پاکستانی سیاحوں کے لیے احتیاطی تدابیر اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت
حالیہ دنوں مین اور خاص طور پر جون کے مہینے میں خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں سیلابی ریلوں نے کم از کم 32 افراد کی جان لے لی ہے، جن میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا ایک خاندان بھی شامل تھا، جو سیلفی بنانے دریا سوات کے کافی اندر تک چلے گئے جبکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وہ دریا میں ہوٹل کی طرف سے لگائی گئی چارپائی پر بیٹھ کر کھانا کھانے دریا میں چلے گئے۔ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دریا میں پانی میں گھرے ہوئے تھے۔ اور امداد کے منتظر تھے۔ یہ واقعہ نہ صرف قدرتی آفات کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ سیاحوں کی حفاظت کے حوالے سے بھی اہم سوالات اٹھاتا ہے۔ پاکستان میں سیاحتی مقامات جیسے سوات، ناران، کاغان، مری اور نیلم ویلی سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ نہیں ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے شمالی علاقوں، خاص طور پر پہاڑی سلسلوں میں تباہ کن اثرات ڈال رہی ہے۔ دریا اور جھیلوں میں اضافی پانی کا بہاؤ، غیر متوقع بارشیں، اور مٹی کے تودے گرنا ان قدرتی آفات کے عوامل میں شامل ہیں جو سیاحوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کے سبب قدرتی آفات کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں سالانہ سیلابوں اور قدرتی آفات کے نتیجے میں معاشی، سماجی اور جسمانی نقصانات ہو رہے ہیں، جو حکومت، سیاحوں اور مقامی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ ان چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کا کردار بہت اہم ہے۔
پاکستان میں درختوں کی کمی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، جس کا نتیجہ موسمیاتی تبدیلیوں کی صورت میں نکل رہا ہے۔ درخت نہ صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں بلکہ سیلاب کی روک تھام، مٹی کے کٹاؤ کو روکنے، اور آبی وسائل کی حفاظت میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ شجرکاری اور سبزہ زاروں کی ترقی سے قدرتی آفات کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے، اور زمین کی زرعی صلاحیت بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔
سیاحوں کو چاہیے کہ وہ قدرتی مقامات پر درختوں کی حفاظت کریں اور ان جگہوں پر شجرکاری کی اہمیت کو سمجھیں۔ حکومت اور مقامی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ شجرکاری کے پروگرامز کو فروغ دیں اور جنگلات کی کٹائی کو روکیں تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچا جا سکے۔
ماحولیاتی کرمنالوجی پاکستان میں ایک نیا شعبہ ہے جو ماحولیاتی جرائم اور ان کے اثرات کا مطالعہ کرتا ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف قدرتی وسائل کے ناجائز استعمال کو روکتا ہے بلکہ ماحولیاتی آفات کے بڑھتے ہوئے اثرات کو سمجھنے اور ان کے تدارک کے لیے کام کرتا ہے۔
ماحولیاتی کرمنالوجی میں شامل امور
1۔ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور اس کے نتائج۔
2۔ پانی کی آلودگی اور اس کی وجہ سے انسانی صحت پر اثرات۔
3۔ فضائی آلودگی اور اس سے موسمیاتی تبدیلیوں میں اضافہ۔
4۔ قدرتی وسائل کا غیر ذمہ دارانہ استعمال اور ان کے اثرات۔
ماحولیاتی کرمنالوجی کا اہم کردار یہ ہے کہ یہ ان جرائم کو پکڑنے اور ان کی روک تھام کے لیے حکومت، مقامی اداروں اور سول سوسائٹی کے کردارکو اجاگر کرتا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف قانونی کارروائیاں کی بارے میں آگاہی دی جاتی ہے بلکہ عوام میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی بھی پیدا کی جاتی ہے
سیاحوں کے لیے حفاظتی تدابیر
سیاحوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ وہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
1۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سیلابی وارننگز اور الرٹس کو نظرانداز نہ کریں۔ اس سے آپ کو سیلاب کی شدت اور ممکنہ خطرات کا اندازہ ہو گا۔
2۔ دریاؤں، ندی نالوں اور جھیلوں کے قریب جانے سے گریز کریں، خاص طور پر بارشوں کے دوران۔ یہ مقامات سیلاب کی حالت میں انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔
3۔ مقامی افراد اور سیاحتی اداروں سے سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور ان کی رہنمائی پر عمل کریں۔
4۔ پانی، خشک راشن، فرسٹ ایڈ کٹ اور دیگر ضروری سامان اپنے ساتھ رکھیں تاکہ کسی ایمرجنسی کی حالت میں مدد آنے تک آپ زندہ رہ سکیں۔ اپنے ساتھ بچوں کے لیے گرم کپڑے اور دودھ ضرور رکھیں۔
5۔ موبائل فون کی بیٹری مکمل چارج رکھیں اور ایمرجنسی نمبروں کی فہرست تیار رکھیں تاکہ سیلابی صورتحال میں فوری طور پر مدد حاصل کی جا سکے۔
6۔ سفر سے قبل موسمی حالات اور سڑکوں کی صورتحال کا جائزہ لیں تاکہ کسی قسم کے غیر متوقع حادثات سے بچا جا سکے۔
7۔ گاڑی کے ایندھن کے ٹینک کو جلد از جلد بھرنے کی کوشش کریں اور اضافی ایندھن اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کریں۔
سیاحت ایک خوشگوار تجربہ ہے، لیکن قدرتی آفات کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ سیاحوں کی حفاظت کے لیے مقامی انتظامیہ، سیاحتی ادارے اور خود سیاحوں کو مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچاؤ کے لیے ماحولیاتی کرمنالوجی اور شجرکاری جیسے اقدامات ضروری ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف قدرتی آفات سے بچا جا سکتا ہے بلکہ ماحول کو بھی تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ یاد رکھیں، احتیاط علاج سے بہتر ہے۔
براہ کرم یاد رکھیں کہ آپ پاکستان میں ہیں جہاں ریسکیو کا مطلب آپ کی لاشیں ڈھونڈنا ہے آپ کو زندہ بچانا نہیں۔


