گرین زمین: پائیدار مستقبل کی ضمانت


یقین جانیے! موسمیاتی تبدیلیوں کی خطرناک صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم آئندہ نسل کی بقا اور خوشحالی کے لئے کئی برسوں سے فکرمند چلے آتے ہیں مگر سالِ رواں میں موسم کی کر و ٹؤں نے تو دل و دماغ میں فکروں کے ڈیرے ہی جما ڈالے ہیں۔ ہمارے دل میں آنے والی نسلوں کے پائیدار مستقبل کے لئے گہرا درد ہے۔

عصرِ حاضر میں انسانیت کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ماحولیاتی بگاڑ اور موسمیاتی تغیرات ہیں، جنہوں نے کرۂ ارض کے قدرتی نظام کو ایک خطرناک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے۔ یہ محض کوئی سائنسی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جو ہمارے سیارے کے ہر کونے اور ہر جاندار کو متاثر کر رہی ہے۔ گلیشیئرز کا پگھلنا، سمندروں کی سطح میں اضافہ، بے وقت بارشیں، شدید گرمی کی لہریں، اور قدرتی آفات میں اضافہ، یہ سب اس بگڑتی ہوئی صورتحال کی واضح نشانیاں ہیں۔ اگرچہ یہ مسائل عالمی نوعیت کے ہیں، لیکن ان کے اثرات پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کیے جا رہے ہیں، جہاں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیتیں محدود ہیں۔ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں، بلکہ اس بات کو سمجھنے کا ہے کہ ہماری نسلوں کا مستقبل اس بات سے جڑا ہے کہ ہم اپنی دھرتی اور اس کے ماحول کو کس حد تک محفوظ رکھ پاتے ہیں۔

آج کی دنیا کو جہاں نت نئی سائنسی ایجادات اور ٹیکنالوجی کی ترقی حاصل ہے، وہیں اسے ماحولیاتی بگاڑ، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کی بے تحاشا کمی جیسے سنگین چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ پاکستان، جو جغرافیائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات سے دوچار ہے، ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اسی کوشش کا ایک اہم حصہ ”گرین زمین“ کا تصور ہے، جو صرف شجرکاری تک محدود نہیں بلکہ پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کا ایک جامع وژن پیش کرتا ہے۔ اس وژن کو سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشیٹو یعنی (سی پی ڈی آئی) نے متعارف کروایا ہے۔

درج ذیل خیالات کو سپرد قلم کرنے کی تحریک اسی تنظیم کے لاہور میں منعقدہ ایک اجلاس سے ملی جہاں توانائی کے متبادل ذرائع کو کارآمد بنانے پر گفتگو ہوئی۔

گرین زمین۔ ایک ایسا بیانیہ ہے جو ماحول دوست طرزِ زندگی، پائیدار معیشت اور ماحولیاتی ذمہ داری کو فروغ دیتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہم اپنے قدرتی وسائل کو اس طرح استعمال کریں کہ موجودہ نسلوں کی ضروریات بھی پوری ہوں اور مستقبل کی نسلوں کے لیے بھی انہیں محفوظ رکھا جا سکے۔

جنگلات کا تحفظ، پانی کے ذخائر کا موثر انتظام، فضائی آبی آلودگی میں کمی اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ اس تصور کے بنیادی ستون ہیں۔ دھرتی کو سرسبز و شاداب رکھنے کی یہ کاوش قابلِ تحسین ہے۔

گرین زمین ”ایک ایسی معیشت کی وکالت کرتی ہے جو ماحولیاتی خطرات کو کم سے کم کرے اور وسائل کے ضیاع کو روکے۔ اس میں قابل تجدید توانائی (شمسی، بادی) ، ماحول دوست صنعتوں، اور پائیدار زرعی طریقوں کو اپنانا شامل ہے۔ اس سے نہ صرف ماحول بہتر ہوتا ہے بلکہ نئے معاشی مواقع اور روزگار کے ذرائع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ اس خیال میں پاکستان کو سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی جیسی قدرتی آفات کا سامنا ہے۔ لہٰذا موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے (جیسے کاربن کے اخراج میں کمی) اور ان سے مطابقت پیدا کرنے (جیسے مضبوط انفراسٹرکچر کی تعمیر) پر زور دیا گیا ہے۔

گرین زمین کا ایک اہم مقصد فوسل فیول سے قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی کو فروغ دینا ہے۔ وہ یہ بھی یقینی بناتے ہیں کہ یہ منتقلی سماجی طور پر منصفانہ ہو، یعنی کسی بھی طبقے، خاص طور پر غریب اور کمزور کمیونٹیز، پر اس کے منفی اثرات نہ پڑیں۔

گرین زمین صرف ایک ماحولیاتی منصوبہ نہیں بلکہ ایک قومی ضرورت ہے اور سی پی ڈی آئی جیسے اداروں کی کاوشیں اس سمت میں ایک امید افزا قدم ہیں۔ ایک سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک پاکستان، جہاں قدرتی وسائل کا تحفظ ہو اور ہر شہری کو صحت مند ماحول میسر ہو، یہ ہمارے بچوں کے لیے ایک پائیدار اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اس وژن کو حقیقت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور ”گرین زمین“ کی آبیاری کریں۔

Facebook Comments HS