نرگس فخری یا عالمی ریکارڈ یافتہ ممتاز پاکستانی سائنسدان مسٹر نیازی


محترمہ لبوب نعمت اصفہانی صاحبہ کا بلاگ آپ نرگس فخری کے بارے میں کیا جانتے ہیں نظر سے گزرا۔ مرزا اسد اللہ خان غالب بے طرح یاد آئے۔ خامہ انگشت بدنداں کہ اسے کیا لکھیے۔ ناطقہ سر بہ گریبان بہ گریباں کہ اسے کیا لکھیے۔ یہ سوال پوچھنے کی وجہ نہیں ہے کہ فاضل مصنفہ نے نرگس فخری کے بارے میں لکھنا کیوں مناسب سمجھا۔ ممکن ہے نرگس فخری کے جسمانی اعداد و شمار یا اس کے سگریٹ پینے میں کسی کو دلچسپی ہو۔ ہم آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں۔ کوئی علامہ طاہر اشرفی صاحب کے ویسٹ پر خیالی فیتہ تان کر ان کا سائز لکھے ہمیں اعتراض نہیں۔ کوئی نرگس فخری جسمانی خدوخال لکھے ہمیں کیا۔ نظیر نے لکھا تھا ’ ہم اشک غم ہیں اگر تھم رہے رہے نہ رہے‘۔ ہمیں متاثر فاضل مصنفہ کے طرز تحریر نے کیا۔ بہت عرصے سے سوچ رہے تھے کہ عظیم لیڈر، دیالو انسان، ممتاز سائنسدان اور عالمی ریکارڈ یافتہ ڈاکٹر صاحب محترم محمد معظم محمود خان نیازی کا خاکہ لکھیں۔ سچ پوچھیں تو ہمت نہیں ہو رہی تھی کہ کس بحر میں تحریر کریں۔ محترمہ لبوب نعمت اصفہانی صاحبہ نے یہ مشکل آسان کر دی۔ ڈاکٹر صاحب، ٹھہریے! کیا خوش کن گھڑی ہے۔ کس نابغہ روزگار ہستی کا ذکر چھڑ گیا۔ بے طرح فیض کی یاد آئی۔ جیسے ویرانے میں چپکے سے بہار آجائے۔ جیسے صحراوں میں ہولے سے چلے باد نسیم۔ جیسے بیمار کو بے وجہ قرار آجائے۔

حقیقی نام: ڈاکٹر محمد معظم محمود خان نیازی
تاریخ پیدائش: ڈاکٹر صاحب بتانا پسند نہیں کرتے۔
والد ین: پاکستانی
قومیت: پاکستانی
قد: چھ فٹ
وزن: 55کلوگرام
جسمانی اعداد و شمار: ویسٹ ہی بتائی جا سکتی ہے جو 34 انچ ہے۔
آنکھوں کا رنگ : سیاہ
بالوں کا رنگ: سیاہ گھنی اور لمبی زلفیں
مونچھوں کا طرز: افغانستان اور کوئٹہ میں اس طرز کو خلقی کٹ کہا جاتا ہے۔
تعلیمی ادارے: لاتعداد
تعلیمی اہلیت: بے شمار، زبردست، شاندار، زندہ باد
مشاغل: صحت، سیاست، خدمت
ازدواجی حیثیت: غیر شادی شدہ
پسندیدہ اداکار: آپ اپنی ذات میں انجمن ہیں
پسندیدہ اداکارہ: بہت ساری
دوستی: ابو علیحہ
کیا ڈاکٹر صاحب سگریٹ پیتے ہیں: نہیں
کیا ڈاکٹرصاحب شراب پیتے ہیں: نہیں

ڈاکٹر صاحب پاکستان امن لیگ کے چیئرمین ہیں۔ ڈاکٹر صاحب اس ملک کے اگلے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔ سیاست کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر صاحب خدمت خلق کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب بھگت سنگھ کے لائل پور اور رانا ثنا اللہ کے شہر فیصل آباد میں 45 ایکٹر رقبہ پر محیط پانچ ہزار بیڈرومز( بیڈ نہیں بیڈ رومز۔ ڈاکٹر صاحب اشتہار میں یہی مذکور ہے) پر مشتمل دنیا کا پہلا انٹرنیشنل معیار کا ہسپتال بنانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کے مطابق، ’ اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد پوری قوم کا کوئی غریب فرد اس لئے موت کا شکار نہیں ہو گا کہ اس کے پاس معیاری علاج کے لئے پیسے نہ تھے اور کوئی امیر فرد اس لئے دوسرے ملک میں علاج کے لئے نہیں جائے گا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل میعاری علاج کروانے کا کوئی ہسپتال نہیں ہے‘۔

ڈاکٹر صاحب نے وزیراعظم بننے کے بعد وعدہ کیا ہے کہ عوام کو چینی اور پیٹرول مفت فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر صاحب عالمی ریکارڈ ریافتہ سائنسدان ہیں۔ اس بارے میں وہ فرماتے ہیں کہ ’ دنیائے میڈیکل کا عظیم ستارہ ڈاکٹر معظم محمود خان نیازی جس نے 35 ممالک کے سائنسدان ڈاکٹرز کی موجودگی میں پاکستان کو دوسری پوزیشن لے کر دی اور وزن کم کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جس نے ابھی تک شادی نہیں کی‘۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم جناب شوکت عزیز صاحب سے ڈاکٹر صاحب کے دوستانہ مراسم ہیں۔ ثبوت کے لئے تصویر لف ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے مخالفین اس پر فوٹو شاپڈ ہونے کا گمراہ کن الزام لگاتے ہیں مگر ہم یہ درست نہیں ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے بقول وہ نشان امتیاز کے ساتھ پرائڈ آف پرفارمنس بھی ہیں۔

حقیقت یہ ہے ڈاکٹر صاحب کی شخصیت کا احاطہ کرنے کے لئے ایک کالم کا دامن بہت تنگ ہے۔ سچ یہ بھی ہے کہ محترمہ لبوب نعمت اصفہانی صاحبہ اگر نرگس فخری پر ایسا شاہکار کالم نہ لکھتیں تو آپ احباب ڈاکٹر صاحب کو جاننے سے محروم رہ جاتے۔ اب احباب کی مرضی ہے چاہیں تو نرگس فخری صاحبہ کی رنگت اور جسمانی خدوخال پر غور فکر کریں یا پھر عظیم سائنسدان ڈاکٹر محمد معظم محمود خان نیازی کی سحر انگیز شخصیت میں کھو جائیں۔


اسی بارے میں

آپ نرگس فخری کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟ 

ظفر اللہ خان
Latest posts by ظفر اللہ خان (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ظفر اللہ خان

ظفر اللہ خان، ید بیضا کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ زیادہ تر عمرانیات اور سیاست پر خامہ فرسائی کرتے ہیں۔ خیبر پختونخواہ، فاٹا، بلوچستان اور سرحد کے اس پار لکھا نوشتہ انہیں صاف دکھتا ہے۔ دھیمے سر میں مشکل سے مشکل راگ کا الاپ ان کی خوبی ہے!

zafarullah has 186 posts and counting.See all posts by zafarullah

1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments