قطر امریکہ سے ایف 15 طیارے خریدے گا


قطر نے ایف 15 طیارے خریدنے کے لیے امریکہ کے ساتھ 12 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔یہ معاہدہ واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع جم میٹس اور ان کے قطری ہم منصب کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا ہے۔ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سب سے بڑے اتحادی ملک قطر پر ’بڑے پیمانے پر شدت پسندوں کی فنڈنگ‘ کرنے کا الزام لگایا جسے قطر نے مسترد کر دیا ہے۔ دوسری جانب دیگر خلیجی ممالک پہلے ہی قطر پر ایران کے ساتھ تعلقات اور شدت پسند گروہوں کی مبینہ مدد کرتے ہوئےخطے کو غیر مستحکم کرنے کے الزام کے بعد تعلقات منقطع کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ مشرق وسطی میں امریکہ کا سب سے بڑا ایئر بیس العدید قطر میں ہی موجود ہے۔ اس ایئر بیس پر تقریباً دس ہزار فوجی اہلکار موجود رہتے ہیں اور یہ بیس شام اور عراق میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کے الفاظ امریکی محکمہ دفاع کے بیان سے بالکل ہی مختلف ہے جس میں انھوں نے ’علاقائی سکیورٹی کی جانب قطر کی خدمات‘ کو سراہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے روئٹرز کے مطابق ایک قطری عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’لڑاکا طیاروں کا معاہدہ اس بات کی دلیل ہے کہ امریکی ادارے ہمارے ساتھ ہیں اور ہم نے اس پر کبھی شک نہیں کیا۔‘

نام نہ بتاتے ہوئے اس عہدیدار نے کہا کہ ’ہماری افواج بھائیوں جیسی ہیں۔ قطر ے لیے امریکی حمایت انتہائی گہری ہے اور اس پر سیاسی تبدیلیاں کر کے آسانی کے ساتھ اثر انداز نہیں ہوا جا سکتا۔‘ قطر کی وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق قطر 36 طیارے خرید رہا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں امریکہ نے سعودی ارب کو سو ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32509 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp