ہم اس دنیا کو جنت کیسے بنا سکتے ہیں؟
دنیا آج جس مقام پر کھڑی ہے، وہاں ایک طرف سائنس، ٹیکنالوجی، ترقی اور دولت کے حیرت انگیز مناظر ہیں تو دوسری طرف انسانیت، محبت، اخلاص اور امن کے بحران کی بدترین صورت حال بھی موجود ہے۔ معاشرتی بگاڑ، جھوٹ، لالچ، منافقت اور نفرتوں کا زہر ہمیں اندر ہی اندر کھوکھلا کر رہا ہے۔ ہم ترقی تو کر گئے مگر انسانیت کہیں پیچھے رہ گئی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کی جنت میں بدل سکتے ہیں؟ اس سوال کا جواب ہے : ہاں لیکن اس کے لیے صرف دعاؤں یا جذباتی نعروں سے کام نہیں چلے گا، ہمیں اپنے رویوں، ترجیحات اور کردار میں عملی تبدیلی لانی ہوگی۔
سب سے پہلا قدم نفرتوں کا خاتمہ ہے۔ ہمیں سیکھنا ہو گا کہ کسی سے اختلاف رکھ کر بھی اس سے محبت کی جا سکتی ہے اور اسے عزت دی جا سکتی ہے۔ معاشرہ تبھی پروان چڑھتا ہے جب لوگ ایک دوسرے کو برداشت کرتے ہیں، مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور رشتوں کو چھوٹی باتوں پر توڑنے کے بجائے نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ہمیں جھوٹ اور منافقت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ سچائی صرف فرد کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ جھوٹ وقتی فائدہ دے سکتا ہے مگر دیرپا بگاڑ پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح لالچ وہ ناسور ہے جو قناعت اور شکرگزاری کے خوبصورت جذبے کو ختم کر دیتا ہے اگر ہم قناعت پسند بن جائیں اور اللہ کا شکر ادا کریں تو دلوں میں سکون اتر آئے گا۔
ایک اور اہم قدم یہ ہے کہ ہم دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ جس قدر ہم دوسروں کی زندگی آسان بناتے ہیں، اللہ تعالیٰ اسی قدر ہماری زندگی آسان بنا دیتا ہے۔ یہ اصول نہ صرف انفرادی سطح پر کارگر ہے بلکہ ایک فلاحی معاشرے کی بنیاد بھی یہی ہے۔
ہمیں سیکھنا ہو گا کہ محبت بانٹنا کمزوری نہیں بلکہ اصل طاقت ہے۔ عزت دینا اپنی عزت بڑھانے کا ذریعہ ہے اور معاف کرنا نہ صرف دوسروں کے لیے بلکہ اپنے دل کے بوجھ کو ہلکا کرنے کا طریقہ ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ہمیں تعلیم، شعور اور روحانی تربیت پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ ایک باشعور، مہذب اور باکردار معاشرہ ہی امن، عدل اور برابری کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف ڈگریاں نہیں، اخلاق اور انسانیت بھی سکھانی ہوگی۔
صفائی، ماحول دوستی، اور قانون پسندی کو معمول کا حصہ بنانا ہو گا۔ جب ہر فرد خود کو ذمہ دار شہری سمجھے گا تو پھر یہ زمین امن، سکون اور محبت سے بھرپور ایک نئی دنیا کا نقشہ پیش کرے گی۔
آئیے، آج سے ہم سب عہد کریں :
ہم نفرت نہیں، محبت پھیلائیں گے۔
ہم سچ بولیں گے اور سچ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ہم چھوٹے دل نہیں رکھیں گے، بڑی باتوں پر خاموشی سے درگزر کریں گے۔
ہم لالچ نہیں، قناعت کو اپنائیں گے۔
ہم ایک دوسرے کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔
یاد رکھیں، جنت صرف آخرت کی نہیں یہ دنیا بھی جنت بن سکتی ہے اگر ہم خود کو بدلنے کا فیصلہ کر لیں۔

