نہیں بلکہ سادہ اور آزمودہ اصولوں پر رکھی گئی ہے۔

سب سے پہلے قانون کی حکمرانی کا اصول مغربی معاشروں کی کامیابی کی ضمانت بنا۔ وہاں طاقتور قانون سے بالاتر ہے اور نہ کوئی کمزور قانون سے محروم۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں انصاف پر عوام کا اعتماد مضبوط ہے اور ادارے مستحکم ہیں۔

تعلیم اور تحقیق وہ شعبے ہیں جن پر مغرب نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ وہاں کے تعلیمی ادارے صرف ڈگریاں بانٹنے کا ذریعہ نہیں بلکہ تحقیق اور نئے خیالات کی نرسری ہیں۔ یہی علم اور تحقیق کی طاقت مغرب کو صنعتی اور سائنسی ترقی کی معراج تک لے گئی۔

محنت اور نظم و ضبط میں بھی وہاں کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔ وقت کی پابندی اور کام سے لگن ہر فرد کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ اسی نظم و ضبط نے انہیں معیشت کی دوڑ میں آگے رکھا ہے۔

اسی طرح ٹیکنالوجی اور اختراع کو فروغ دینا مغرب کی کامیابی کا اہم راز رہا۔ انہوں نے نئی ایجادات کو معیشت کی طاقت بنا دیا اور صنعت و تجارت کو جدید خطوط پر استوار کیا۔ شفافیت اور جوابدہی نے وہاں بدعنوانی اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ ادارے شفاف ہیں اور ہر شخص اپنے اعمال کا جواب دہ ہے۔ یہی چیزیں اعتماد کی فضا پیدا کرتی ہیں۔ آزادی اظہار کو انہوں نے طاقتور ہتھیار بنایا۔ تنقید کو برداشت کرنا اور نئے خیالات کو خوش آمدید کہنا ترقی کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ اور رواداری نے ان کے معاشروں کو باہمی احترام اور امن کا گہوارہ بنا دیا۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا یہی اصول پاکستان کو بھی اندھیروں سے نکال سکتے ہیں؟
جواب ہے ہاں، بالکل

اگر پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو عملی طور پر نافذ کیا جائے، تعلیم کو محض کتابوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ تحقیق کا مرکز بنایا جائے اور معاشرتی نظم و ضبط کو اپنا شعار بنایا جائے تو وہی ترقی کا راستہ ہمارے لیے بھی کھل سکتا ہے۔

ٹیکنالوجی اور اختراع کو فروغ دے کر ہم اپنی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتے ہیں۔ اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنا کر کرپشن کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔ آزادی اظہار اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر ہم مختلف مذاہب اور نظریات کو گلے لگا سکتے ہیں۔

یہ سچ ہے کہ ہمیں ترقی کے لیے کسی نئی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں۔ جو نسخہ مغرب نے آزمایا وہی ہمارے لیے بھی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم ان اصولوں کو محض تقریروں یا تحریروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں اپنی قومی سوچ اور حکمت عملی کا حصہ بنائیں۔

وقت آ گیا ہے کہ ہم ان سنہری اصولوں کو اپنا کر اپنے وطن کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر ڈالیں۔ عزم، عمل اور استقامت۔ یہی ہیں کامیابی کی اصل کنجیاں۔

Facebook Comments HS