چین میں اعلیٰ تعلیم کا منظر نامہ


عالمی تعلیمی منظر نامے میں ایک نمایاں تبدیلی رونما ہو  رہی ہے جہاں چین کی جامعات کی غیر معمولی ترقی دیکھی جا رہی ہے۔ سنٹر فار ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق چین کی جامعات کی تعداد پہلی بار امریکہ سے تجاوز کر گئی ہے، جس میں چینی اداروں کی تعداد 346 تک پہنچ گئی ہے جبکہ امریکی جامعات کی تعداد 319 رہ گئی ہے۔ یہ تبدیلی چین کی مسلسل تحقیق اور تعلیمی سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔

چین کی معروف جامعات نے عالمی درجہ بندی میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں شنہوا یونیورسٹی سینتیسویں، پیکنگ یونیورسٹی چوالیسویں اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسزیونیورسٹی چھیالیسویں پوزیشن پر فائز ہوئی ہیں۔ یہ ترقی چین کی جانب سے تعلیمی شعبے میں بڑے پیمانے پر کی جانے و الیسرمایہ کاری کا واضح ثبوت ہے، جہاں حکومت نے جامعات کو جدید تحقیقی سہولیات اور بین الاقوامی تعاون کے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں۔

امریکی جامعات کے لیے حالیہ برسوں میں چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے، جہاں 83 فیصد امریکی اداروں کی درجہ بندی میں کمی دیکھی گئی ہے۔ اگرچہ ہارورڈ، ایم آئی ٹی اور سٹینفورڈ جیسی جامعات اب بھی عالمی ٹاپ 10 میں شامل ہیں، لیکن مالی کٹوتیوں اور تعلیمی پالیسیوں کے مسائل نے ان کی ترقی کو متاثر کیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ وفاقی امداد میں کمی اور بین الاقوامی طلبہ کے لیے سخت ویزہ پالیسیاں امریکی جامعات کی کار کردگی میں نمایاں گراوٹ کا سبب بن سکتی ہیں۔

چین کی تعلیمی کامیابیوں کے پیچھے حکومتی سطح پر مضبوط تعاون کارفرما ہے۔ چینی جامعات کو ملنے والی بھاری فنڈنگ نے نہ صرف تحقیقی معیار کو بلند کیا ہے بلکہ بین الاقوامی اساتذہ اور طلبہ کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

چین کی جامعات کی یہ ترقی ملکی سطح پر بلکہ عالمی تعلیمی نظام پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے۔ چین کی جانب سے تعلیمی شعبے میں کی جانے والی بڑی سرمایہ کاری اور جامعات کے معیار میں مسلسل بہتری نے اسے عالمی تعلیمی طاقت کے طور پر ابھرنے کا موقع دیا ہے۔ مستقبل قریب میں یہ رجحان جاری رہنے کی توقع ہے، جس سے عالمی تعلیمی منظر نامے میں ایک نئی تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

یہ سفر اور یہی کامیابیاں اچانک نہیں بلکہ چین کی جامعات نے گزشتہ چند دہائیوں میں تعلیم و تحقیق کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی ہے جسے اب عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ چینی جامعات نے خصوصاً سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور ریاضی کے شعبوں میں غیر معمولی پیشرفت کی ہے اور 2025 میں چین کی جامعات نے تحقیقی مقالوں کی اشاعت کے لحاظ سے امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ چینی حکومت کی جانب سے تعلیمی بجٹ میں مسلسل اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 2025 میں چین کی جامعات کو 50 ارب ڈالر سے زائد کی فنڈنگ فراہم کی گئی ہے جو تحقیق و ترقی کے نئے منصوبوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چین نے بین الاقوامی طلبہ کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے متعدد اسکالرشپس اور تعلیمی پروگرامز متعارف کرائے ہیں اور 2025 تک چین میں تقریباً 5 لاکھ بین الاقوامی طلبہ زیر تعلیم ہیں جو اسے دنیا کے اہم تعلیمی مراکز میں سے ایک بناتے ہیں۔

چین کی جامعات اور ملک کی ترقی کا مربوط نظام اسے ملک کے لئے انتہائی قابل قدر بناتا ہے۔ چینی جامعات نے صنعتی شعبے کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کیے ہیں جس کے نتیجے میں طلبہ کو جدید ترین تحقیقی سہولیات اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آرہے ہیں۔ مثال کے طور پر شینزین میں واقع ساؤتھ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر کے طلبہ کو عملی مہارتیں سکھانے کا ایک موثر نظام وضع کیا ہے۔ چین کی جامعات نے مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمپیوٹنگ، بائیو ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں اہم تحقیقی پیشرفت کی ہے جس نے نہ صرف ملکی ترقی میں مدد دی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

چین کی حکومت نے ڈبل ورلڈ کلاس پراجیکٹ کے تحت 42 جامعات کو عالمی معیار کے تعلیمی و تحقیقی ادارے بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ چینی جامعات کی کامیابیوں کا ایک اہم پہلو ان کی بین الاقوامی شراکت داریاں بھی ہیں جن کے تحت وہ دنیا بھر کی معروف یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ تحقیقی پروگرامز چلا رہی ہیں۔ مثال کے طور پر بیجنگ نارمل یونیورسٹی نے یورپ اور ایشیا کی متعدد جامعات کے ساتھ تعلیمی تبادلے کے پروگرامز شروع کیے ہیں جو طلبہ اور اساتذہ کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

چین کی جامعات نے آن لائن تعلیم کے شعبے میں بھی اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور 2025 میں چین کے ای لرننگ پلیٹ فارمز پر 10 کروڑ سے زائد طلبہ رجسٹرڈ ہیں جو دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل تعلیمی نیٹ ورک ہے۔ چین کی اعلیٰ تعلیمی کامیابیوں نے نہ صرف ملک کو ایک علمی معیشت میں تبدیل کیا ہے بلکہ اس نے عالمی سطح پر تعلیمی مسابقت کو بھی نئے مواقع فراہم کیے ہیں۔ چین کی جامعات کی ترقی کا یہ سفر جاری ہے اور آنے والے سالوں میں ان کے عالمی تعلیمی منظر نامے پر اور گہرے اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔

Facebook Comments HS