دبنگ وزیر اعلیٰ۔ علی امین خان گنڈاپور
خیبرپختونخوا کی سیاست میں اگر کسی شخصیت نے دبنگ انداز، جرات مندانہ فیصلوں اور بے مثال قیادت سے اپنی پہچان بنائی ہے تو وہ کوئی اور نہیں، علی امین خان گنڈاپور ہیں۔ موجودہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نہ صرف عمران خان کے قابل اعتماد سپاہی ہیں بلکہ وہ تحریک انصاف کے نظریاتی قافلے کے وہ علمبردار ہیں جو ہر طوفان کے آگے چٹان بن کر کھڑے نظر آتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کو مائنس کرنا اب مشکل نہیں بلکہ ناممکن بن چکا ہے۔ ان کی مضبوط عوامی جڑیں، مقبول سیاسی سٹائل اور پارٹی کے اندر مضبوط پوزیشن نے انہیں ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ عمران خان کی ان پر مکمل اعتماد کی مہر اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف ایک وفادار ساتھی ہیں بلکہ تحریک انصاف کے نظریے کے اصل محافظ بھی ہیں۔
ان کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت ایک نئی سمت کی طرف رواں دواں ہے۔ ساتھی ایم پی ایز کے ساتھ ان کا زبردست ورکنگ ریلیشن شپ قابلِ تحسین ہے۔ وہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، یہی وجہ ہے کہ کابینہ اور پارٹی کے اندر کوئی بڑا اختلاف دیکھنے میں نہیں آیا۔ ان کی ٹیم ورک اور مشاورتی طرزِ قیادت نے سیاسی استحکام کو یقینی بنایا ہے۔
علی امین گنڈاپور دن رات صوبے کی ترقی کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ ان کا فوکس صرف شہروں تک محدود نہیں بلکہ وہ کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ چاہے جنوبی اضلاع کی بات ہو یا قبائلی اضلاع کی، گنڈاپور کا ویژن واضح ہے : ”ترقی کا حق ہر علاقے کو یکساں ملنا چاہیے۔“
ان کے فیصلے جرات مندانہ، بیانات دبنگ اور حکومتی انداز متحرک نظر آتا ہے۔ وہ روایتی سیاست سے ہٹ کر کچھ نیا، کچھ بہتر کرنے کی تگ و دو میں ہیں۔ یہی وہ طرزِ قیادت ہے جو خیبرپختونخوا کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتی ہے۔
بلاشبہ، علی امین خان گنڈاپور موجودہ سیاسی منظرنامے کے وہ کردار ہیں جن پر نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ تحریک انصاف کی مستقبل کی سیاست کا انحصار ہے۔

